
نورالسحر اظہار
جیسےہی شوال کا چاند نظرآیا گلی کوچوں کی رونق دوچند ہوگئی، بازارتنگی داماں کےسبب نفوس سےپٹ گیا۔ کندھے سے کندھا چھلنےلگا۔ جیسے ہر نفس
عید کی باقی ماندہ تیاریاں جلد ازجلد مکمل کرنے کو بے تاب ہو۔۔۔ یا شاید منفرد نظرآنے کا جذبہ طبعیت میں ہلچل مچائےہوئے تھا لیکن وہ ان سب جذبات سے دور اپنی دنیا میں مگن تھا۔عید کےکپڑے پریس تھےسومطمئن سا نمازعشاء کی تیاری میں مگن ہوگیا۔۔ادائیگی نماز کے بعد خلاف معمول جلد ہی بستر پرچلا گیا لیکن موبائل کوآف کرنا نہ بھولا۔۔۔ رات کے آخری پہروہ اپنے رب سے راز ونیاز کرتا رہا۔۔۔ آخر پورے مہینے کی محنت کا صلہ وصول کرنے کی یہی تو شب تھی۔ نمازعید کے بعد اس نے دوستوں کے ساتھ بے مقصد سیرسپاٹے میں وقت گزارنے کے بجائے خاندان کے بڑے بزرگوں سےعید ملنے میں صرف کیا۔۔امی ، ابوبڑے خوش کہ ماہ مبارک میں دورۂ تفسیر نےاس کےخود سرمزاج کو اعتدال کی راہ پر ڈال دیا ہے۔۔۔ اورمسجد کے مؤذن صاحب حیران کہ ہفتہ بھر ہو چکا رمضان المبارک کو رخصت ہوئے لیکن علیم کے معمولات میں تبدیلی نہیں آئی۔ ہر نماز میں وقت اولی پرحاضر۔۔۔ ورنہ بیسویں معتکفین میں سےاکثر نماز میں نظرہی نہیں آتےاور یہ نوجوان۔۔ بے شک اللہ جسےچاہے ہدایت دے۔ وہ مسرت سے سوچتے لیکن دوست یارشدید ناراض کہ اب وہ لڑکے بالے کے ساتھ کسی بھی سرگرمی میں شریک کیوں نہیں ہوتا۔۔۔ پہلے ایک موہوم امید تھی کہ عبادت کا یہ شوق جلد ہی کافور ہوجائے گا۔۔ سو شکایت کا اظہار ہوالیکن جب وقت کے ساتھ ساتھ دیدارمحبوب میں کوئی تبدیلی نہ آئی تو یاروں کی شکایت میں شدت آئی اورجب ناراضی حد سے بڑھی تو اس نے ایک رات دوستوں کے نام کیا۔۔۔ بس پھر کیا تھا رات بھربے مقصد تفریح کے سبب مہینوں بعد فجر قضا ہوئی۔۔ دل بے چین ہوا۔۔۔ سارا دن ندامت کا احساس جاگزیں رہااوررات بےخوابی میں گزری۔۔۔"علیم رب سے محبت کا جو خزانہ تمہارے ہاتھ لگا ہےاس کی حفاظت کرو۔ صائم کے گھوڑے پر سوار تو بہت سےہوتے ہیں اورشاید رب سے محبت کا خزانہ بھی حاصل کرلیتے ہیں لیکن شیطان کے وارسےخال خال ہی ایمان کی دولت بچا پاتے ہیں۔۔" رات کا آخری پہر تھا یک لخت وہ اٹھ بیٹھا۔ تھوڑی دیربعد وہ ایک نئی امنگ کےساتھ جائے نماز پر تھا۔۔آخر مہینے بھرریاضت سےملنے والے خزانے کی حفاظت اذن ربی کے بغیر بھی ممکن ہو سکتی ہے ۔



































