
مسرت جبیں
عزیزاہل پاکستان
اس وقت وطن عزیزبڑے کڑے امتحان سےگزررہا ہے۔قیام پاکستان ہی سے دشمن اس کی جڑیں کھوکھلی کرنےکیلئےہرحربہ ہرچال چل رہا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ دشمن جاگ اورہم سو رہےہیں ۔یہ دجالی دور ہے، پردہ سکرین پہ کچھ ہے،پس منظرکچھ اورہےجو پس منظر ہےوہ ہی حقیقت ہے اور وہ بہت بھیانک ہے ۔حکومتوں کا آنا اور جانا، شخصیت پرستی یہ سب ایک جال ہے ۔
سب سے قیمتی ہمارا ایمان ہماری اولاداوروطن عزیزکی بقاء ہے۔دشمن ہماری صفوں میں گھس چکا ہے۔اس نازک وقت میں نا جانےجوجگری یارہے وہی غدار ہےیا جس کو ہم دشمن سمجھتے ہیں وہی ہمارے لیے اصل دوست ہے۔
دشمن بھیس بدل بدل کروارکررہا ہے۔کبھی مذہبی انتشار ،کہیں تفریقات، کہیں سیاسی کشیدگی ،اپنوں کی تباہی اپنوں کےہاتھوں ۔قوم کو توڑنےکی بھرپور تیاری ،وطن عزیز کوکمزور کرنے کی پرزورچالیں ۔حالات کا جائزہ تحمل سے لیں۔ کبھی پارا چنار کا واقعہ کبھی مذہبی تعصب ۔یہ سب منظم منصوبہ بندی ہے۔
خدا کےلیے دشمن کی چالوں کو پہنچانےکی اشد ضرورت ہے۔دشمن کی دشمنی کا شکارنہ ہوں ۔ہماری اولاد بہت قیمتی ہے۔نسل نو کو ان فسادات سے بچائیں۔یہ وقت بیت جانےگا ۔ اگراس میں کسی ایک انسانی جان کا نقصان ہےتو پوری قوم کا نقصان ہے ۔ افراد ہیں تو قوم ہے۔اگراداروں کے وقار کو پامال کیا گیا تو قوم کی پامالی ہے۔ یہ وقت جوش کا نہیں ہوش کا ہے ۔ متحد ہونے کا وقت ہے ۔ قوم کی تربیت کی اشد ضرورت ہے ۔ برداشت ،اتحاد واتفاق اور نرم دلی سےکام لیں ۔اپنے بچوں کوکنٹرول کریں ۔اس وقت خاموشی سب سے بہترین حل ہے ۔
کسی بھی مذہبی بحث، تبصرے ، تفریقات سےمعاشرے کو منتشرنہ کریں ۔سیاسی کشیدگی کو بھی افہام وتفہیم ،تحمل مزاجی ،حکمت وفراست سے حل کریں، ایک دوسرے کے جذبات بھڑکانےسےگریزکریں۔میرا خیال ہے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ۔ہر فورم پر اتحاد واخوت کی بات کی جائے۔ شرکے تیزتیروں سے بھی پہلے متحد ہونے کے ثمرات عوام تک عام کیے جائیں ۔طاغوتی جال کو توڑنے کا یہی حل ہے۔دشمن کو اپنی چالوں میں خود کامیاب نہ کریں ۔
اجتماعی استغفار کریں ۔ خوداحتسابی بہت ضروری ہے۔اتحاد ملت کےلیےہنگامی بنیادوں پہ اٹھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔ اللّٰہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے ۔ اسلام کا قلعہ بنائے۔ میرے بچوں کی خیر ہو ۔میرے وطن کی خیرہو۔ہر فرد کی جان عزت، توقیراورمال کی خیر ہو ۔
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
یا اللّٰہ میرے وطن عزیز کے مقدس اداروں کا وقار سلامت رکھ ۔ان اداروں کےرکھوالوں کو توفیق عطاء فرماکہ ان مقدس اداروں کی آن پر آنچ نہ آنےپائے۔دشمن کوہم پرہنسنے کا موقع نہ دے ۔ یا اللّٰہ پاکستان کے اندرونی بیرونی دشمنوں کی چالوں کو خود ان پہ الٹ دے ۔ اپنے رحم کا سایہ نصیب فرما ۔ہماری غلطیوں ،گناہوں کو معاف فرما ۔ہم سے راضی ہو جا ۔ اپنا غضب دور فرما ۔ یا اللّٰہ پاکستان سلامت رہے تا قیامت رہے ۔آمین



































