
نورالسحر اظہار
اسکرین پرتیزی سےاسکرول کرتی انگلی تلاش بسیارکے بعداب ساکن تھی اور بےچین نظروں میں پسندیدگی کے آثار واضح تھے۔فورا ہی دلنشین
پیرائے میں تین جملوں پر مشتمل کیپشن تصویر کے نیچے لگادیا جو اس نےآج صبح ہی اپنے بابا جانی کی ناشتے کے دسترخوان پرغیر محسوس طریقے سے اپنے موبائل میں محفوظ کرلی تھی اور اب اس کے چہرے پرکامیابی کے آثار یوں رقصاں تھےجیسے کسی معرکے کو سر کرلیا ہو۔۔۔
بات دراصل یہ تھی کہ پوری دنیا آج فادر ڈے منارہی تھی۔۔آخرراحیل کو بھی اپنے باپ سے اظہار محبت کرنے کا پوراحق ہے لیکن جہاں اب دستور زیست جدیدیت کے تابع ہے، وہی اظہار محبت بھی تو فیس بک کے بغیر نامکمن ہوتا جارہا ہے ۔ سو اس نے بھی باپ سے محبت عیاں کرنے کے لئے اسٹیٹس کا سہارا لیا۔۔ فیس بک پر آنے والے کمنٹس اور لائیک نے اسےسارا دن مسرور رکھا۔۔۔اسے تسکین سی ہوئی۔۔
اس کے لئے یہ احساس ہی کافی تھا کہ باپ کا حق ادا کرنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے ۔۔۔وہ وقتا فوقتا دوست احباب کے لگاے گئے اسٹیٹس پر بھی نظر دوڑا لیتا ساتھ ہی اپنے بڑھتے ویورز دیکھ کر خوش ہولیتا۔۔دفعتاً اس کی نگاہ اسکرین پرجم کررہ گئی۔۔۔
"الحمداللہ میں مسلمان ہوں۔۔۔ میرا ہردن میرے باپ کے لئے ہے۔۔مجھے محبت بھرےاحساسات وجذبات کے اظہار کے لئےاغیار سےمستعار لئے کسی دن کی ضرورت نہیں۔۔ان کے چہرے پر ڈالی گئی نگاہ محبت میرے لئے حج کی نوید ہے۔۔باپ کی خدمت دنیا وآخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔۔باپ سے بولے گئے دو میٹھے بول رب کی غضب کو ٹھنڈا کرنے کا ذریعہ ہے۔۔رب الرحمھما کماربییانی صغیرا کا ورد میرے والدین کے حق میں وہ تحفہ ہے جو انکے درجات کو بلند کرتا ہے۔۔۔اپنے والدین کو اولڈ ہاؤس کا مکین بنانے والے اپنے ضمیر کو جھوٹی تسلی دینے کی خاطر اظہار محبت کے لئے کسی دن کے محتاج ہیں۔
"اس سے مزید نہیں پڑھا گیا۔۔اس کےضمیرکی خاموش آواز اسے پریشان کرنے لگی بلاشبہ ضروریات زندگی کے باراٹھانے کےبعد جو وقت بچتاوہ اسکرین کی نظر ہوجاتا ۔۔بابا جانی کے لئے اس کے پاس وقت ہی نہ بچتا۔۔۔اگرچہ بابا نے کبھی اس کی بے اعتنائی کو لفظوں کا پیرہن نہ دیا تھا لیکن انکی آنکھو ں میں بے بسی کا عنصرنمایاں تھا۔۔جسے اس نے کبھی اہمیت ہی نہ دی۔۔اگلے ہی لمحے اس خیال نے افسوس ندامت میں تبدیل کردیا جب اسے یاد آیا با با جانی نے تو یہ اسٹیٹس دیکھا ہی نہیں جسے دیکھ کر ویورز سے داد وتحسین سمیٹے تھے۔۔۔۔وہ تو کی پیڈ موبائل سے محض کال سننے اور کرنے پر ہی قادر تھے۔۔۔بابا کی نگاہ میں ٹچ موبائل تو بس ایک فتنہ تھا۔۔ اس خیال کے آتے ہی وہ تیزی سے اٹھ کھڑا ہوا اور ایک عزم سے بابا۔۔ بابا کی گردان کرتے کمرے سے نکل گیا۔۔



































