
احسن اختر
چند ماہ ہی ہوئے ہیں کہ ہمارے پڑوسی افغان بھائیوں کوامریکہ ونیٹو افواج کےاستعماری تسلط سے چھٹکارا ملا ۔ امریکی سامراج
نےجاتے جاتے بھی افغان اثاثوں کو منجمند کردیا۔ یہ ایسا ہی ہے کہ جیسے تقسیم ہند کے موقع پرپاکستان کی نوزائیدہ مملکت کے وسائل انگریزی سامراج نے ہڑپ کر لیے اور باقی ماندہ وسائل ہندوستان کے سپرد کردیےگئےتاکہ پاکستان زیادہ نہ چل سکے۔
افغانستان کے حالات رفتہ رفتہ معمول پرآتے جارہے ہیں۔ طالبان انتظامیہ خودکفالت کی پالیسی برقراررکھتے ہوئے آئی ایم ایف کی جانب رخ نہیں کر رہی۔ ملک میں ہوائی کمپنیوں کی آمدورفت شروع ہوچکی ہے۔ یورپ اور ایشیا کی بڑی ہوا بازکمپنیوں کی آمدورفت طالبان انتظامیہ کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔
افغانستان نےاپنے وسائل سےتیار کردہ ایک ایک کار بھی نمائش کےلئے پیش کی۔ طالبان انتظامیہ خواتین کو اسلامی اصولوں کےمطابق تعلیمی نظام دینے کی جانب بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔طالبان انتظامیہ کو درپیش چیلنج ان باقیات سے بھی ہےجو وطن اور ملت کے خلاف چند ٹکوں پر بیرونی آقاؤں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔ جیسے پہلے روس کےساتھ دینے والے بعد ازاں امریکہ کے ساتھ جا ملے،گو کہ مغرب احمد شاہ مسعود کی باقیات کو منظم کرنےاور داعش کو وسائل فراہم کر رہا ہے کہ وہ طالبان کے خلاف تخریبی کارروائیوں کو منظم کریں لیکن طالبان بہترحکمت عملی سےاس راہ میں رکاوٹ ڈالنے میں کامیاب رہے ہیں۔ طالبان انتظامیہ کا سب سےبڑا کارنامہ ان کے سادگی اور خودکفالتی اقدامات ہیں۔
انتظامی امورپراخراجات کم سے کم کیےگئے ہیں۔حکومتی وزراء اورعہدے داران کی مجموعی تنخواہیں سابقہ دورکے ایک وزیر کےاخراجات سے بھی کم ہیں۔تاریخ اسلام کے مطالعہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جہاں اسلام کے زیادہ سے زیادہ مطابق زندگیاں گزاری گئیں، وہاں سائنس،صنعت،تجارت کو فروغ ملا۔ افغانستان سمیت جہاں اللّٰہ کا نام اور حکم چلے گا وہاں ترقی ممکن ہوگی۔
طالبان معاشرے کو ترقی دینے کی راہ پر گامزن ہیں۔ طالبان کی ترقی مادر پدرآزادی کا نام نہیں نا انسانیت کو نقصان پہنچانے،معاشرتی و خاندانی نظام کو پامال کرنےکا نام ہے۔ طالبان کی ترقی امن ،سکون اور جبر کے ماحول سے آزادی کا نام ہے۔
حقیقت تو یہ ہے کہ ہمارے پڑوسی افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد امن اور سکون تو ہمیشہ سے زیادہ ہی ہے۔اگر افغانستان کے خلاف سازشیں کامیاب نہ ہوئیں تو قوی امید ہے کہ برادر اسلامی ملک افغانستان ،ہمارے وطن پاکستان کا دست و بازوبنے گا۔۔
نوٹ : بلاگرکے خیالات سے ایڈیٹر کا متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو)



































