
مسرت جبیں
صدیوں سےصدائےابراہیم علیہ السلام پہ باذن اللّٰہ دنیاکےٹھکرائے ہوئے دکھوں سےلدے ہوئے،غموں سے چوراپنوں کے لگائے ہوئے رستے
زخم، زخمی زخمی وجود لیےاس امید کے دیےجلائے رب رحیم وکریم کی رحمتوں سے دامنِ بھرنےکشاں کشاں اس درپہ حاضری کے لیے دوڑے چلے آتے ہیں۔ ہاں پوری کائنات میں یہی تو درہے،درد کا درماں ،جائے پناہ، امن کا گہوارہ سلامتی کی علامت غموں دکھوں کی علاج گاہ ، سکون قلب کامسکن، راحتوں محبتوں کا آمین، اسی درپہ جبیں سجدہ ریز ہو گئی تو نجات کی نوید مل پائے گی ۔عظیم رب کی عظمت و کبریائی ہی توہے کہ اتنی عظیم نعمتوں سےنوازا ہے۔چشم تصورمیں وہ روح پرورمنظر جب اللّٰہ کےعاجز بندے دیوانہ واربیت اللہ کا طواف کرتے ہیں توخود بخود فضا یہ پیغام دیتی ہے کہ یہی تو مرکز ہے ،یہی تومنزل ہے، یہی توفلاح دنیا وعقبی ہے۔ یہی تو پہلا گھر ہےجو اللّٰہ نے بابرکت شہرمکہ میں امن والا، سلامتی والا بنایا ہے۔ اس گھر کے علاوہ کہیں سلامتی نہیں۔
طواف کعبہ حجراسود سےاستلام سےشروع ہوتا ہے اورحجر اسود کیاہے جنت کاپتھر،جنت سےلایا گیا ہےاورانسان کا اول گھر بھی جنت ہی تھا۔ اپنا ہی گھر سب کو پیارا ہوتا ہے۔ انسان کہیں بھی جائےخواہ دنیا جہان کی نعمتیں پالےکتنےہی آرام دہ خوبصورت عمدہ ٹھکانےمل جائیں مگرہرانسان کوتانگ تڑپ اپنے ہی گھرکی لگی ہوتی ہے ۔ سکون اپنے ہی آنگن میں ملتا ہے ۔ اے انسان تو بھی اپنا اصل گھر کیسے بھول سکتا ہے۔
طواف کعبہ کا آغازحجراسود سےاوراختتام بھی حجراسود پر ہوتا ہے۔ اے بےخبر کچھ خبربھی ہےتجھے۔ طواف کعبہ کیا پیغام دے رہا ہےتجھے۔اے انسان سفرزندگی کو پوراکرلےپھرلوٹ کرتجھے اپنے ہی گھر آنا ہے۔ اگراپنےگھرکا رستہ بھول گئے تو پھرسکون تو کیا موت کے بعد موت کو پکارو گے مگر موت بھی نہ مل پائے گی استغفرُللہ ۔
یہ دنیا گول ہے جیسے کعبے کے گرد گول چکر ہیں جس مرکز سےچلےتھے وہیں لوٹ آنا ہے۔ طواف کعبہ بیت اللہ کے گرد گھومنے کا نام نہیں چکر پہ چکرنہ کاٹے جا ۔ اللّٰہ رب العزت رب العالمین کو تیرےان چکروں کی کچھ حاجت نہیں گوساری دنیا ساری کائنات بھی اس کے حضور جھک جائے اس کی کبریائی میں اضافہ نہیں کرسکتی ۔ ساری کائنات بھی اس کی منکر ہو جائے تب بھی اس کی عظمت و کبریائی میں سوئی کے ناکے جتنی کمی نہیں آئےگی ۔
یہ طواف توعلامت ہے ،یہ تو تربیت ہےکہ اے مومن جب تودائرہ اسلام میں داخل ہو گیا جب تونےلا الہ الااللہ کو اپنے دل میں اتار لیا تو تیری حیات و ممات شب وروز،پل پل ،لحظہ بہ لحظہ، قدم قدم ،سانس بہ سانس اپنے کرم کرنےوالےرب کا غلام ہوا۔ تیری زندگی میں طواف کرنے کی سعی تجھے یہی سبق پڑھاتی ہےکہ جس طرح توطواف کرتے ہوئےاس گھر سے نسبت رکھے ہوئے ہے۔اسی طرح زندگی کےمرحلے میں معاشی معاشرتی عبادات معاملات حقوق وفرائض خلوت وجلوت کے رازونیازہوں کہ خوشی وغم کے موسم دوست ہوں کہ دشمن خواہشات آرزوئیں دکھ سکھ تیری ساری تنابیں، سارے تار اسی گھروالےکی رضا سے،حکم سے ،اختیار سے مشروط ہیں تو آزاد نہیں۔ کبھی بھی کہیں بھی نہیں ، یہی درس زندگی ہے، یہی منشاء ،یہی دستورحیات ہے ،یہی مقصود فطرت ہے اور یہی مقصد زندگی ہے۔قل ان صلاتی ونسکی ومحیائی ومماتی للّٰہ رب العالمین۔ بےشک میری نماز میری قربانی میری زندگی میرامرنا اللّٰہ رب العالمین کے لیے ہی ہے ۔



































