
نورالسحر اظہار
آج بھی ٹھنڈ اپنے پورےعروج پر تھی لیکن اس کے باوجود جوں جوں رات گہری ہوئےجاتی تھی گلی کوچوں اورعوامی مقامات پر گہماگہمی بڑھتی جاتی تھی ۔چہروں پر خوشی
کے اثرات نمایاں تھے۔ صرف ون ویلنگ اور ہتھیار کے استعمال پرہی تو پابندی ہےجو ہرسال ہی ہوتی ہے،جشن کے دوران دیگر ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ہتھیار بھی استعمال ہو جائیں گے۔
آخر ہوائی فائرنگ ہی تو واحد ذریعہ ہے۔ ایک دوسرے کو اطلاع دینے کا کہ سال نو شروع ہو چکا ہے۔۔دستور مستعار کےسائے میں نائٹ کلب سج گئے۔۔ مخلوط محفلوں کا اہتمام ہوا۔ ساحل سمندر پر جانے والے راستوں پر پولیس کی نفری بیٹھادی گئی کہ ہماری نسل نو بے معنی ہلہ گلہ میں اعیارسے پیچھے نہ رہ جائے۔۔۔ سڑکوں کی رونقیں بڑھ گئیں۔۔اخلاقیات کو بالائےطاق رکھ دیا۔۔ مذہبی حدود وقیود سےآزاد ہونے کہ سال نو کےاستقبال میں سب جائز ہے۔۔۔یوں خوب طوفان بدتمیزی مچی۔۔ رات کےاس پہردھما چوکڑی اورفائرنگ سے بزگوں اور بچوں کا سکون غارت ہوا۔۔ سوئے ہوئے نفوس کے اعصاب چٹک گئے۔۔ بے مہار نفس کے ہاتھوں یہ نفوس صبح کاذب تک لا حاصل مصروفیت کےبعد خواب غفلت میں مست ہوئے۔
ٹھیک اس وقت دوسرےنفوس کے پیٹھ بستروں سےالگ ہوئے۔۔محاسبئہ احساس دامن گیرہوا اوراس ہستی کی جانب متوجہ ہوئے جو رات کے اس پہر آخری آسمان پرجلوہ افروز ہےاور محبت سے اپنے بندوں کو پکارتا ہے۔ کون ہے جو مانگے میں اسے دوں۔۔۔ سوال کرے میں اس کی جھولی بھردوں اورذی شعورنفوس نے اس ہستی کی محبت وخوف میں اس کے حضور آنسوؤں کا نذرانہ پیش کیا۔
اپنے لیے عافیت طلب کی۔۔۔وطن کی سلامتی کے لیے سراپا سوال ہوئے اورامت مسلمہ کوجسد واحد کی مانند دیکھنے کےمتمنی ہوئے۔۔ رب حقیقی کے بارگاہ میں بندے کی ادا معروف ٹھہری اور خوف سے نکلا آنسو معتبر ہوا۔۔۔
دونوں نفوس کی زندگی برف کی مانند پگھل رہی ہے مہلت عمل ختم ہورہا ہے۔۔بیتا ہوا ہر ہرعمل ماضی ہوا جاتا ہےجس کے متعلق احتساب ہوگا۔ بے شک انسان خسارے میں ہے۔ سوائے ان کے جو ایمان لائے۔نیک عمل کرتے رہے حق بات کی تلقین کرتے رہے اور صبر کی تاکید کرتے رہے۔(القرآن )
نوٹ: ایڈیٹر کا بلاگرکےخیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































