
عالیہ رؤف
زندگی ایک کتاب ہےجو کہ لکھی توہمارے بارے میں جاتی ہےمگراس کاہرپہلوہرلفظ ہمارا ہوتے ہوئےبھی ہمارے بس میں نہیں ہوتا۔ کسی کا ہماری
زندگی میں آنا کسی کا جانا، جینا مرنا ،ہرسانس، ہمارے اختیارمیں کچھ بھی نہیں ہوتا ۔ اچھی قسمت بری قسمت کسی سے نفرت ،کسی سے محبت ،کسی کا فریب ،کسی کااحساس ،کسی کےدل کو توڑنا کسی سے قطع تعلق کرنا، کسی اجنبی کا اپنا پن اورکس اپنے کا بیگانہ پن کیا کیا ہےجو ہم سہے جا رہے ہیں کتنے کڑوے لہجے کتنے طنزکےتیرکتنے الزام اور کتنے بہتان یہ سب۔۔۔۔ جی ہاں سب کا سب حرف بہ حرف آپ کی کتاب پرموجود ہے ۔
کبھی کبھار ایسا بھی ہوسکتا ہےکہ کچھ برے رویے وقت کے ساتھ اپنی تلخی کم کرجاتے ہیں یا کہیں پرکچھ معاملات میں ہم بھی نرم پڑجاتے ہیں اور وہ بھی اس لیے کہ کچھ جگہوں پرمروت آڑے آجاتی ہے۔غلطی اورخطا ہرکسی سےسرزد ہوسکتی ہےاور آدم کی اولاد ہیں خطا ہوہی جاتی ہےاورجرم ہو جاتے ہیں اورگناہ بھی ہوجاتاہے۔ اللہ ہمیں معاف فرمائے آمین۔
ایک مثال بھی تو کہنےاورسننےمیں آتی ہے کہ پہلے تولوپھربولو کیونکہ کمان سےنکلا تیر اورزبان سےنکلی بات واپس نہیں مڑسکتی 'بلکل ایسے ہی زندگی کے ساتھ گزرتے واقعات حادثات دوست دشمن اور ہر ہرپل اس کتاب میں درج ہوتا جاتا ہے۔ کچھ ایسے معاملات واقعات بھی ہوتے ہیں کہ جن کوہم پسند نہیں کرتےمگرپھر بھی وہ زندگی کی کتاب کا حصہ بن جاتےہیں اوریہ کتاب کی طرح ہی تو ہے کہ اگر آپ اس کتاب سے ناپسندیدہ باتوں کومٹانا چاہیں گےیا صحفات کو پھاڑ کرکوشش کریں گےتو ایک تو کتاب اپنی خوبصورتی کھودے گی اوراس کی پائیداری کو بھی نقصان پہنچے گا ۔ اس لیے ہر قدم پھونک پھونک کررکھنےہی میں سمجھداری ہے ۔ غلطی ایک بارہوتی ہوباربارنہیں ،ہمیں اپنی زندگی کی اس کتاب کوبہت ہی پیارے کردارواقعات اوراچھےاعمال سے بھرنا اوراس میں خوش نمارنگ بھر کے اسے خوبصورت ترین بنانا ہے۔
ہم اکثربری بات کا الزام وقت قسمت اور دوسروں پر رکھ دیتے ہیں ۔ اللہ رب العزت قرآن پاک میں فرماتا ہے کہ انسان کو وہی ملتا ہےجس کی وہ کوشش کرتا ہے اور دیکھیں نہ آپ نماز پڑھنے کی نیت کرتے ہیں تو نمازہی ادا کرتے ہیں ۔ بات صرف نیت کی ہوتی ہے۔ آپ مضبوطی سے اللہ کی رسی کو تھام لیجئے اورنیت باندھ لیجئے تو وہی ملے گا جو آپ نیت کر لیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا دو راستے سامنے رکھےاورچننا ہم پررکھا اورجس طرف ہم قدم بڑھاتےجاتےہیں، وہ اسی کی طرف آسانیاں پیدا کرتاجاتا ہے، اچھےکا اجر اچھا ہی ہوتا ہے اور برے کا برا۔ اس بات سے تو ہم سب واقف ہیں مگر جب شیطان وسوسے ڈالتا ہےتو وہی تو کڑی آزمائش کا وقت ہوتا ہے کیونکہ اسی وقت وہ ہمیں غلط کو اچھا کرکے دکھاتا ہے اور انسان اس کے بہکاوے میں آ جاتا ہے اور شیطان تو یہی چاہتا ہے کہ ہم خسارے میں رہیں اور وہ اللہ کے ساتھ جڑےلوگوں کو بہکانے کی کوشش کرتا ہےمگر وہ جو نیت ارادے کےپکے سچے ہوتے ہیں اوراللہ کی محبت سے لبریز ہو جاتے ہیں انہیں بہکانا آسان نہیں ہوتا اورنماز کی نیت باندھ کر جب ہم اللہ کے حضور صراط مستقیم پرچلنے کی ہدایت کی توفیق کی دعائیں کرتے ہیں تو وہ ضرور سنتا ہے اور قبول بھی کر لیتا ہے۔ وہ تو سب کی سنتا ہے۔ ہمیں پکارنا نہیں آتا وہ تو سب کی قبول کرتا ہے۔ ہمیں عبادتیں کرنانہیں آتا ۔ وہ تو سب کی توبہ قبول کرتا ہے۔ ہمیں توبہ کا طریقہ نہیں آتا۔
بس نیت ہی ایک ایسا بنیادی عمل ہے،اگر یہ اچھا سچا ہے تو دنیا بھی آپ کےہاتھ آخرت بھی کیونکہ اللہ نیتوں کو جانتا ہے اورجب اس کو ہماری نیت کی پاکیزگی پسند آجاتی ہے تو پھر دنیاوآخرت سنور جاتی ہےاللہ سے ہر ہر پل دعا ہے کہ ہمارے دلوں کو نیکیوں کی نیتوں سے لبریزکرکے گناہوں کی کالک کو اور زنگ کو دلوں سے دھو دے تاکہ ہمیں آخرت میں رب کےسامنے پیش ہوتے ہوئے شرمندگی نہ ہواللہ تعالٰی ہم پر اپنا کرم اور رحم فرما دے ۔آمین



































