
نورالسحر اظہار
ماہ دسمبرمیں جوں جوں یخ بستہ ہواماحول کو اپنےگھیرےمیں لیتی جاتی ہے۔۔۔۔سرد پڑتےجذبات اپنے جوبن پر آتے جاتے ہیں۔۔۔ مندمل ہوتے زخم
پھر سے تازہ ہوئےجاتے ہیں۔۔۔ گھاؤ کی تکلیف اپنی جگہ۔۔۔آئندہ ایسے زخموں سے خود کو محفوظ رکھنے کی آرزوبھی توتوانا ہوتی جاتی ہے۔۔۔ بعض زخم زندگی کی علامت بن کر قوم کو بیداررکھنے کا سبب بن جاتے ہیں ۔۔۔ سقوط ڈھاکہ کی صورت ملنے والا غم بھی تو ایک ایسا ہی زخم ہے ۔۔۔۔ نصف صدی گزرنے کے باوجود آج بھی ہرا ہے۔۔۔ اس زخم کو کبھی مندمل نہیں ہونا چاہیے۔۔۔ورنہ نئی پود تاریخ پاکستان سے نابلد جورہ جائےگی۔۔۔یہ احساس نعمت خداوندی ہی تو ہے کہ اہل قلم، قلم کا حق ادا کرنے کی سعی کرتے ہیں۔۔۔تاریخ سے جوڑے رکھتے ہیں اورسخن ور اپنی سخن وری کےجوہرسے جذبات کو سرد ہونے سے بچاتےہیں۔۔۔اورحسرت ویاس میں ڈوبے جھریوں زدہ چہرے۔۔۔۔متحدہ پاکستان کی خاطراپنی لازوال قربانی کی داستان کومتاع حیات ٹھہراتے ہوئے نئے نسل کے سینے میں منتقل کرنا فرض گردانتے ہیں۔۔۔ ایسے دیوانوں کاہی پیغام توہے کہ انا کی دیوارتوانا ہوجائے تواجتماعی مفاد پس پشت چلے جاتے ہیں۔
پانچ لاکھ محب وطن اپنے ہی ملک میں مہاجروں والی زندگی گزارنے پر مجبور کیےجاتے ہیں۔۔۔۔ جنہیں نصف صدی گزرنے کے باوجود کوئی شناخت دینے کو تیار نہیں ہوتا۔۔۔ حب وطن کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے باغی۔۔۔اورمجرم باور کرائے جاتے ہیں۔۔ تختہ داران کا مقدر ہوتا ہے۔۔۔ نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبونے کا دعویٰ کرنے والےاور 1971 کی پاک بھارت جنگ میں جنگی بحری بیڑے بھیجنے کا جھانسا دینے والے۔۔۔آج بھی دانت تیز کیے بیٹھے ہیں۔۔۔نہ کل وہ بھروسہ کے قابل تھےاور نہ آج ہیں۔۔۔نہ کل نا امیدی دامن گیرتھی اورنہ آج ہے ۔۔۔کیونکہ ہماری تمام آزوؤں وتمناؤں کا مرکز ہماری نئی پود ہےجو کل بھی روشن مستقبل۔۔۔۔ بے داغ جوانی۔۔۔وطن کی حرمت پرقربان کرکےمکتی باہنی کے خلاف سینہ سپرتھی۔۔۔اور آج بھی قوم کی امیدوں کا محورومرکزہے۔۔۔۔
حالات خواہ کیسے بھی ہوں۔۔۔
بہتے ناؤ کومنزل سےآشنا کرنا ہے۔۔۔
نئی پود کےجذبات کو کمک بہم پہنچانا ہے۔۔۔
اس گھاؤ کورستےرہناہے۔۔۔۔



































