نورالسحراظہار
اس وقت پشاور لہو لہو ہے۔ چہارسوغم ہے۔۔۔زندگی کی رعنائیاں معدوم ہیں۔۔۔آہ وبکا ہے۔۔۔ اپنے پیاروں کی جدائی میں آنکھیں آنسوؤں سے ترہیں۔۔۔
ہر گھر ماتم کدہ بنا ہوا ہے۔۔۔ہر دل غمگین ہے۔۔۔گھروں کےگھر اجڑ گئے۔۔۔ان گنت بچےیتیم ہوئے۔۔۔بیواؤں کی دل دوز چیخیں ہر ذی روح کو پریشاں کیے ہوئے ہیں۔۔۔ نہ جانے کتنےگھر بے آسرا ہوئے۔۔ شہداء کی تدفین جاری ہے۔۔ ملبے سے لاشوں کی دریافت کا عمل بھی عروج پر ہے۔۔ ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے۔۔۔
اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے۔ رہنماؤں کی نااتفاقی ایک بارپھر دشمن دیں کے کام آئی۔ پشاورکےحساس علاقے میں دشمن کا وارکامیاب بناگئی اور انسانیت سفاکیت کا شکار ہوئی۔۔۔زمین فساد سے بھر گئی۔۔۔یوں انسان نما بھیڑیوں کا مقدر اسفل سفالین ٹھہرا۔۔۔
بے شک ناحق کسی کی جان لینا حرام ہے۔پھرایسے معصوم افراد کی جان لیناجن کےسررب حقیقی کےسامنےجھکے ہوئےتھے۔ناقابل تلافی جرم ہے۔ سورہ النساء میں اللہ رب العزت فرماتا ہے۔
اورجو شخص کسی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے تواس کی سزاجہنم ہےجس میں وہ ہمیشہ رہے گااور اللہ اس پر غضب نازل کرے گا، لعنت بھیجے گا۔
اور اللہ نے اس کے لئے زبردست عذاب تیار کررکھا ہے۔
اس وقت کراچی سمیت تمام حساس علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
اچھی بات لیکن تحفظات وخدشات اپنی جگہ سر اٹھائے کھڑے ہیں۔۔۔ایسے سانحات جنم ہی کیوں لیتے ہیں۔۔۔۔حملہ آور کب۔۔کیسےاور کن کے تعاون سے وطن عزیز میں گھسنے کی جرأت کرتے ہیں۔۔۔ کیا میر حعفر اور میر صادق اس بار بے نقاب ہوسکیں گے۔۔۔۔ اہل وطن کا دل خون کے آنسو رورہا ہے اورٓلب پر یہ دعا مچل مچل جاتی ہے ۔
خداکرے میری ارض پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو



































