
مسرت جبیں
نصاب کی اہمیت اس بات سےعیاں ہے کہ اللّٰہ حکیم وخبیر نے کسی بھی قوم کی طرف کسی امت کی طرف جب کسی پیغمبرکو ہدایت دے کرمبعوث فرمایا تو
بطورنصاب ایک کتاب بھی نازل فرمائی جو امت کو ایک مرکز پہ ،ایک قبلہ، ایک سمت ایک پرچم تلے جمع کرتی ہے۔ ایک ہی نصاب سے تربیت پا کر میدان عمل میں زندگی کے ماہ و سال بسر کرنے والےایک امت اور ایک قوم کہلاتے ہیں۔
یکساں نصاب تعلیم ہی قوموں کو متحد رکھتا ہے۔ایک ہی تہذیب وتمدن اقدار معاشرت اور قومی نظریہ سےہم آہنگ ہو کر اپنی ایک خاص پہچان دنیا میں متعارف کروا سکتی ہے۔جب کسی ادارے کو تشکیل دیا جاتا ہے،مثلاً فوج پولیس عدلیہ وغیرہ وغیرہ تو اس ادارے کے تمام افراد تمام کرداروں کو ایک ہی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔وہ ادارہ مضبوط باوقار اورناقابل تسخیر ہوتا ہے۔ اگر فوج کی ملازمت کرنےوالے کووکالت اورعدلیہ کے قانون پڑھائے جاہیں اور عدلیہ کو فوجی قوانین توکوئی ادارہ بھی مکمل کامیاب نہ ہو لہٰذا جیسا قوم کا کردار بنانا مقصود ہوتوان ہی خطوط پرقوم کی تعلیم و تربیت کی جائے تو مطلوبہ نتائج مل سکتے ہیں۔خواہ کوئی بھی مذہب ہو۔ عیسائیت ، یہودیت ،ہندوازم اور اسلام اپنے اپنے نصاب کے مطابق تعلیم کا دیا جانا انصاف کا تقاضا ہے۔
الحمدللہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو دوسرے مذاہب کی تعلیم سے مناسبت رکھتا ہے ۔قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ قرآن پہلی کتابوں کی تصدیق کرتا ہے۔نصاب ہی تعلیم میں بنیادی اکائی ہے۔خشت اول ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہےاور ہمیشہ سے نصاب قومی نظریہ کی اساس پرمرتب کیا جاتا ہے۔
وطن عزیزایک نظریاتی ریاست ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان لا الہ الااللہ کے نام پروجود میں آیا۔اس کے قیام کا مقصد ہی لا الہ الااللہ کی حاکمیت تھا پھر کیسے ممکن ہےکہ تعلیمی نصاب اس نظریے سے متضاد ہو۔ اقلیتوں کے حقوق اپنی جگہ بجا مگر اقلیتی دباؤ میں پوری قوم کو نسل نو کو اصل نظریات سے اسلامی تعلیم سےلا علم کیونکہ رکھا جا سکتا ہے۔دنیا کے تمام ممالک میں ہرقوم ہرمذہب ہررنگ ہرزبان اورہرتہذیب وتمدن میں رنگے ہوئےلوگ بستے ہیں اور ہمیشہ اکثریت کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے نصاب تعلیم کا نفاذ ہوتا آیا ہے اور ہونا چاہئے ۔ اگر نصاب تعلیم قومی نظریہ سے متضاد ہو تو قوم کی بقاء کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ دعویٰ داراقلیتیں بھی تو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہری ہیں۔کچھ سیکولر،لبرل تنظیموں کی پشت پناہی میں عدالت میں رٹ دائر کرنا کہ ایلیمنٹری کلاسز کےنصاب میں حمد ونعت اوراسلامی تعلیمات کو شامل کرنے کے خلاف رٹ بےمعنی ہے،جبکہ یہ نصاب اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مسلم بچوں کو پڑھایا جاتا ہے ۔رہی اقلیتوں کی بات تو ان کے لیے پہلے بھی اسلامیات کےمقابل اخلاقیات پڑھائی جاتی ہے،آج تک توغیر مسلم شعراء فخرومسرت سے کہتے نظر آتے ہیں۔ دلورام کوثری مشہور و معروف نعت گو
کچھ عشق محمد میں نہیں شرط مسلمان
کوثری ہندو بھی ہے طلب گار محمد
مثنوی گلزارِ نسیم میں لکھی ہوئی یہ نعت اور ہی داستان سنا رہی ہے۔
عشق ہو جائے کسی سے کوئی چارہ تو نہیں
صرف مسلم کا محمد پہ اجارہ تو نہیں
اس کی روشنی میں رٹ دائرکرنے والے اقلیتوں کا اپنے اسلاف کے جذبات واحساسات کےبارے کیا خیال ہے۔ہر امریکی بچے کو ایلمنیڑی اورجونئر،سینئر ہائی سکول میں امریکہ کی تاریخ ان کے ہیروز کے تاریخی کارنامے اسکولوں میں لازمی مضامین میں بائبل کوبطور تاریخ کلچرلٹریچر اور اخلاقیات پڑھایا جاتا ہے۔
تاریخ کا قرآن میں بیان اس بات کا ثبوت ہےکہ قومیں اپنےمستقبل کے خاکے جس طرز پراور جس سمت بنانا چاہتی ہیں،ویسی ہی قوموں کے افراد اذہان تیارکیے جاتے ہیں ۔ اللّٰہ حکیم وخبیرنے سابقہ قوموں کے حالات واقعات اعمال طرز زندگی معاشرت کھول کھول کر بیان کیے ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کردیا کہ پہلی قوموں کے انسانوں کے حالات واقعات معاملات بیان کرنے کا مقصد عبرت نصیحت یاد دہانی ہی توہےتاکہ مستقبل میں سبق سیکھ کر دنیا و آخرت میں رسوائی ناکامیوں اورعبرتناک انجام سے بچا جاسکے۔ صالحین کی پیروی اجرعظیم ، عزت وتوقیر اوررب رحیم کی رحمت رضامندی کی نوید سنائی دے
تاریخ گواہ ہےکہ جو قومیں، جوامتیں ،جوریاست اپنی تاریخ بھول جاتی ہےوہ اپنی تاریخی فتوحات ، اسلاف کےشاندار کارناموں کو پردہ سکرین سےغائب کر دیتی ہیں جواپنی نسل نومیں اپنےعظیم رہنماؤں کےعظیم کارنامے اورغدار کی غداری میں تمیزنہ کروا سکے،جب ناکامیاں اورکامیابیاں سبق آموز نہ رہیں تو قومیں بھی صحفہ ہستی سےمٹ جاتی ہیں ۔ بد قسمتی سے یا منصوبہ بندی سے ہماری نسلوں کو تاریخ کے حقائق سےنا آشنا رکھا گیا جو مختصر ترین تاریخ بیان بھی کی گئی تو مسخ شدہ ، نامکمل اورالجھی ہوئی ہے۔ آج کل کا نوجوان محب وطن پاکستانی کسیے بن سکتا ہے ؟گھوڑے کی زندگی پر غور کریں تو مشاہدات بتاتےہیں کہ گھوڑے کی تربیت اسی طرح کی جاتی ہے جس نوعیت کا اس سے کام لینا مقصود ہوتا ہے،جب گھوڑوں کو جنگی مہمات میں شریک کرنا ہوتا ہے تو جنگی میدانوں میں مجاہدین کے ساتھ ساتھ گھوڑوں کو بھی سخت جان بنایا جاتا ہے اور جب کسی گھوڑے کو کسی سرکس میں نچوانے کی ضرورت پڑتی تو اس کی تربیت بھی نچوانے کی ہی جاتی تھی، بالکل ایسے ہی پاکستانی عوام نسل نو کے ساتھ ہو رہاہے۔ دراصل مسئلہ اقلیتوں کا نہیں مسئلہ وطن دشمن اسلام دشمن لبرل سیکولرطبقے کا ہے جو وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے درپے ہیں ، ہدف پاکستانی قوم سے پاکستانیت کو کھرچنا ہے ۔ پاکستانی نسل نوکو روحانی اوراخلاقی و ایمانی طور پر مفلوج کرنے کے خواب سجا رکھے ہیں۔ سب سے زیادہ کاری ضرب بھی تعلیم نظام پر لگائی جاتی ہے۔محض ڈگری ہولڈرجاہل پیدا کرنا مقصود ہے۔ پاکستان کی نام نہاد آزادی کو نسل نو کو ذہنی غلامی دے کرغلامی میں بدلنے کیلئےیہ سب جال بچھا ئے جارہے ہیں ۔
پاکستانی طلبا غیرمسلم ممالک میں تعلیم حاصل کرنےنہیں جاتے۔غیر مسلم ممالک میں ان کے اپنے مذہب پر مشتمل نصاب پڑھایا جاتا ہےتب وہ بھی تو اقلیت ہی ہوتےہیں۔ کبھی کسی غیر ملکی، غیراسلامی نصاب پراعتراض اٹھایا گیا؟ تو اب اسلامی ریاست میں اسلامی تعلیمات کو نصاب تعلیم میں شامل کرنے پر اعتراض کیسے ہوا۔
نوٹ: ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































