
احسن اختر
چوبیس برس کیا عمر ہوتی ہے،کیریئر بنانے کی جستجو، ہنسنے بولنے کی عمر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایسےمیں کوئی کسی مقصد کوچنے، نیک نیتی کے ساتھ اس جدوجہد می شامل ہوکراپنے ترقی یافتہ ملک کی چکا چوند کرتی پرآسا ئش معاشرت کو چھوڑ چھاڑ ، پس ماندہ اورظلم وستم کی ماری دنیا میں جا بسے اوران ظلم کے ماروں کے لئے آوازاٹھائے۔ظلم سہے اورخود ہی موت کا جام نوش کر لے۔
یہ کہانی ہے امریکہ ( واشنگٹن) کی ایک لڑکی ریچل کوری کی جوامریکی حکومت اور عیسائیت کی اسرائیل نوازی کے باوجود نہتے فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑی ہوئی اورمقبوضہ فلسطین کے علاقے رفاہ میں یہودی بلڈوزر کے سامنے کھڑی ہوگئی، جو مقامی لوگوں کے قانونی گھر مسمار کر رہا تھا ۔جرمنی کے آ مر ہٹلر پر الزام لگایا گیا کہ اس نے جنگ عظیم کے دوران یہودیوں پر ظلم کئے،ان کا قتل عام کیا، ہٹلر کے یہود پر مظالم کو ہولوکاسٹ کا نام دیا گیا۔
اقوام متحدہ اور برطانیہ وامریکہ نے اس قتل عام کو بنیاد بنا کرفلسطین کی زمین پریہودیوں کا قبضہ کرادیا،جرمنی کے عیسائیوں کے جرم کے سزاوار فلسطینیوں کوٹھہرایا گیا۔ صیہونی ریاست نے پوری دنیا کے یہودیوں کو مقبوضہ فلسطین میں آ باد کرنا شروع کردیا اور ظلم وستم کر کے ایک تہائی فلسطینیوں کو ملک سے نکال باہر کیا۔بچ جانے والے لوگوں پر بھی ظلم وجبر کا ہر وارکرکےان کی زندگی قید کی زندگی بنا دی گئی۔دنیا بھر کے صیہونیوں کو بسانے کے لئے ہزاروں گھر بنائےگئے جن کے لئے عربوں کے گھر بلڈوزر کر کے ان کو بے گھر کیا جاتا ہے ، یہ سلسلہ تا حال جاری اوراقوام متحدہ کی نظروں اور امریکہ و برطانوی انسانی حقوق کے تحفظ کی گردان سے اوجھل ہے۔
ریچل کوری واشنگٹن ،امریکہ میں 10 اپریل 1979 کوپیدا ہوئیں۔تعلیم کےدوران ہی وہ انسانی حقوق کےایک گروپ سے وابستہ ہو گئیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی پامالی کے سب سے بڑے شکار فلسطین کو اپنی جدو جہد کے لئے منتخب کیا، وہ مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کےخلاف عملی احتجاج میں شریک ہوتیں، 16 مارچ 2003 کو اسرائیلی فوج نےفلسطینی آبادی پردرجنوں بلڈوزروں اورفوجیوں کے ہمراہ حملہ کیا اور گھروں کو مسمار کرنا شروع کیا،
ریچل کوری اور ان کے ساتھی نارنجی رنگ کی جیکٹ ملبوس کئے.ہاتھ میں میگا فون پر نعرہ زن اس ظلم کو روکنے کی اپنی سی کوششیں کرتے رہے، ریچل کوری بھی وہاں بلڈوزر کےعین سامنے کھڑی چیخ چیخ کر اس عمل کو روکنے کے نعرے لگاتی رہیں ، اسرائیلی بلڈوزر ڈرائیور نے ان کے اوپر بلڈوزرچڑھا دیا وہ شدید زخمی ہوگئیں ، اس ڈرائیور نے ان کو ہر صورت میں قتل کرنےکےلئے ریورس کر کےدوبارہ بلڈوزر چڑھا دیا، ریچل کوری موقع پر ہی جاں کی بازی ہار گئیں۔
وقت وفات ان کی عمر 24 برس تھی۔ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں نے ان کی یاد میں ریچل کوری فاؤنڈیشن بنائی جو ان کی موت کے بعد بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کےخلاف اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ریچل کوری کی موت کے بعد امریکہ کا اصل چہرہ بےنقاب ہوا کہ وہ یہود کے خلاف بولنے والے اپنے شہری کی موت سے بھی لاتعلق رہا، ان کی مظلومانہ موت پر امریکہ کےانسانی حقوق کےعلمبردار بھی خاموش رہے۔
اقوام متحدہ بھی ان کی مظلومانہ موت کی وجہ عربوں کےگھروں کی ناجائز مسماری روکنے میں اب تک ناکام ہے۔یہودی ریاست اسرائیل کا گھٹیا انصاف بھی دنیا کےسامنے واضح ہوا کہ 28 اگست2012 کو اسرائیلی عدالت نے قاتل اسرائیلی فوجی کو بری کر دیا اوراس کا موقف قبول کیا کہ اس نےریچل کوری کودیکھا نہ تھا حالانکہ ریچل کوری میگا فون بھی ہاتھ میں لئے نعرے لگا رہی تھیں اور انہوں نے نارنجی جیکٹ بھی زیب تن کی تھی جو اپنے چمک دار رنگ سے نمایاں نظر آ تی تھی،اسرائیلی فوجی ریورس کر کےدوبارہ کچلنے کا کوئی جواب نہیں دے سکا۔
ریچل کوری کی المناک موت ہمارے نوجوانوں کےلئے ایک سوال ہےکہ ہم اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے لئے اپنی آنکھوں کو بند کئے بیٹھے ہیں۔۔۔۔۔۔ ہم کو قبلہ اول کی پکارسنائی نہیں دیتی۔۔۔۔۔۔۔ ہمارا زندگی کا مقصد اپنا زاتی کیرئیر ہے، وہ بھی ہم نہیں بنا پاتے کیونکہ ہم اپنی اصل راہ سےہٹ چکے ہیں۔۔۔۔۔۔
ہماری اصل راہ حضرت خالد بن ولید، حضرت امام حسین ، طارق بن زیاد،محمد بن قاسم کی راہ تھی ،اس راہ پر ہمارے لئے دین اور دنیا تھی۔۔۔۔۔۔ہم اصل رستہ بھول گئےاب ہمارے لئے کچھ بھی نہیں۔



































