
ریطہ طارق
بھارت کے ٹینکوں کو لقمہ اجل بنانےوالے جرنیل،کمانڈر اورسپاہی تو اپنی تابناکی کا بھرم ملک و ملت کو بطور
اعزاز دے کر فخر بن کر چلے گئے،دوہزار بائیس کی دہائ پروطن عزیز کے جرنیلوں، بیروکریٹس اور پاک و بھارت کو لیڈ کرنے والے مفاد پرست حکمرانوں نے کونسی خندق کھودی ہے؟
اب اصل سوال یہ بنتا ہے کہ ملک کی سلامتی کو زمینی خداوں کی خوشنودی کی بھینٹ چڑھانے والےوطن کی سونا اگلتی مٹی سے کب تک کھیلتے رہیں گے؟۔
چودہ اگست کا گزر جانا اور دفاع کے دن کی یاد تازہ ہوجانا ایک فطری امرہے۔آزادی کی نعمت نصیب ہونےمیں اس روح وطن کو ابھی میلوں سفرکرنا ہے،تب کہیں جاکروہ سحر طلوع ہوگی،جب کشمیر کے سودے نہ ہوں گےجب سرکش ہوائیں نمو پانے والے غنچے پودے کلیوں کو شاخوں سے نہ گرائیں گی،جب ہیلی کاپٹر پر گھومنے والوں کی عیاشی کے بجائے ہرریسکیو سیلاب کی اندوہناک تباہی میں زندگیوں کو بچانے کے لیے کوشاں ہوگی،جب کوئ ماں نہ ڈوبے گی،نہ کوئ ممتا کی دہائ سیلاب میں ڈوبے اسکے لال پر ماتم کرے گی۔
ہاں !! ایک دن دفاع کا ہوگا،جب کوئی راشد منہاس لپک کر کشمیرکی وادی میں بھارت کے راجاؤں کی ناپاک نظروں کو نوچ کران ماوں کے آگے ڈال دے گا،جن کی عصمت دری 75 سال کی جاتی رہی،کوئ میجرعزیز ہوگاجو دشمن کی سرحد سے آنے والے جہازوں کو پاک سرحد پر لاکرسیاست کی سودے بازیاں نہ کرے گا،بلکہ وہیں ڈھیر کردے گا،کوئ کیپٹن راجہ محمد سردر ہوگا،جو فوج کی کمانڈنگ کرتے ہوئے بھارت کےعزائم پر منہ توڑ جواب دے گا،کسی بات پرسمجھوتےنہ کرے گا،نہ طاغوت کی خوشنودی کو تابع رکھے گا۔
ہم دفاع کا دن تب ہی منائیں گے،جیسے دفاع کرکےہمارے وفا کےراہی چلےگئے،ہمیں یہ چمن اپنے خون کے بدلےدےگئے ہیں،ان کی روحیں جب آسمان سے دیکھتی ہونگی تو نظریں چرالیتی ہوں گی،سوچتی ہون گی کہ اس خاکداں کےلیےاس گلستاں کےلیےہم اپنی جان پر کھیل گئے؟جرنیل جاگیردار وڈیرے سیاست دان ۔۔۔۔۔۔جنکے سینوں میں ضمیرکی رمق بھی نہیں،ان کے آنسو تو وہیں تھم جاتے ہوں گے،انکی روحیں زخمی ہوجاتی ہوں گی۔
یوم دفاع 6 ستمبر کا سورج جس دن ابھرا،دشمنان وطن کا تختہ الٹ دے گا،یوم دفاع ملک کے ذرے ذرے کو اپنی حفاظت میں لینے کا دن ہے،جو ایک دن 1965 میں آیا تھا،اسکے بعد اسکا سورج ظلمت اور اندھیرے کے سمندر میں ڈوب گیا تھا،خدا کی رحمت سے کچھ روشن آبگینوں سے وہ سورج پھر سے طلوع ہوگا۔



































