
احسن اختر
عمران یہ کیا کرگئے؟ کیا ہی اچھا ہوتا عمران خان گارڈین کو انٹرویو نہیں دیتے۔وہ کیسے بھی ہیں ان کا نام اب
پاکستان سے جڑا ہے۔وہ ہمارے وطن کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں۔
قوم کا بڑا حصہ دائیں اوربائیں دونوں فکر کےلوگ ان کے ہمنوا ہیں۔ 2018 میں اور اس کے بعد تمام ضمنی انتخابات میں قوم نے ان کو جھولیاں بھر کے ووٹ دیے۔آ ج بھی لوگ ان سے اتنا پیار کرتے ہیں کہ ان کی ہرمنفی بات کو مثبت رنگ دے دیتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ماں باپ کو اپنے بچے کی ہرادا چاہے وہ کتنی غلط ہو پیاری لگتی ہے۔اسی طرح ان کےچاہنے والےان کی ہر ادا پر مرتے ہیں، لیکن ہمیشہ عمران اپنی ہی زبان کے ہاتھوں نقصان اٹھاتے رہے ہیں۔
انہوں نےاپنی تقاریرمیں عامیانہ زبان استعمال کر کےاپنےچاہنے والوں کوضرورخوش کیا، لیکن وہ مخالف لیڈروں کو اپنی تقاریر میں" تو تڑاخ " اور ابے تبے کی زبان استعمال کرکےنظریاتی اور سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی بنا گئے۔ان جماعتوں کے کارکنان اوران کی جماعت کے کارکن بھی آ پس میں جانی دشمن کا ساسلوک کرتے ہیں۔ روز سوشل میڈیا پردونوں ہی اطراف سےنازیبا ویڈیو تصاویر اور پوسٹوں کا اجراہوتا ہے۔مولانا فضل الرحمان سے اختلاف اور بدزبانی ان کے کارکنوں کےلئے بھی علما کےتمسخر کا دروازے کھول گئی ہے ۔
فوج کے ادارے کے خلاف غلط زبان کا استعمال ان کے کارکنوں کےلئےحوصلےکا باعث ہوا کہ اب ہر کارکن سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف غلط یا صحیح طوررطب اللسان ہے۔ گارڈین کو انٹرویو میں جب عمران سے دریافت کیا گیا کہ وہ سلمان رشدی پرحملے کو کیسے دیکھتے ہیں؟ تو ان کا دو ٹوک جواب یہ تھا کہ "رشدی کے خلاف مسلمانوں کا غم و غصہ سمجھ میں آ تاہے، لیکن حملےکا جواز نہیں بنتا" انہوں نےکہا" میرے خیال میں یہ خوفناک ، افسوسناک ہے" انہوں نے یہ بھی کہا " سلمان رشدی کی کتاب میں گستاخیوں پرامت مسلمہ کو گہری تشویش ہے،مجھ کو اس کا بخوبی اندازہ ہے،لیکن سلمان رشدی پر حملہ افسوسناک ہے"
ان کے انٹرویو کی اشاعت کے بعد ان کےناقدین ان پرتنقید اور ان کےمحبان ان کی صفائیاں پیش کرنے لگے، خود عمران نےصحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے دس سال پرانی بات کا تذکرہ کیا کہ کے انڈیا میں ایک کانفرنس جس میں سلمان رشدی بھی مدعوتھا گو کہ دونوں کا سیشن الگ تھا لیکن اس کو مدعو کرنے پرعمران نے اس کانفرنس میں شرکت نہ کی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاوہ اس وقت دبئی میں تھے اور انڈیا سے ان کے لئے ڈائریکٹ جہاز بھیجنے کی آفر بھی کی گئی۔
انہوں نے صحافیوں سےگفتگو کے دوران لاہورمیں سری لنکن فیکٹری مینجرکے بہیمانہ قتل کا ذکر کرتے ہوئے سلمان رشدی پرحملے کو اس واقعے سے جوڑنے کی کوشش کی، حالانکہ سری لنکن مینیجرکا قتل بہیمانہ ، ظلم اور غلط ہونے کے باوجود سلمان رشدی سےمختلف تھا۔سلمان رشدی نے گستاخی رسول پرمبنی کتاب لکھی اور پھراس کو باحفاظت مغرب اپنےپروں میں چھپا کرلےگیا، اور اب تک اس کی سیکیورٹی پر کسی ملک کے سربراہ جیسا پروٹوکول دیا جاتا رہا۔
سری لنکن مینیجر پر ہجوم کا حملہ اسی طورکاتھاکہ جیسےپنجاب میں پہلے بھی دوحافظ قرآن بچوں پر چوری کا جھوٹا الزام لگا کر لوگوں نے دونوں پر تشدد کر کے جاں بحق کر دیا۔ ایسا کسی صورت میں بھی جائز نہیں۔مسلمانوں کا موقف یہی ہے کہ ہرمذہب کی برگزیدہ ہستیوں کے خلاف دشنام طرازی غلط ہے۔ ہرنبی کی عزت فرض ہے، یہی عقیدہ ہے۔
مغرب کی سلمان رشدی کی حفاظت کا عمل اظہاررائےکی آزادی کے نام پر تھا، لیکن یہی مغرب " ہولو کاسٹ " کے نام پر کوئی حقیقت بیان کرنے کو سزاوار سمجھتا ہے، یہاں ان کی اظہار رائے کی آزادی غائب ہو جاتی ہے، گارڈین اخبار نے عمران خان کو یہ کہ کر سراہا کہ ان کے علاوہ خطے کے اور مسلم رہنماؤں نے اس معاملے پر تبصرے سے گریز کیا۔عمران خان کے چاہنے والے بھی سوشل میڈیا پر یہی کہتے رہے کہ عمران کی بہادری ہے کہ انہوں نے اپنے موقف کو دنیا کے سامنے ببانگ دہل بیان کیا اور رہنما تو خاموش ہی رہے۔
عمران کے بیان نے خود ان کے لئے اور ان کے ہمدردوں کے لئے ایک مشکل صورتحال پیدا کردی ہے، یہ حقیقت ہے کہ چند فی صد روشن خیال ، لبرلز اس حملے سے تشویش کا اسی طرح شکار ہیں جیسے غیر مسلم اقوام، لیکن عمومی طور پر اسلامی دنیا کے اندراس واقعہ کےبعد خوشگوار حیرت پیدا ہوئی۔ کہ " ایسی چنگاری بھی یارب ہمارے خاکستر میں ہے؟
مہدی معطر جنہوں نے رشدی پر حملہ کیا اور اب گرفتار ہیں ہر مسلمان کے لئیے ایک ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں، مہدی کے حملے کی مذمت سے جناب عمران خان نے مغرب کو اپنے روشن خیال اور مغربی ہم خیالی کا ثبوت دیا ہے، اب انٹرویو کے بعد عمران کہتے ہیں کہ گارڈین نے ان کی بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا, لیکن ان کی طرف سے اب تک گارڈین اخبارسے کوئی احتجاج نوٹ نہیں ہوا۔نہ ہی انہوں نےگارڈین کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی کا کہا۔ یہ صورتحال خود عمران خان اور ان کی جماعت کومشکل سمت لے کرجارہی ہے.
اب شہباز گل کافوج کےخلاف بیان اورگرفتاری اورپھرعمران خان کا پولیس اور عدلیہ پر دھمکیوں پر ان کے خلاف مقدمہ ان کے لئے اور ان کی جماعت کے لئےخطرے کی گھنٹی ہے۔ان حالات میں پاکستانی سابق وزیراعظم کے انٹرویو کی باز گشت مسلم امہ میں پاکستان کے لئےمنفی ایمیج کو بڑھاوا دےرہی ہے۔
پاکستان واحد ایٹمی طاقت ہونے کےلحاظ سے پوری مسلم امہ کےلئے قائد کی حیثیت رکھتا ہے۔ہر حساس دل مسلم جس کا تعلق کسی بھی اسلامی ملک سےہو پاکستان کی جانب سے اسلامی امنگوں کے مطابق ہی موقف چاہتا ہے۔اس کے بڑے رہنما کاایسا موقف جس کی اسلامی بنیادی تعلیمات سے روگردانی ہوتی نظرآئے پاکستان کی عزت میں کمی کا باعث ہے ۔
میرےخیال میں اگرعمران اس انٹرویو میں قابل اعتراض باتوں پر سرعام اللّٰہ سے معافی مانگ لیتےتو یہ ان کی مستقبل کی سیاست اور ان کی عاقبت کےلئے زیادہ بہتر ہوتا۔ اللّٰہ مسلم امہ، پاک وطن،اور ہمارے ایمان کی حفاظت فرمائے۔
نوٹ :ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































