
نورالسحر اظہار
ہمارے دین اسلام میں مہد تا لحد تک علم حاصل کرنےکا حکم بلا تخصص مردوعورت دونوں کےلئے ہے۔حصول علم مہذب،
شائستہ اور باوقار معاشرے کے قیام کےلئے ضروری امر ہےچونکہ رب کائنات نےمرد وزن کی جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی رحجانات ومیلانات میں اختلاف رکھا ہےجو استحکام خاندان میں معاون و مدد گار ہیں ۔اس اعتبار سے دونوں اصناف کی ذمہ داریوں کی بھی تخصیص فرما دی ہے جوایک متوازن معاشرے کےلئے ضروری ہے۔
دونوں اصناف کی ذمہ داریوں کوشائستگی سےہم آہنگ کرنے کے لئےحصول تعلیم کا باقاعدہ نصاب متعین فرما دیا۔نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نےمردوں کے ساتھ ساتھ تعلیم نسواں کا اہتمام فرماکر اسلام کے عطا کردہ انقلابی تعلیمات سے امت کو روشناس فرمایا۔
مستورات کی تعلیم وتربیت کے لئےایام مخصوص فرمائےتاکہ آزادانہ ماحول میں بلا جھجھک شریعت کی روشنی میں نسوانی مسائل سیکھ سکیں اور اگرعمومی مسائل پر نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام کو تعلیم فرماتے تو خواتین پردے کی آڑسے مستفید ہوتیں ۔۔
تاریخ سے ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معلمین کی طرح معلمات کا بھی تقررفرمایا ام المومینین حضرت عائشہ اور دیگر زوجہ کی خصوصی تربیت فرمائی تاکہ مسلم خواتین کی تعلیم و تربیت کا اہتمام ہوسکے۔ ابتدائی دور کی معلمات میں حضرت عائشہ رضی اللہ، حضرت ام ورقہ اور حضرت شفاء بنت عبداللہ معروف ہیں۔ قرآن وسنت کے مطابق مستورات کے لئے حصول علم اس لئے ضروری ہے کہ احساس لطافت ونزاکت کی تربیت مثبت طریقے سے کی جائےکیونکہ امور خانہ داری اور بچے کی تربیت میں محبت، اخلاص، صبر و برداشت اور یکسانیت و سعی مسلسل کی ضرورت ہوتی ہے۔چنانچہ طہارت ،عبادت حقوق اللہ، حقوق العباد، خانگی اور سماجی امور سے متعلق موضوعات نصاب مستورات میں شامل کیے گئے ۔اسی اصول کے مطابق مسلم معاشرے میں تعلیم نسواں کا اہتمام ہوتا رہااور مسلم معاشرہ پروان چڑھتا رہا۔۔۔ان ہی تعلیمات کی بدولت مسلمان عورت اپنے حقوق اور فرائض سے ایسی آگاہ ہوئی کہ حقوق نسواں پر مرد کی جانب سے ذرا بھی ضرب پڑی بار گاہ رسالت میں حاضر ہوکر بےخوف وخطر اپنی تکلیف کہہ سنائی۔۔یوں مرد اپنی مستورات کے فرائض کی ادائیگی میں چوکنا رہتے۔۔جس وقت مسلمان عورت کا شعور اپنے حقوق کے حصول کے لئے عروج پر تھا ۔
یہود ونصاریٰ کے نزدیک عورت کا وجود ہی باعث عاربلکہ باعث گناہ گردانا جاتا تھالیکن پھر تہذیب حاضر کی چکا چوند نے نظروں کو ایسا خیرہ کیا کہ لارڈ میکالے کے نظام تعلیم میں خیرہی خیر نظر آیا۔۔۔سو احساس مغلوبیت کے سبب اسے اپنالیا۔ایمانیات وعبادات پر ضرب پڑی۔۔دینی و معاشرتی روایات بے معنی ہوئے۔۔۔مساوات کے نعرے نے زن کو مرد کے مقابل لا کھڑا کیا۔۔۔مرد کی طرح عورت کا مطمح نظر معاشی ترقی کا حصول ٹھہرا۔۔۔مرد کی برابری کا احساس اعصاب پر ایسا سوارہوا کہ ساڑھے چودہ سو سال قبل ملنے والی آزادی بےوقعت ہوئی۔ مغرب کی نقالی میں حقیقی رتبہ ومقام دقیانوس لگنے لگے۔۔ایک اچھی ماں ،ایک اچھی بیوی، ایک اچھی بہن کی جگہ ڈاکٹر، انجینئر،پائلٹ بننا چیلنج بن چکا ہے۔۔۔شاعر مشرق تقریبا ایک صدی قبل فرنگی نظام تعلیم کے بھیانک نتائج کا ادراک کرکے امت کو جگاارہے ہیں۔
تہذیب فرنگی ہے اگر مرگ امومت
حضرت انسان کے لئے اسکا ثمر موت
جس علم کی تاثیر سے زن ہوتی ہے نازن
کہتے ہیں اسی علم کو ارباب نظر موت
بیگانہ رہے دین سے اگر مدرسہ زن
ہے عشق ومحبت کے لئے علم و ہنر موت



































