
احسن اختر
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔مرکزی وصوبائی حکومتوں کے پاس تنخواہوں کی رقوم موجود نہیں۔ وفاقی وزارت صحت نے وارننگ جاری کردی کہ
اس کے پاس دواؤں کی تیاری کے لئے چند ہفتوں کا خام مواد بچا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرضہ کے معاملے میں کئی اختلافات ہیں۔ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
موجودہ صورتحال یکا یک نہیں ہوگئی۔ یہاں تک پہنچنےمیں موجودہ اپوزیشن ( تحریک انصاف) اور اتحادی حکومت ( پیپلز پارٹی اور ن لیگ) دونوں کی محنتیں شامل ہیں۔۔ دونوں اطراف سے اس صورتحال کا ذمہ دار ایک دوسرے اور فوج کو بھی ٹھہرایا جاتا ہے۔ ملک کے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق خودمختارکرنے میں تینوں فریقین کی باہمی رضامندی نظر آئی۔اب ملک کو شکنجہ میں کسا جا چکا ہے۔ خدشات کے عین مطابق ملک کو دیوالیہ قرار دینے کے بعد ( خدا نہ کرے) ایٹمی پروگرام منجمد یا معطل اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات منوائی جا سکے گی۔ جیسے گھر میں ہنگامی حالت میں گھر کے تمام افراد ایمرجنسی نافذ کرتے ہیں ملک میں بھی حالات کے مطابق ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت تھی لیکن ملک میں تمام طبقات چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔عمران خان حکومتی مدت ختم ہونے میں کچھ ماہ رہ جانے کے باوجود سیاسی عدم استحکام پیدا کئے ہوئے ہیں۔
حکومت وقت نے اپنے اخراجات میں کوئی کمی نہیں کی۔ ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم میں اخراجات میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مختصر مدت میں بتیس بیرونی دورہ کئے۔ نتیجہ صفر بٹا صفر نکلا۔ خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر کو رکشہ کی طرح استعمال کیا گیا اور اب اس کے مذید استعمال کے لئے قیمتی وقت قانون سازی پر ضائع کیا گیا۔
سب سے بڑے شہر کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائےگئےاور تاریخ آگے بڑھا بڑھا کر عجلت میں غیرمعیاری ترقیاتی کاموں پر قیمتی رقوم صرف پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو فایدہ پہنچانے پر خرچ کی جا رہی ہیں۔
عوام کو ہوش نہیں کے اس کے ساتھ کتنا برا ہونے کو ہے۔ لوگ ملکی اشیا کو چھوڑ کر بیرون ممالک کی اشیا کو ترجیح دے رہے ہیں، نتیجتاً ملکی درآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ میں کمی ہوتی ہے۔
عوام نے موجودہ تمام ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کا ساتھ دیا ، برائی کی یہ طاقتیں اور مضبوط ہو کر سامنے ہیں، ہٹ دھرمی اور عوام دشمنی کے تمام اقدامات کے لئے ان کو عوامی حمایت کی مہر بھی مل چکی ۔۔
یعنی روم جل رہا ہے
نیرو بانسری بجا رہا ہے
نوٹ: ایڈیٹر کا بلاگرکےخیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































