
ثمینہ گل
ایک چشم کشا تحریر
محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893میں کراچی میں پیدا ہوئیں ۔چند سال میں ماں باپ کی شفقت سےمحروم ہوگئیں ۔ ان کی پرورش کی ذمہ داری ان کے
بھائی محمدعلی نےاٹھالی ۔ کھنڈولہ ہائی اسکول سے میٹرک کیا اورسینئر کیمبرج کا امتحان پاس کیا اورڈاکٹر احمد ڈینٹل کالج سے پڑھ کر ڈینٹسٹ بن گئیں اور بمبئی میں کلینک بنایااور پریکٹس شروع کردی ۔
یہ وہ وقت تھا جب مسلم گھرانےاپنی بیٹیوں کو تعلیم دینے کے خلاف تھے ۔ کچھ ہی عرصے کےبعد قائد اعظم کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہوگیا تو محترمہ فاطمہ جناح نے اپنا کلینک چھوڑ دیااور قائد اعظم کے پاس آگئیں اوران کی بیٹی کی ذمہ داری اٹھالی ۔
محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی قائداعظم کا میدان سیاست میں ساتھ دیا۔ قائد اعظم نےفرمایا جب مجھے خدشہ ہواکہ برطانیہ حکومت مجھےقید کرلےگی تو اس وقت فاطمہ جناح میرے لئے حوصلے کا ذریعہ بنیں ۔
آل انڈیا مسلم لیگ کی جب تشکیل ہوئی تو بمبئی صوبائی ورکنگ کمیٹی کی رکن بن گئیں او ر1947 تک اسمیں کام کیا ۔ فروری 1941 میں دہلی میں آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس کی بنیاد رکھی ۔پاکستان کے لئے قائد اعظم کے شانہ بشانہ کام کیا اورخواتین کو آزادی کا شعوردیا۔پاکستان کی آزادی کے لئے مصروف رہیں اس لئے شادی نہیں کی۔آزادی کے بعد مہاجرین کی آباد کاری میں مصروف رہیں ۔
جس دور میں جینا مشکل ہو
اس دور میں جینا لازم ہے
اس کے مصداق 72سال کی عمر میں ان کو عملی سیاست میں آنا پڑا۔1965 میں ایوب خان کےمقابلےمیں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے اوران کے نومینیشن پیپرزکو شیخ مجیب الرحمن نےجمع کروایا۔ محترمہ فاطمہ جناح کی الیکشن کمپین شروع کرنے کی دیر تھی کہ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے اپنی توپوں کا رخ مادرملت کی طرف کردیا۔ ایوب خان جومادر ملت کے مقابلے میں تھا اس کی پریشانی حد سے بڑھ گئی کیونکہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی مقبولیت اتنی تھی کہ مشرقی پاکستان بنگال میں وہ بلا مقابلہ منتخب ہوگئی تھیں ۔ یہی وجہ تھی کہ ایوب خان نے کوئی حکومتی ہتھکنڈانہ چھوڑا۔ محترمہ فاطمہ جناح کی جتنی کردارکشی وہ کرسکتے تھےکی۔ یہاں تک کہ اس وقت کے بڑے بڑے جید علماء سےیہ فتویٰ بھی لیا گیا کہ اسلام میں عورتوں کی حکمرانی حرام ہے ۔
ایوب خان کا لےپالک بیٹا ذوالفقارعلی بھٹو نےجلسوں میں مادرملت پر تہمت لگائی ، ذومعانی جملہ کہا کہ آخر فاطمہ جناح شادی کیوں نہیں کرتی ؟بتایا جاتاہےکہ اس وقت کچھ غیرملکی سفیر پاکستان آئے ہوئے تھے جب انہوں نے یہ الزام سنا تو کہنے لگے یہ کیسی قوم ہےجواس خاتون پر الزام لگا رہی ہے جو قوم کی ماں ہے ۔محترمہ فاطمہ جناح نے بھٹو کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے بھٹو کو شرابی اورعورتوں کا رسیا کہا ۔ایوب خان نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں محترمہ فاطمہ جناح پرالزام لگاتے ہوئے کہا کہ مس جناح غیرشادی شدہ زندگی گزاررہی ہیں جو خلاف فطرت ہے۔ ایوب خان نے یہ بھی الزام لگایا کہ قائداعظم فاطمہ جناح کوکمرے میں بند کرکے تالا لگا دیا کرتے تھے تاکہ یہ عورت گھر کے باہر قدم نہ رکھ سکے۔
محترمہ فاطمہ جناح کی کردار کشی کی ہرحدعبور کی گئی۔ محترمہ فاطمہ جناح کا انتخابی نشان لالٹین تھا۔ گوجرانوالہ کےغلام دستگیر نےایک کتیا کے گلےمیں لالٹین اورمحترمہ فاطمہ جناح کی تصویر لٹکا دی اور اس کو شہر شہر گھمایا ۔ ایوب خان کاانتخابی نشان پھول تھا ۔ محترمہ فاطمہ جناح نے مشرقی پاکستان کا دورہ کیا تو بنگالیوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا ۔اسی طرح مولانا مودودی نے اپنی جماعت اسلامی کے ساتھ محترمہ فاطمہ جناح کی کمپین چلائی ۔اس وقت کی تمام دینی جماعتیں محترمہ فاطمہ جناح کے الیکشن لڑنے کے خلاف تھیں ۔ مولانا مودودی کا ایک جملہ اس وقت زبان زد عام ہوگیا انہوں نے فرمایا تھا ایوب خان کی صرف ایک خوبی ہے کہ وہ مرد ہے اور محترمہ فاطمہ جناح کی ایک خامی ہے کہ وہ عورت ہیں ۔
بہرحال مولانا مودودی نےاپنے جماعت کے ساتھیوں کے ساتھ محترمہ فاطمہ جناح کی بھرپور حمایت کی ناصرف حمایت کی بلکہ کمپین چلائی لیکن ایوب خان نے عوام کو براہ راست ووٹ کے حق سے محروم کردیا ۔ ملک کے 80000اراکین کے ذریعے صدر کا چناؤ کیا ۔محترمہ فاطمہ جناح کو ووٹوں کی اکثریت کے باوجود ہار سے ہم کنار کیا اور اس طرح کھلی دھاندلی سے ایوب خان نے الیکشن جیت لیا ۔
الیکشن کے بعد محترمہ رات کو تمام دروازے بند کرکے لاک لگواکر چابی اپنے پاس منگوایا کرتی تھیں اوراگلی صبح کھڑکی کے نیچے چابی پھینک کر دروازے کھلوایا کرتی تھیں ۔آخر ان کو کس کا ڈر تھا جس پاکستان کے لئے انہوں نے اپنے بھائی سمیت قربانیاں دیں۔ وہاں بھی وہ آزادی سے نہیں رہ سکیں۔الیکشن کے ڈیڑھ سال بعد کی بات ہے۔محترمہ بالکل ہشاش بشاش تھیں ۔ اورایک شادی میں شریک تھیں۔اچانک شادی کی تقریب ادھوری چھوڑ کرچلی گئیں اوراگلے دن 9جولائی کواچانک ہی ان کی موت کا اعلان ہوگیا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح انتقال فرما گئیں ہیں ۔
ستم ظریفی یہ ہےکہ کسی کومحترمہ کا منہ دیکھنے کی اجازت نہیں دی اورنہ ہی جنازے کے قریب کسی کو آنےدیا گیا۔محترمہ فاطمہ جناح نے وصیت کی ہوئی تھی کہ ان کو قائد اعظم کےپہلو میں دفنایا جائے۔اس وقت حکومت نے نا چاہتے ہوئےعوامی غیظ وغضب سے ڈرتے ہوئےمحترمہ کو قائد اعظم کے پہلو میں دفنایا۔پانچ لاکھ کے اجتماع نے نماز جنازہ ادا کیا ۔
بتایاجاتا ہےکہ انہیں غسل دینے والےافراد نے بتایا کہ محترمہ فاطمہ جناح کے گلے میں زخم کے نشان تھےاور پورے جسم میں خنجر کےمتعدد نشان تھے پیٹ پھٹاہوا تھا اورجگہ جگہ سے خون بہہ رہا تھا۔یہ مادر ملت کا بہیمانہ قتل تھا جس کی آج 75سال گزرنےکے باوجود کوئی انکوائری نہیں ہوئی ۔ غسال نےاس وقت بتایا تھا کہ ان کے پاس محترمہ فاطمہ جناح کے خون آلود کپڑے موجود ہیں ۔
میں کس کے ہاتھ پر اپنا لہو تلاش کروں
کہ سارے شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے
جب محترمہ بینظیربھٹو نےوزارت کا الیکشن لڑنا تھا تو جماعت اسلامی نے مخالفت کی۔میاں طفیل محمد صاحب مرحوم سے کہا گیا کہ آپ نے تو محترمہ فاطمہ جناح کی کمپین چلائی تھی اوروہ بھی تو عورت تھیں ۔ میاں طفیل صاحب نے بڑا خوبصورت جملہ کہا محترمہ فاطمہ جناح تو قوم کی ماں تھیں اس لئے ان کی حمایت کی ۔
اللّٰہ سے دعا ہےکہ اللّٰہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلام کا قلعہ بنائےاور کوئی بہترین مسلمان حکمران نصیب کرے جواسلام کو پاکستان میں نافذ کرنے والا ہو ۔آمین اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی مغفرت فرمائے آمین ثم آمین



































