
صائمہ وحید
میلاد ختم ہوچکا تھا ۔ایک بڑی تصویرخانہ کعبہ اورمسجد نبوی ص کی ہال کمرے کی دیوارپرآویزاں تھی جو چھوٹی خوبصورت لائٹوں سےسجی تھی۔ خواتین بھی آراستہ و پیراستہ
ایک دوسرے سےملتی،باتوں میں مشغول تھیں۔ بیگم اعظم کو مبارک باد دے رہیں تھیں۔
آپ عمرہ کرنے جا رہی ہیں۔؟؟؟
ہمسایہ رضیہ بیگم نے معلوم کیا۔
جی۔۔انشاءاللہ
بیگم اعظم نےمسکرا کر جواب دیا
آپ کےساتھ کون کون جارہا ہے۔۔؟؟
رضیہ کے ساتھ کھڑی میمونہ نے پوچھا
اپنی بیٹیوں،بیٹوں۔۔ سب کے ساتھ۔ جلد جانےکا ارادہ ہے۔
بیگم اعظم نے بتایا۔
بہت مبارک ہو۔۔ ماشاءاللہ۔
ہمیں بھی دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔۔ خواتین مصافحہ کرتیں گزارش کررہی تھیں۔
جی ۔۔ ضرور
وہ ملنساری اورخوش اخلاقی سے سب سے مل رہی تھیں۔
کھانا دسترخوان پرلگایا جارہا تھا۔انواع و اقسام کے کھانےکی خوشبو بھوک کے احساس کو دوچند کررہی تھی۔مگرزبیدہ بھائی کےکمرے کی طرف بڑھ گئیں۔
بھابھی نے روکا۔
ارے زبیدہ کہاں کھانا توکھالو۔
میں بھائی سے مل لوں ۔
دروازےپر دستک دے کروہ اندرداخل ہوئی تھیں۔
ٹی وی پرکرکٹ میچ دیکھتے۔اعظم بھائی مسکراکر بہن کی سمت متوجہ ہوئے۔
آؤ زبیدہ اورکیا حال ہے۔۔؟؟؟
بھائی مجھےآپ سے ضروری بات کرنا تھی ۔
ہاں کہو۔۔اعظم صاحب نے ٹی وی کی آوازبند کردی تھی۔
بھائی میری طبیعت بہت خراب رہتی ہے۔۔
مجھے بابا کےمکان میں میرا حصہ دے دیجئے ۔
زبیدہ نےہمت کرکے اپنامدعا بیان کردیا ۔
بابا نےتو صرف زمین خریدی تھی۔ پیسا لگا کرگھرتو میں نےبنایا ہےاور تمہارے علاوہ توکوئی حصہ نہیں مانگتا۔
وہ چھ بہن بھائی تھے۔
سب سے بڑےاعظم پھرزبیدہ، پھرایک بھائی،تین بہنیں۔
ان کےبابا نےزبیدہ کی شادی جلد کردی تھی۔ان کےشوہربھی فیکٹری میں ورکرتھے۔زبیدہ کے حالات اورصحت وقت کے ساتھ خراب ہوگئے۔ان کے شوہرکا بھی انتقال ہوگیا۔
بھائی سب خوشحال ،صحت مند ہیں۔ اللہ انہیں خوش اورسلامت رکھے۔
میں میری بیماری آپ کےسامنے ہے۔میرا۔بیٹا دن رات محنت مزدوری کرتا ہےمگر مہنگائی بہت ہے۔آپ میرا حصہ دیں تووہ بھی اپنی دکان کرلےگا۔
میں تمہیں حصہ دوں تواور سب بھی مانگیں گے، میں کہاں سے دوں گا۔
بھائی آپ نے ہی تو بابا سےوعدہ کیا تھا۔زمین کی قیمت لگاکر سب کے حصے دینے کا۔
تمہاری بیٹی کی شادی میں کھانےمیں ایک لاکھ خرچ کیا تھا میں نے۔
بہت احسان آپ کا۔۔۔۔۔ آپ نےزاہدہ کو بھی بیٹی کی شادی میں ایک لاکھ روپے دیئے ہیں،
میری بیٹی بھی کرائے کے گھر میں رہتی ہے۔۔۔۔ بہت پریشان۔۔
اچھا میں ٹھیکیدار کو لے کر آؤں گا دکھانے، چھت ڈلوادوں گا۔اوپر کمرہ بناکر شاہینہ کو رکھ لینا۔
بھائی کی مسکراہٹ سمٹ گئی تھی۔ تیوڑی کے بل اورچہرے پر برہمی نمایاں تھی۔ ٹی وی کی آواز تیز کردی تھی۔ کرکٹ میچ کی جانب متوجہ تھے۔
زبیدہ گھرسے باہر نکل آئی تھی۔انہوں نےپلٹ کر سبز،سرخ،سنہری لائٹوں سے سجے عالی شان گھر کو دیکھااورواپس اپنے گھر جانے کے لئے روانہ ہو گئیں۔۔



































