
احسن اختر
پاکستان میں سیلاب کی تباہی کی زمہ داری موسمیاتی تبدیلی کی وجہ قراردی جارہی ہے۔اس کا زمہ دارامریکہ ،چین اور یوروپی یونین کوقرار دیا جا رہا ہے کہ
صنعتی ترقی کی وجہ سے ان ممالک سے آلودگی پیدا ہوتی ہےجس کی وجہ سے فضا میں ماحول دوست اوزون تہ ختم ہوتی جاتی ہے۔ نتیجتاً موسم تبدیل ہو جاتا ہے۔شدید گرمی اور شدید سردیاور زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔
پاکستان میں برسات کے بعد پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے نے جوتباہی مچائی اس کی وجہ صرف قدرت کو اورموسمیاتی تبدیلی کے زمہ دار ممالک کو قرار نہیں دیا جاسکتا۔بلکہ ہماری گزشتہ تمام حکومتوں کی نا اہلی بھی ہے کہ وہ برساتی پانی کے ذخیرہ کرنے کے لئے نئے ڈیم نہ بنا سکیں۔تمام وہ علاقے میں جہاں جانی و مالی نقصانات ہوئے وہاں برساتی پانی کی گذرگاہوں پر تعمیرات اور آ بادیاں بسا دی گئیں ، قدرت کو علم تھا کہ اس خطے میں پہاڑوں سے بہتا پانی آ تا رہے گا لہذا قدرت نے دنیا کا تیسرا بڑا دریا سندھ اور دیگر دریا اس خطے کو عطا کئے۔برصغیر پر حکومت کرنے والے مغل اور انگریز حکمرانوں نے ان دریاؤں سے نہریں نکالیں اور اس پانی سے دنیا کو درکار گندم کا نصف حصہ پیدا کیا۔
انگریز کے جانے کے بعد پڑوسی ملک بھارت نے نئےڈیم بنائے،نہروں کاجال بچھایا، چین نےدنیا کے سب سےبڑے ڈیم بنائے اوراس پانی کی بدولت کم خرچ بجلی پیدا کی اور صنعت میں اپنا لوہا منوایا ۔
ہمارے دو تہائی اکثریت سے منتخب ہونے والےحکمران نوازشریف صاحب نےپانی کے ذخیرہ کرنے کےبجائےموٹر وے بنانےپر توجہ دی۔مشرف صاحب کی فوجی حکومت نے بے اندازہ ڈالرز امریکہ کی خدمات کے عوض اپنے لوگوں کو امریکہ کے حوالے کر کے کمائے لیکن پانی کی اسٹوریج پر کام نہ ہوا۔
عمران خان صاحب سکھوں کو خوش کرنے کے لئےساڑھے تین سال تک کرتارپور راہداری بناتےرہے پانی ان کی بھی ترجیح نہ رہا۔عدالت دنیا اور عوام سے ڈیم فنڈ لیتی رہی لیکن پانی سےانصاف نہ ہو سکا۔پاکستان کے دیہی علاقے ہوں یا شہری سب ہی علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے راستے میں رکاوٹ پیدا کی گئی اور نقصانات کی صورت میں حکومت اورافسر شاہی بیرونی امداد کے لئے کاسہ لیس رہی۔ امداد ملنے کی صورت میں زیادہ تر حصہ آ پس میں ہی بانٹ لیا جاتا رہا۔اب بھی وزیراعظم صاحب دنیا سے امداد کے لئے سرگرداں ہیں۔نہروں کی اپ گریڈنگ کے لئے کوئی کام نہیں ہوئے اور بجٹ میں مختص رقومات کاغذوں میں خرچ ہوتی رہیں۔
موجودہ سیلابی تباہی کے بعد اب شدید سردی اورپھر شدید گرمی کا موسم بھی یقینی دکھائی دیتا ہےشدید گرمی کےنقصانات سیلابی ریلے سے بھی زیادہ ہوں گے ، پانی جیسی دولت کا گرمیوں کے موسم میں نفع اٹھانا ہی دانشمندی تھی لیکن ہم نےاس کو ضائع کردیا۔
صوبہ اور وفاقی حکومت کو قوانین بنانے ہوں گےکہ کم از کم شہری علاقوں میں کوئی بھی تعمیراتی پروجیکٹ اس وقت تک منظور نہ کیا جائے جب تک برساتی پانی کی اسٹوریج کا اس پروجیکٹ میں انتظام نہ ہو۔مقامی بلدیاتی ادارے اپنے حدود میں برساتی پانی کی زیر زمین زخیرہ کے انتظامات اب سے ہی شروع کر دیں اس حوالے سے قوانین کی ضرورت ہےلیکن ہماری حکومت اور اپوزیشن کا زور ٹرانس جینڈر ایکٹ پر ہے۔، ہماری حکومتوں کو اب سے ہی آ نے والی موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کو فوائد میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ کیا عمران ،زرداری،اور شہباز شریف جیسے حکمران کبھی ملکی مفاد کو ترجیح دینے والے اقدامات اٹھا پائے ہیں جو اب کچھ خیر۔ کا کام کر سکیں۔یہ بھی ایک سوال ہے جس کا جواب نفی میں ہے۔۔۔۔۔۔ملک کو ایک ایسی قیادت درکار ہے جو غزوہ خندق کی طرح پیٹ پر دو پتھر باندھ کر خود عوام کے ساتھ جدو جہد کرے عوام بخوشی اپنے پیٹ پر ایک پتھر باندھنے کو تیار ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : ایڈیٹرکا بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو)



































