
احسن اختر
نوازشریف صاحب مقبولیت کی معراج پرتھے۔عوام ،تاجر اور صنعت کارخوش تھےکہ اب ایک صنعت کاروزیراعظم آیا ہےجو ملکی معیشت کی ترقی کا باعث
ہوگا۔ نواز شریف نے ایک اہم فیصلہ کیا کہ جمعہ کی چھٹی منسوخ کر کےاتوار کی چھٹی بحال کی جائے گی۔ اس فیصلے سےہم یورپ اور دنیا سے جڑ جائیں گےاورایک دن ضائع ہونے سے بچ جائے گااور ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ملکی ترقی ہوگی۔۔۔۔
بظاہر نیک نیتی کےساتھ نافذ یہ فیصلہ دراصل ہمارے دین اورروایات کے خلاف تھا۔
اسلام میں جمعہ کے دن کی خصوصی حیثیت ہے۔ویسےتو دین میں چھٹی کاتصورنہیں لیکن اسلامی تاریخ میں انتظامی طور پرہفتہ واریچھٹی جمعہ کے دن ہی ہوتی آئی ہے۔
جمعہ کی چھٹی کا فیصلہ کےنتائج الٹےثابت ہوئےاوراب ہماری برآمدات نوازشریف کے پہلے دورسے بھی کہیں کم ہیں۔ ملک میں کاروباری اوقات کے حوالے سے قوانین مرتب ہیں۔ ان قوانین پر عملدرآمد کرانے کو ادارے قائم ہیں۔ ان اداروں میں افسران اور ملازمین مقررہیں ۔ کوئی وزیربھی ان محکموں کےاوپرمقرر ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں اس حوالےسےالٹا کام ہوتا ہے۔
وزارت محنت کے ماتحت محکمہ لیبرکام کرتا ہےجس کے ذمہ مزدوراورکاروباری اداروں کے ماحول اور اوقات کی تشکیل ہوتی ہے لیکن ہمارے ملک میں بازار اور دفاتر صبح گیارہ بجےسے پہلے نہیں کھلتے ۔ آدھا دن گزرنے کے بعد بازار کھلتے ہیں اور رات گئے تک کام کی روایت بن گئی ہے۔ اس وجہ سے سورج کی روشنی سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتااوربجلی کا مسئلہ پیدا ہوتاہے۔لوگ رات گئے کاروباری مصروفیات میں مگن ہونے کے بعد دیرمیں کھانا کھاتے اور دیر میں سوتے ہیں تو ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتےہیں ،صبح فجر کے وقت کی تازگی سے محروم رہتے ہیں اور مختلف بیماریاں جیسے شوگر اور بلڈ پریشر وغیرہ کے امراض پیداہوتے ہیں۔
دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز صبح سویرے کام کا آغازاورسرشام کاروبارکے اختتام میں ہے۔ امریکہ میں نا ئن الیون کے حادثہ کے وقت صبح سات بجے کاروباری ادارے کھلے ہوئے تھےاور بیشتر ملازمین موجود تھے۔ کینیڈا ،آسٹریلیا اورچین سمیت تمام ممالک میں شام 6 بجے کے بعد بازار بند ہو جاتے ہیں اور صبح سات بجے بازار اور ادارے کھل جاتے ہیں۔
میں چشم دید گواہ ہوں کہ سوک سنٹر کراچی سےمتصل ڈی سی آفس ملحق سرکاری دفاترساڑھے دس بجے تک تالہ لگےہوئے تھے،حالانکہ گورنمنٹ کے ملازمین کے اوقات 8 بجے سے شروع ہوجاتے ہیں۔۔۔۔۔ جمعہ کی چھٹی کی منسوخی کے نتیجے میں ایک بہت بڑا طبقہ جمعہ کی برکات سمیٹنے سے محروم ہوگیا۔ ملکی کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے کہ اب کاروبار جمعہ کے دن سہ پہر کے بعد شروع ہوتا ہےاور اتوار کی چھٹی کے نتیجے میں ایک اور دن ضائع ہوتا ہے۔
سورج کی روشنی میں کاروباری اوقات کی پابندی اورشام جلد کاروبار بند ہونے سے ہماری عوام اور معیشیت کی ترقی ممکن ہے۔ اس کے نتیجے میں بجلی اور توانائی کی بچت ممکن ہے۔حکومت کے چند معمولی فیصلے ہمارے ملک کے تنزلی کے سفر کو ترقی کے سفر میں تبدیل کر سکتے ہیں۔۔۔۔۔۔



































