
نورالسحر اظہار
آج خلاف معمول صبح سےگلیاں سڑکیں ویران ہیں۔ اسکول کالج اوریونیورسٹیز کے طلبہ اساتذہ آفس میں کام کرنےوالے یکم مئی کو انجوائے کررہے ہیں
لیکن مزدور پیشہ افراد جوروز کی دہاڑی پراپنا اوراہل خانہ کا پیٹ بھرتےہیں چہرے پرکرب لئےپریشان ہیں کہ آج کےدن چولہا کیسے جلے گا۔
وہیں زرینہ صبح آٹھ بجے بچوں کا ناشتہ بنا کراپنے مطلوبہ بنگلے کے لئےوقت سےٓذراپہلے نکل کھڑی ہوتی ہے جہاں بیگم صاحبہ بڑی فرصت سے اضافی کام لئےاس کی منتظر ہیں کیونکہ آج ڈاکٹر صاحبہ کی بھی چھٹی ہے۔۔۔ سو آج کے دن ملازمین کےسر پر سوار ہوکر اگلی پچھلی کوتاہیوں کا حساب بیباک کرنے کا نادر موقع ہے۔
بارہ سالہ چھوٹو کوبھی استاد کی تاکید ہے کہ وقت سےذرا پہلے سروس اسٹیشن آجانا کل مزودروں کا دن ہے،سارے افسر فارغ ہوں گے ان کی گاڑیوں کا رش صبح سے ہی شروع ہوجائےگا۔
عالمی سطح پر منایا جانے والا مزدور ڈے اگرواقعی مزدوروں کے اکرام میں منایا جاتا ہے۔آسودگی کاسبب ہے۔۔اس دن انہیں فکر معاش سےآزادی مل جاتی ہےاور ان کے گھر کا چولہا بغیر کسی جدوجہد یا محنت کے جلتا ہے۔۔۔تو زرینہ اور چھوٹو جیسے مزدور کے مقدر میں فراغت و اطمینان تو آج بھی نہیں۔۔۔
یہ ہماری بدبختی ہے کہ مغرب کی تقلید میں فطرت سےاتنے دور نکل گئےکہ ہر انسان کے حقوق بیدار کرنے کے لئے کوئی نہ کوئی دن منسوب کرنے کی ضرورت محسوس کی جانے لگی ہےحالانکہ ہم جس دین کے پیروکار ہیں اس نے ہمیں اعدلو ھو اقرب لتقویٰ کہہ کر سوئپر سے لے کر افسر تک ہر انسان کے حقوق متعین کردیے گویا ہر دن ہر انسان اپنے جیسےدوسرے انسان کے حقوق ادا کرنےکا پاپند ہے۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کرنے کا حکم دیکر ان کے جملہ حقوق کو محفوظ فرمادیا۔۔حقوق کے حصول کے لئے انسان پر انسان کے بنائے گئے اصول لاگو کرنا اورمزدوروں کے نام ایک دن مسنوب کرنے سے ان کے مسائل حل ہوئے ہیں اورنہ ہوسکتے ہیں۔۔ حقوق العباد کے فوائد گنوادیجئے اور عقیدۂ آخرت دلوں میں جاگزیں کردیجیے۔مزدور کے لئے ہر دن عید اور ہر شب شب برأت ہوگی۔



































