
عالیہ روف
ماں بھی کتنی پیاری ہستی ہوتی ہے نا ؟کہ جس کا خیال آتے ہی یادوں کے کتنے سارے موسم ایسے ذہن کے دریچے میں اترنے لگتے ہیں اورپھر محبتوں
قربتوں قربانیوں کے سارے چراغ دلو دماغ کوروشن کیےجاتے پیں۔ ماں کب خوش ہوتی ہے یا دکھی ہوتی ہے ماں کےسارے دکھ سکھ اس کی اولاد سے شروع ہوتے ہیں ہرماں معاملے میں اولاد کی خوشی کواولین ترجیح دینے والی ہستی ہے۔ماں صبرشکر اورحسن کی دولت سے مالا مال ہستی ہے۔
ماں کا دل احساس اور محبت سےلبریز ہوتا ہے۔ماں کبھی اولاد کا برا سوچ بھی نہیں سکتی ماں کی آہ عرش تک جاتی ہے ماں کی دعا کبھی رد نہیں ہوتی ۔ بچے بوڑھے بھی ہو جائیں مگر ماں کے لیے ہمیشہ بچے رہتے ہیں۔ ماں کی خدمت سے جنت ملتی ہے اور نافرمانی سے اللہ ناراض ہوتا ہے ۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہیں ماں کی خدمت کا موقع مل جاتا ہےجس کے ساتھ ماں کی دعا ہوتی ہے اس کے لیے ہر کام میں آسانی ہوتی ہے۔
مجھے ماں کو مسکراتا چہرہ اچھا لگتا ہے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ میری ماں جہاں بھی رہےخوش رہے۔ کوئی دکھ یا تکلیف میری ماں پر نہ آئے۔ ماں کا متفکر چہرہ اور اس کی خاموشی مجھےخوفزدہ کردیتی ہے پتہ نہیں کون سے دکھ اور کونسی پریشانی سے وہ اداس اورخاموش ہے ۔ ماں کے چہرے پر اطمینان میرے لیے باعث سکون ہوتا ہے ۔ مجھ سے دور ہو یا پاس اس کی خوشبو اس کا احساس اس کی یادیں اس کا میری پیشانی پرکیا بوسہ مجھے ہردم اس کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔ مجھے یوں لگتا ہے جیسے میری ماں سب سےزیادہ خوبصورت تھی مگرمجھے ایسا بھی لگتا ہے کہ دنیا میں جتنی بھی مایئں ہیں سب خوبصورت ہی ہوتی ہیں جبھی تو اللہ نے ماں اعلیٰ مقام سے نوازا ہےاور جبھی تو اللہ تعالٰی نے قرآن پاک میں ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ اللہ تعالٰی کی اپنے بندے سے محبت ماں کی محبت سےستردرجے زیادہ ہے۔
ماں روٹھ جائے تو انسان دنیا وآخرت کو گنوا دیتا ہے اور ماں کی خوشی کے بدلے اللہ تعالٰی اویس کرنی کا رتبہ عطا کر دیتا ہے۔مجھے میری ماں کی ہرادا بہت اچھی لگتی ہے۔ کبھی لوری گاتی ،کبھی بالوں کوسہلاتی ،کبھی نماز پڑھتی، کبھی قرآن کی تلاوت کرتی ،کبھی کھانا بناتی ،کبھی میری خوشی میں بہت خوش ہوتی کبھی میری سالگرہ پر مجھے گلےسے لگاتی کبھی کسی غلطی پرمجھےروکتی کبھی اچھے برے کی پہچان کرواتی کبھی بڑوں کی عزت کے اندازسکھاتی ۔ کبھی اپنے بچپن کے قصوں سے ہماری اصلاح کی کوشش کرتی۔ کبھی اچھائی کے راستے کی راہ دکھاتی کبھی دنیا کی نظر سے بچا کراپنی آغوشی میں لیتے ہوئےحوصلہ دیتے ہوئے۔کبھی صبر کا درس دیتے ہوئے، کبھی مشکلوں میں خاموشی کا دامن تھامنے کا سبق دیتے ہوئے، کبھی میرے درد پربے قرار ہوتےہوئے، کبھی ہماری خوشی پر خوش ہوتے اورغم میں نڈھال ہوتے ہوئے اور کبھی شرم و حیا کی تصویر بن کر ہمیں سیدھی راہ دکھاتی ہوئی، کبھی غلطی پر آنکھ دکھاتی اور کبھی اچھائی کے پلوں میں مسکراہٹ سے سراہتی ہوئی، کبھی کعبے کا طواف کرتے ہوئے سب روپ دل کو موہ لینے والے ہوتے ہیں ماں کے ۔
جب دل بوجھل ہوجائے تو ماں کے مسکراتےچہرے کو دیکھ کرسکون مل جاتا ہے۔ایک امید ،ایک سہارا سا مل جاتا ہے کہ کوئی بےغرض سا رشتہ ہے جو ہمارے ساتھ ہے جس کی دعا کی برکت سے رب العزت ہم پررحمت کی بارش برساتا ہے اورہماری زندگی کوخوشیوں سےبھر دیتا ہے۔ ماں کی مثال کیا دیں کہ جیسے دھوپ میں گھنا سایہ کہ اندھیرے میں روشن چراغ کی مانند تودکھ اورتکلیف میں احساس اور ہمدردی کی ایسی مرہم پٹی کی مانند کہ جس کے بعد درد ذرہ برابربھی محسوس نہ ہو۔ماں کی مثال کیا دوں کہ ماں جیسی ہستی کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا کہ ماں کے بارے میں اگر کوئی پوچھے کی ماں کیسی ہوتی ہے تو یہی دل سے آواز آتی ہے کہ ماں تو بس ماں جیسی ہوتی ہے ۔



































