
احسن اختر
دنیا بھرمیں سالانہ حکومتی بجٹ میں خاطرخواہ رقم تعلیم پررکھی جاتی ہےتوترقی ممکن ہوتی ہے۔علم ہربچےکی دسترس میں ہوناچاہئے۔ صدام
حسین کےدورمیں عراق میں پی ایچ ڈی تک کی تعلیم مفت تھی۔سعودی عرب میں آج بھی اسکول فیس ویونیفارم اورکتب مفت ہیں۔
دہلی میں نسبتاً چھوٹی جماعت عام آدمی پارٹی کی چند برسوں کی حکومت کےراست اقدام کی وجہ سےتعلیمی انقلاب آگیا ہے۔ سرکاری اسکولوں کا سالانہ نتیجہ نجی تعلیمی اداروں سے بہتر ہوگیا۔
کراچی میں بھی سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے چارسالہ دور کی محنت کا نتیجہ تھا کہ کراچی تعلیمی بورڈ میں سرکاری اسکولوں کے بچوں کی پوزیشن آئی۔ انہوں نےاپنے دور میں 80 کے قریب اسکولوں کوکالجز میں تبدیل کیاجس کی وجہ سے بچوں کی اکثریت کو گھر کے قریب تعلیم دستیاب ہوئی۔
سندھ حکومت نےشہری تعلیمی اداروں میں نئےاساتذہ کی تقرری پرپابندی عائد کررکھی تھی تو نعمت اللہ خان کی اپیل پرسو سے زائد اساتذہ نےاعزازی طور پربلا معاوضہ مختلف اسکولوں اور کالجز میں خدمات انجام دیں۔
ملکی تعلیمی نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت تھی۔اس کےلئے قانون سازی ناگزیرتھی،قوم جن حضرات کوووٹ دیتی رہی وہ اشرافیہ سے تھے،ان کے اپنے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے رہے۔
وہ خود آکسفورڈ یونیورسٹی وغیرہ سےانگریز کی غلامی سیکھ کرملک اورعوام کی حالت بدلنےکےگرسیکھ کرآئےاورانہوں نے مزید حالات برباد کیے۔ تعلیمی نظام کی تباہی ان کالےانگریزوں کا اہم کارنامہ ہے۔۔۔
کمیشن کےچکر میں بیرون ممالک کےاداروں کی مہنگی کتب رکھی جاتی ہیں جو ہرسال ردوبدل کرکےنئی لینا ناگزیرہوتا ہے۔مہنگائی کے عروج کی صورتحال پراسکول انتظامیہ ہرسال کتابیں تبدیل نہ کرے تو والدین کا بھلا ہوسکتا ہے۔۔
ہر کلاس کے بچےاپنی کتابیں پچھلی کلاس کےبچوں سے تبدیل کرلیا کریں۔۔ اسکول انتظامیہ اسکول کے نام کی پرنٹ والی کاپیوں پراصرار نہ کرے تو والدین کے اخراجات میں کمی ممکن ہے۔ عام طور پر اسکول کے بچوں کو ہفتہ میں ایک دن سفید جوتے پہننے پرمجبور کیا جاتا ہے۔ یہ اگر ضروری ہو تو اسکول خود مفت فراہم کرے۔
اسکول انتظامیہ ڈھائی ماہ کی چھٹیوں کی فیس بھی لیتی ہےیہ سراسر نا انصافی ہے۔دیکھا دیکھی وین والے بھی یہ فیس مانگتے ہیں۔ ہرماہ کی فیس میں تقسیم کرکے ان دو ماہ کی فیس جمع کرلی جائےتو انصاف کی بات ہوگی۔۔
جب یونیورسٹی میں گھر کے کپڑے پہن کر جایا جاتا ہے تو رنگ برنگےالگ الگ یونیفارم کی پابندی اور کمیشن کا چکر بند ہونا چاہیے ۔ہر کچھ سال بعد یونیفارم کی تبدیلی یونی فارم شاپ اوراسکول انتظامیہ کے ناپاک گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ صرف مخصوص ہی دکان پر یونیفارم کی دستیابی اسی گندے عمل کا نتیجہ ہے۔
یونیفارم ضروری ہی ہو تو ایسا ہوجو با آسانی ہر جگہ دستیاب ہو۔
کمیشن کا چکر لعنت ہے۔سالانہ اسکول فنڈ کس بات کاہوتا ہے ؟
اس میں لئے جانےوالے پیسےبچے پرنہیں لگتے۔مذاق بنایا ہواہے،اس کو بند ہونا چاہیے۔۔۔! طالب علم جب ہمیشہ یہ دیکھتا ہے کہ اس کے ادارے میں ہمیشہ علم کے نام پر گھما پھرا کر جیب سے روپیہ ڈھیلا کرنا ہوتا ہےتواس کے ماں باپ بہت پریشانی سے اس کے اخراجات برداشت کرتے ہیں ۔اساتذہ کی معاشی حالت بہتر نہیں۔ وہ بھی ٹیوشن اور دیگر بہانوں سےپیسے کے لالچ میں رہتےہیں تو اس کے لاشعور میں تعلیم حاصل کر کے پیسے کمانا ہی اولین مقصد بن جاتا ہے۔۔۔
سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس سلسلے میں صوبائی ووفاقی قانون سازی ہو بجٹ میں تعلیم پر مختص رقوم پراضافہ ہو۔ یہ دیانت دار اور باکردار قیادت کو ووٹ دینےسے ہی ممکن ہے۔۔



































