
مصباح رفیق
کبھی زندگی بہت حسین لگتی ہےبہت پیاری، ہر بری چیز بھی پسند آنا شروع ہو جاتی ہے لوگوں کی منفی اور دل دکھانے والی تمام باتیں بھی
اچھی لگتی ہیں ۔جیسے زندگی یک دم پرسکون ہو جاتی ہے۔ ایک انجانی سی خوشی محسوس ہوتی ہے،جس کی وجہ ہم خود نہیں جانتے۔جیسے اچانک سب کچھ بہت اچھا ہوگیا ہو ۔مشکلات کے باوجود ایک اطمینان جو ہمارے دل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
اور کبھی یہی زندگی ساکن معلوم ہوتی ہے جیسے کسی موڑ پر رک گئی ہو ہر چیز میں اداسی دکھائی دیتی ہے رونے کو دل چاہتا ہے وہ بھی کسی وجہ کے بغیر کسی کی چھوٹی سی بات بھی دل میں چبھنے لگتی ہے خاموش رہنے کو دل کرتا ہے کسی سے بات کرنے کا دل نہیں چاہتا خاموشی کی زبان سے صرف اس رب خالق سے بات کرنے کا دل چاہتا ہے اور وہی بن کہے سن لیتا ہے جسے کوئی نہیں سمجھتا ہے اسےصرف وہی سمجھ سکتا ہے اور بس ہر چیز اس کے علم میں ہونے کے باوجود دل چاہتا ہے کہ خود اسے سب کچھ بار بار بتائیں
کبھی خوشی کی وجہ موجود ہونے کے باوجود خوش ہونےکا دل نہیں کرتا اور کبھی بغیر کسی بات کےسب کچھ سکون دینے لگتا ہے یہ ہماری زندگی کے الگ الگ رنگ ہیں جنہیں بعض اوقات ہم خود بھی سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں لیکن زندگی گزارنا صرف اس چیز کا نام نہیں کہ جب آپ خوش ہو تو دوسروں سے اسی طرح پیش آئیں اور جب اداس ہوں تو دوسروں کی دل آزاری کریں ۔
زندگی کا ہر رنگ اپنے اندر کئی راز رکھتا ہے ۔ہمیں صرف انہیں سمجھ کر چلنے کی ضرورت ہے۔ زندگی ایک انجان کتاب ہےاگلے صفحے پر کیا لکھا ہے کسی کو نہیں پتا تو کوشش کریں جس صفحے پر آپ ابھی موجود ہیں اسے خوش کن رنگوں سے بھریں اچھی یادیں اور باتیں درج کریں۔ اس سے پہلے کہ آپ کی کتاب کا یہ صفحہ آخری صفحہ بن جائے۔



































