
ریطہ طارق
کسی بھی قوم کی سوچ ہی اُس کی اخلاقی حالت کا پتہ دیتی ہےـ تھوڑے دن پہلے ایک شادی میں جانے کا اتفاق ہواجہاں بظاہر پڑھی لکھی اور جدید تراش
خراش کا لباس زیب تن کی ہوئی کچھ عورتوں کےخیالات جان کر شدید صدمہ ہوا، وہ خواتین اپنی بہوؤں کو پاؤں کی جوتی سے زیادہ کا درجہ دینے پر کسی طور بھی تیار نہیں۔
عصرحاضر کے جدید دور میں بھی اس قسم کا جاہلانہ رویہ ہمیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیتا ہے۔اللہ کی شان دیکھیے کہ جس طرح اُس نے آسمان دنیا کو چاند ستاروں سے سجایا۔ زمین کوگل و گلزار بنایا اور اس میں انسانوں کوبساکر خوبصورت رشتوں میں پروکرخاندان بنائے،جن میں صنف نازک کے مختلف کرداروں سے رنگ بھردئیے،بے شک ان رنگوں کی تابناکی برقرار رکھنے کے لیے نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔
اس دنیا میں خالق کائنات اگر عورت اور مرد کو ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم بنایا تو اس میں اس کی بے پناہ حکمت کار فرما تھی۔ عورت اس کرہِ ارض کی وہ ہستی ہےجس کا معاشرے میں مرکزی کردارہے۔معاشرے کی تعمیر میں مرد کے ساتھ عورت کا وجود لازم ملزوم حیثیت رکھتا ہے۔
عورت وہ ہستی ہے جسے خداوندِ قدوس نے آدم کی تنہائی اور اکیلے پن کیلئے بطور خاص پیدا کیااور پھر جنت سے اس دھرتی پہ اتارکر انسانی تخلیق کا باعث بنایا۔ ظہور اسلام سے قبل عورت کی حالت کا جائزہ لیں تو تاریخ میں اسکی اندوہناک شہادتیں ملتی ہیں.۔عیسائیوں کی حکومت میں عورت کے ساتھ لونڈیوں سے بھی بدتر جانوروں کا ساسلوک ہوتا تھا۔ سولہویں صدی میں جادو کا الزام لگاکر ہزاروں عورتوں کا قتل ہوا۔ دور جہالت بیٹی کو زندہ ہوتے ہی دفن کردیا جاتا تھا۔ ایک عورت کو جائیداد کے بدلے تقسیم کردیا جاتا تھا۔ اسے خاوند کے بعد زندہ رہنے کا حق نہ تھا۔
مغربی تہذیب نے دور حاضر عورت کو آزادی کے نام پر بے حیائی،عریانی کا طوق پہنایا ہے،جبکہ اسلام کے بہتےگنگا میں عورت سمندر کے اس موتی کی طرح محفوظ اور قیمتی ہےجو سیپی میں بند ہوتا ہے۔ماں کی حیثیت سے اسلام نےعورت کے قدموں تلے جنت رکھ دی.ماں کی خدمت کو جہاد کے درجے پر فوقیت دی.۔بیوی کی صورت میں اسلام نےاسے گھر کا حکمران شوہر کی کھیتی اورٹھنڈک بنادیااوراس کو ان حقوق سے آراستہ کیا جسکی وہ مستحق تھی۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زوجہ مبارک کے ساتھ گھریلو کاموں میں تعاون کرکے قیامت تک کے لیے عورت کو معتبر کردیا۔ بیٹی کی صورت میں گھر کی رحمت بناکر تین بیٹیوں کی پرورش اور نگہداشت کو حج پر فوقیت دی۔
بہن کی صورت میں اس کو وراثت میں حصہ دیا. یورپ نےانسانیت کی تمام حدود پھلانگ کرزنا،بدکاری اور بےراہ روی کی بدترین بنیادوں پر معاشرہ تشکیل کیا،سینما گھر،ڈش اورکیبل نیٹ ورک سسٹم سے شیطانیت کاجال بچھاکر عزت دارخاندان ذلت آمیز انجام سے دوچار کیے۔
مخلوط تعلیم دلواکرآشناؤں کے ساتھ ننھی کونپلوں کو تاریکی میں دھکیلا۔ اسلام کی پھیلی روشنی نے اس کا توڑ کر ڈالا۔ حجاب کی برکت نے صنف نازک کو حیا کے آنچل میں سمیٹ کر عفت و عصمت کے آبگینوں کی حفاظت کا اہتمام کیا۔ اسلام کے احسان نے عورت کی انسانی حیثیت کو آدمیت اور انسانیت میں ناقص نہیں بلکہ کامل و اکمل بنادیا.
دور حاضر کے فتنہ پرور عناصر آزادی کے لالچ میں لبرل ازم اورسوشلزم کے تحت عورت کو پستی کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے۔ اس کے خاطر خواہ نقصانات خود مغربی ممالک کو ہیں بظاہر ترقی یافتہ کہلانے والی قوموں کے پاس کوئی خاندانی نظام متعین نہیں ہے۔ اس گمراہ کن کلچر کا شکار اسلامی ممالک کی عورت بھی آزادی کے سراب میں مبتلا ذلت کی زندگی گزار رہی ہے جبکہ ایک مسلم عورت نے اپنا لوہا اسلامی حدود میں رہ کر طب، تعلیم، وکالت اور صحافت سے لے کر ہر شعبے میں منوایا ہے۔گھر کی چار دیواری میں اپنا لامحدود کردار ادا کیا ہے.
نبی صہ نے فرمایا "عورت اپنے گھر کی حکمران ہے اور اپنے عمل کے دائرے میں جوابدہ ہے" وہ فطرتا نرم خو اور مہرباں بنائی گئ ہے۔ اپنے بچوں کے لیے عمر کی ساری نقدی لگادینے والی عورت نسل انسانی کا دامن وسیع کرتی ہے اور اس کے ساتھ اس پروان چڑھتی نسل میں خدا کی وحدانیت کا عشق گھول دیتی ہے۔
عورت کے کردار کو جانچا جائے تو ہم ایک تاریخی کردارسلطان صلاح الدین ایوبی کی بہن ربیعہ کو دیکھتے ہیں۔ ایک دیندار اور فاضلہ خاتون جنہوں نے اپنی زیرنگرانی دمشق شام کے مقام جبل قاسیون میں ایک عظیم الشان مدرسہ بنوایا اور اس کے لیے اپنی جائیداد وقف کردی۔ یہ مدرسہ آج بھی قائم ہے۔ غزوہ خندق میں نبی صہ کے ساتھ حضرت صفیہ رضہ کی بہادری قابل قدر ہے۔ام المومنین کی زندگی عورت کی مایہ ناز صلاحیتوں کی عملی تفسیر ہے.۔نبوی معاشرے کے اس تابناک حسن نے بلا شبہ رہتی دنیا تک اپنی روشنی ہر گزرتی صدی تک جاوداں کردی ہے.



































