
احسن اختر
امریکی انخلاء کے فوری بعد سے افغان قوم کے دشمن سازشوں کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں۔ امریکہ اور یورپی یونین کے ممالک میں احمد شاہ مسعود کی
باقیات کو منظم کیاجارہا ہے۔ طالبان انتظامیہ تقریباً سارے افغانستان کی زمین پراپنا قبضہ مستحکم کر چکی ہے۔لیکن ملک میں ایک بار پھر خفیہ ہاتھ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو منظم کررہا ہے۔
رواں ہفتے کے دوران مسجد میں بم دھماکہ خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بنا۔ مسجد اہل حدیث مسلک سے تعلق رکھتی ہے۔ مذہبی منافرت پھیلانا بھی اس کا اصل مقصد ہو سکتا ہے۔دودسمبر کو یکے بعد دیگرے ایک ہی دن میں دو بڑی کاروائیاں ہوئیں ۔
ایک کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ جس میں ناظم الامور عبید نظامانی بال بال بچ گئے.ان کے باڈی گارڈ نے جان پر کھیل کر سینے میں تین گولیاں کھا کر ان کی حفاظت کی۔گارڈ کو شدیدزخمی حالت میں پاکستان میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا واقعہ بھی کابل میں حزب اسلامی افغانستان کے مرکزپر کار بم کے حملے کا ہوا۔اس حملے میں حملہ آور حزب کے مرکزی دفتر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور گارڈ کی فائرنگ سے قبل از وقت کار میں موجود بم کو اڑا بیٹھے۔
حملے کے وقت حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یارہیڈ کوارٹر میں موجود تھے۔جو معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ دو حملہ آور موقع پر ہلاک ہوئے ،ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ اس وقت دہشت گردی کی نئی لہر طالبان حکومت کے لئے ایک چیلنج ہے۔ اس کی درست تحقیقات کی ضرورت ہے۔ گلبدین حکمت یار پرو پاکستانی تصور کئےجاتے ہیں۔پاکستانی ناظم الامور پر حملہ براہ راست پاکستان پرحملہ ہے۔
ان دونوں حملوں میں سو فیصد ہندوستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا ہاتھ نظر آتا ہے جو افغانستان اور پاکستان کے مابین اخوت اور یگانگت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔دونوں ملکوں کی قیادت کو مشترکہ دشمن کی چالوں کو بھانپ کر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔۔
نوٹ : ایڈٰٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں (ادارہ رنگ نو



































