
مصباح رفیق
جستجو ہے گناہوں کی وہ ثواب سے ڈرتی ہے
افسوس آج بنتِ حوا حجاب سے ڈرتی ہے
حجاب کے معنی دیکھےجایئں توبہت وسیع ہیں لیکن اگر ہم اس کےلفظی معنوں پرغورکریں توحجاب کے سیدھےاورصاف معنی "چھپانے یا اوڑھنے" کے ہیں۔اسلام میں حجاب کو عورت کا مکمل لباس تصور کیا جاتا ہے۔
ارشادِ باری تعالی ہے:"اورایمان والیوں سےکہہ دو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اوراپنی عصمت کی حفاظت کریں اوراپنی زینت کو ظاہر نہ کریں۔"
اللہ نےخاتون کو "عورۃ" کہا ہےجس کا مطلب ہی چھپی ہوئی چیزکے ہیں اگر ہم لفظ "حجاب" کا تفصیل سے جائزہ لیں تو اس بات سے آشنا ہوں گے کہ عورت کا نامحرموں اوراجنبیوں سےڈھانپ کررکھنا دراصل "حجاب" ہے۔ ہمارا دین ہمیں اچھی اورپاکیزہ زندگی جینےکیلئے مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ ہماری شناخت، ہماری اخلاقیات، رجحانات اور ظاہری لباس سے تعلق رکھی ہے۔ ایک انسان خاص طور پر ایک مسلماں عورت اپنے ظاہری حلیے سے ہی شناخت کی جاتی ہے اوراس کا حلیہ ہی اس کے ظاہر اور باطن کا آئینہ ہوتا ہے۔ حجاب عورت کا وقارہے حسن کا تعلق براہِ راست شرم وحیا سے ہے۔ بقِول شاعر:
تجھے سجنے کی ضرورت نہیں اے بنتِ حوا
تجھ پر سجتی ہے حیا بھی زیور کی طرح
زمانہ قدیم سے ہی حجاب عورتوں کی زینت بنا رہا ہے،زیادہ پرانی بات بھی نہیں کہ جب ہمارے معاشرے میں دوپٹےاورحجاب کو تاج کی حیثیت حاصل تھی اور درحقیقت عورت کے سر کا تاج اس کی حیا اور حجاب ہی ہے۔ اس میں کوئی دورائےنہیں لیکن اب جیسے جیسے ہم ترقی کررہے ہیں اور جدت کی طرف قدم بہ قدم بڑھ رہے ہیں ، حجاب جیسی زینت کو اپنے قدموں تلے روندتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔پہلےجہاں ان پڑھ بےشعور عورتیں نقاب وحجاب کے بغیر گھرسے نکلنا معیوب سمجھتی تھیں ،وہیں آج کی ترقی یافتہ، ڈگری یافتہ اورباشعور زمانے کی باشعور لڑکیاں دوپٹہ پہنےکو اپنی توہین اور باعث شرم تصور کرتی ہیں اورشرم کونظروں تک محدود کرکے ہرطرح کے لباس کو فوقیت دیتی ہیں------افسوس صد افسوس میں صرف ایک بات جانتی ہوں ۔
"پردہ نظر کا ہوتا ہے۔اس سوچ نے آدھی انسانیت کو برہنہ کردیاہےاورجو لڑکیاں یہ کہتی ہیں کہ ہمارا ذہن صاف ہےتومیں ان کو بتانا چاہوں گی کہ تمہارا ذہن کتنا بھی صاف ہوجائے ۔۔۔۔
فاطمہ بنتِ محمد ؐسےزیادہ صاف نہیں ہوسکتااور پردہ کرنےکا حکم ان کو بھی تھا۔ اگرعورت چاہتی ہے کہ وہ خوبصرت نظر آئے تو اس کو چاہیے کہ وہ نظرہی نہ آئے۔ ہرسال 4 ستمبر کو یومِ حجاب منایا جاتا ہے لیکن اس کا کیا فائدہ ہے؟؟ لوگ اپنے شوق کے لیے چند گھنٹوں صرف اپنے سوشل میڈیا فولورزبڑھنے کے لیےحجاب سے متعلق پوسٹ شیئرکرتے ہیں اورچند ہی گھنٹوں بعد وہ جب ان کی موبائل اسکرین سےغائب ہوجاتی ہے تو گویا ہوں ۔ سمجھ لیجئے کہ وہ ان کے دل و دماغ سے بھی غائب ہوجاتی ہے جبکہ قرآن میں بار بار عورت کوحجاب کرنے کی تاکید کی گئی یے۔ارشاد ہوتا ہے:
" اے نبیؐ! اپنی بیویوں اور صاجبزادیوں اورمسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنے اوپر چادرلٹکا لیا کریں۔ اس سے بہت جلد ان کی شناخت ہوجایا کرے گی پھر نہ ستائی جائیں گی اور اللہ بڑامغفرت کرنے والا ہے۔"
آج کل معاشرے کی عورتوں کا حال دیکھ کر مجھے خیال آتا ہے کہ اقبال نے صحیح فرمایا تھا:
زمانہ آیا ہے بےحجابی کا عام دیدارِ یار ہوگا
سکوت تھا پردہ دارجس کا وہ راز اب آشکار ہوگا
پھر نہ جانے کیوں یہ لڑکیاں شکایت کرتی ہیں کہ نامحرم افراد ان کو عجیب نظروں سے دیکھتے ہیں۔ تو جب لڑکیاں خود اپنی حفاظت نہیں کر سکتیں تو پھر نقصان کے بعد وہ یہ فریادیں اورشکوے کیوں کرتی ہیں جب وہ اپنے پردے کا خیال نہیں رکھتیں توزمانے کی آنکھوں میں بھی انہیں بے حیائی ہی میسر ہوگی۔
حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی
خدا کرے تیری جوانی رہے بے داغ
اگربےحجاب، کھلے سراور تنگ کپڑے پہن کرگھومنے اوراپنے چہرے اور جسم کی نمائش کرنا "ماڈرنزم" ہےتومیرے خیال میں جانور سے زیادہ ماڈرن تو کوئی بھی نہیں۔ مجھےاس بات پر بہت حیرت ہوتی ہے پہلے شرم کی وجہ سے پردہ کیا جاتا تھا اور اب پردہ کرتے ہوئے شرم آتی ہے۔
ساری بحث کا لب لباب یہ ہے کہ حجاب عورت کی شرم و حیا کی زینت ہےاسے زینت ہی رہنےدیں۔اسے پامال نہ کریں۔عورتوں کے لیےاسلام کا اس سے اچھا تحفہ میری نظر میں کوئی نہیں ہو سکتا یہ خدا کی طرف سے دیا گیا انمول اعزاز ہےجس کو حاصل کرنے کا شرف اورتوفیق شاید ہم سب کے پاس نہیں۔ کاش کے آج کے جدید زمانے کی جدید لڑکیاں اس بات کو سمجھ سکیں آمین۔
بے حیائی کی ٹھنڈک سے
پردے کی گرمائش بہتر ہے



































