
صائمہ معید / سنیہ عمران / بہاول پور
قرآن انسٹی ٹیوٹ میں یوم اقبال کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،بچیوں نے بڑی محنت سے قرآن انسٹی ٹیوٹ کے سٹیج کو سجایا ۔پروگرام
کا آغاز قرآن انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ امتیاز عبدالرحمٰن کی پرسوز تلاوت سے ہوا ۔قرآن انسٹی ٹیوٹ کی معلمہ صائمہ معید نے پریزنٹیشن دی جس کا عنوان "کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور" تھا ۔انہوں نے بڑے جاندار انداز میں پروجیکٹر پر کلام اقبال کے پیغام کو واضح کیا کہ اقبال نے اپنی شاعری میں دین فطرت ، خودی، اسلاف کے کارنامے ،عشق حقیقی اور عشق رسول کا پیغام دیا ہے۔ان کے نزدیک ازروئے شریعت مذہب اور سیاست میں کوئی تفریق نہیں کیونکہ اس کا نتیجہ ہمیشہ چنگیزی اور عالمگیر تباہی کی صورت میں نکلتا ہے ۔انہوں نے مغرب کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کرتے ہوئے فرمایا کہ یورپ سے بڑھ کر انسانی اخلاقی ارتقاء میں بڑی رکاوٹ کوئی نہیں۔
اقبال کے خوابوں کی تعبیر اسلامی نظام تھا،انہوں نے مغربی تہذیب اور تعلیم کو اللہ سے دور کرنے کی وجہ بتائی ۔ان کی شاعری کا خاص مرکز نوجوان نسل ہے، وہ نوجوانوں میں شاہیں کی صفات دیکھنا چاہتے تھے کہ وہ شاہین کی طرح اپنے اندر خودی کی صفت پیدا کرکے نئی منازل طے کریں اور اپنی دنیا آپ پیدا کرکے عروج باکمال حاصل کریں ۔اقبال نے نصیحت کی کہ نوجوان نا امید ہو کر اپنی سرزمین کو خیر باد نہ کہیں بلکہ ملک کو مستحکم کرنے کے لئے جدوجہد کریں۔
انہوں نےکہا کہ اقبال کے خوابوں کی حقیقی تعبیر اس وقت سامنے آئے گی جب پاکستان میں مکمل اور نتیجہ خیز اسلامی قانون اور شریعت کا نفاذ ہو گا،
انہوں نے اشعار کو بھی بڑے جاندار طریقے سے پڑھا۔سال اول اور دوئم کی طالبات کے درمیان شکوہ جواب شکوہ ہوا جو بچیوں نے بڑی محنت سے تیار کیا تھا۔
اشعار پڑھنے کا انداز تلفظ کی ادائیگی سب بہترین تھا اور سب سے بڑی بات اتنے مشکل اشعار زبانی پڑھے گئے،پھر سال اول کی طالبہ اقصی اکرم نےکلام اقبال"دنیا کی محفلوں سے اکتا گیا ہوں یا رب "بڑے بہترین انداز میں پڑھا اس کے بعد سال اول کی طالبہ رافعہ رضوان نے
تقریر بعنوان "اقبال تیری قوم کا اقبال کھو گیا " بڑے جوشیلے انداز میں کی،پھر ہنیہ رضوان سال اول کی طالبہ نے خوب صورت انداز میں کلام اقبال "مضاف ذندگی میں سیرت فولاد پیدا کر " پیش کیا ۔
"خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر"کے موضوع پر فرسٹ ائیر کی طالبہ اقصی نے بڑے پرجوش انداز میں تقریر کی، یہ اپنی طرز کا ایک منفرد پروگرام تھا جس کی تیاری بہت محنت سے کروائی گئی تھی۔ حاضرین نے اسے بہت پسند کیا کہ ہماری ڈوبتی روایت زندہ ہوگئی ۔فرسٹ ائیر کی طالبہ عافیہ رضوان کی جاندار کمپئرنگ نے آخر تک پروگرام میں حاضرین محفل کی دلچسبی قائم رکھی ۔معلمہ مریم شیراز کی پر خلوص دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا ۔سب دلوں میں پروگرام کی بہترین یادیں لیے گھروں کو لوٹ گئے ۔



































