
ثمینہ گل /منصورہ لاہور
آج سے تقریباً 28سال پہلے کی بات ہے۔منصورہ میں ایک پروگرام تھا،اس میں ایک فلسطینی مجاہد بھی موجودتھا اوراس نےجب ٹوٹی پھوٹی
اردومیں خطاب کیا تو میرا توکیا ہراس خاتون کا دل لرزکےرہ گیااورآنکھوں میں شدت سے نمی اترآئی ۔اس کاخطاب ہی ایسا تھا۔اس نے پہلے اسرائیلیوں کے ظلم وستم کا دردناک پیرائےمیں بیان کیا اورجو سب سے زیادہ اپیل کرنے والی دردناک اور دل سوزبات اس مجاہد نےکی ، وہ یہ ہے کہ اس نےکہااے میری بہنوآپ جو یہ بوتلیں پیتی ہیں۔کوکا کولا،پیپسی ،سیون اپ اورسپرائٹ وغیرہ ۔آپ توخرید لیتی ہیں۔کیا کبھی آپ نے سوچا اس کا منافع کس کوملتا ہے ۔ یہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی چیزیں ان کا منافع کس کو ملتا ہے ؟
میری بہنو یہ منافع یہودیوں کوملتا ہےاوروہ ہمیں گولی مارنےسے پہلےکہتے ہیں یہ گولیوں کےپیسےتمہارے پاکستانی بہن بھائیوں نےبوتلیں خرید کرتمہیں مارنےکے لئے بھیجےہیں ۔یہ کہہ کر وہ ہم مسلمانوں کو گولیوں سے بھونتےہیں ۔
میری بہنو آپ آج سےعہد کریں کہ بوتلیں نہیں خرید یں گی اورنہ پیئں گی ۔سب ہاتھ کھڑاکریں۔میں نے سب سے پہلے ہاتھ کھڑا کیاسب بہنوں نے ہاتھ کھڑا کرکےعہد کیا ۔میں نےاللّٰہ کی توفیق سےآج تک اپنےعہد کو نبھایا ہےاور ان شاءاللہ القدس کی آزادی تک نبھاؤں گی ۔
بات یہاں ختم نہیں ہوئی۔میں نےہرجگہ ہرپروگرام میں اس مجاہد کی بات کا تذکرہ کیا لیکن دکھ اور درد کی بات یہ ہے کہ کسی نے اس بات کا نہ نوٹس لیا اور نہ ہی بوتلوں کو چھوڑا اور نہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی چیزوں کوچھوڑا ۔
دکھ کی بات تو یہ ہےکہ لوگوں کوبیت المقدس کےبارے میں کچھ پتہ نہیں اور نہ وہ پتہ کرنےکےموڈ میں ہیں۔
اب صورتحال یہ ہے کہ کسی صحیح بندےکو نہ ووٹ دیتےہیں اورووٹ کی بات کوسنجیدگی سےنہیں لیتے۔ملک میں مہنگائی اوربےحیائی کےعروج کو بھی خطرے کی گھنٹی نہیں سمجھتے۔ بےروزگاری کی وجہ اس کلمے کے نام پرحاصل کئے گئے ملک کوچھوڑ کرباہربھاگ رہے ہیں، جس ملک نے ان کو سنواراہے۔اس کے بارے میں کہتے ہیں۔ اس ملک نے ہمیں کیا دیا ہے؟
یہ لوگ مسجد اقصیٰ کی محبت کوکیاجانیں کہ اس سےمحبت کیا ہے۔کتنا ثواب ہے۔ یہ لوگ تو اس ملک کوجس کی محبت ان پرلازم ہے،اس کو چھوڑ کر جارہے ہیں ۔
مسجد اقصیٰ کی محبت میں اس کےمحافظ کیا کررہے ہیں۔ بھوک اور تنگی برداشت کررہے ہیں۔پاکستانیوں کی طرح ملک چھوڑ کرنہیں بھاگ رہے۔
مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عکرمہ کے ترجمان عبداللہ کہات جن کا تعلق ترکی سے ہے ۔بتاتے ہیں کہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے اطراف میں مسلمان رہتے ہیں۔ان کی مالی حالت بہت خراب ہے۔انہوں نے بتایا ہم ترکی سے امداد لے کر یہاں پہنچے اورایک گھر میں گئے۔معلوم ہوا یہاں اکثرفاقے رہتے ہیں۔ان کی حالت دیکھ کرہمیں ان پررونا آیا ۔پھر ہمارے علم میں ایک ایسی بات آئی کہ ہم ان پررشک کرنے لگےاوران کے مقابلے میں خود کو دیکھا تو خود پررونا آیا ۔
معلوم کرنے پرایک مقامی بندے نےبتایا کہ جس شخص کےگھرہم بیٹھے ہیں اس مکان کو یہودی خریدنا چاہتے ہیں۔ایک سو بلین ڈالرکے عوض لیکن انہوں نے گھر بیچنے سے انکار کیا ہے۔یہ پیشکش بھی کی ہے کہ دنیا میں وہ جہاں کہے گا اس کی فیملی سمیت اسکورہائش اورہر طرح کی آسائش دی جائے گی ۔ لیکن اس مرد مومن نےانکارکر دیا ہے ۔وجہ یہ بتائی کہ مسجد اقصیٰ کو جاتے رستے سے متصل علاقے کا یہ گھر اس کے پاس اللّٰہ کی امانت ہے۔یہ امانت وہ کسی صورت اورکسی قیمت نہیں بیچےگا۔اس کےمرنے کے بعد اس کی نسلیں اس گھرکی حفاظت کریں گی۔
بات یہاں ختم نہیں ہوئی۔ مسجد اقصیٰ کے ساتھ ایک مارکیٹ ہے لیکن اس کی دکانیں خالی ہیں لیکن دکاندارموجود ہیں ،جب ان سے پوچھا گیا کہ خالی دوکان سے کتنی آمدن ہو جاتی ہے ؟
دکاندار نے بڑا ایمان افروزجواب دیا کہ ہم یہاں تجارت کےلئے نہیں بیٹھے ۔ یہ دکانیں مسمانوں کی ہیں ۔ ان کی حفاظت کے لئے بیٹھے ہیں ۔ کبھی تو مسلمانوں کی حکومت ہوگی ۔ یہودیوں نے اس مارکیٹ کی بھی بہت بڑی قیمت لگائی ہےلیکن تاجروں نے بیچنےانکار کردیا ہے ۔
فلسطینی مسلمان سمجھتے ہیں دکان اور مکان نہیں ہیں یہ مسجد اقصیٰ کے اسلامی تشخص کے تحفظ کامورچہ ہےاور مسلمان یہ مورچہ مرتے دم نہیں چھوڑسکتا۔ اصل بات یہ ہے کہ پاکستانی یہ بھول گئے ہیں کہ پاکستان کس طرح حاصل کیا لاکھوں کروڑوں مسلمان مردوزن اور بچے کٹوائے اوراپنے قیمتی گھر بار چھوڑے۔
صرف اللّٰہ کی محبت میں کہ الگ ملک حاصل کرکےاس میں اسلام کے اصولوں کے مطابق مسلمان زندگی گزاریں گے۔اس کو تو اسلام کا قلعہ بنانا تھا ۔ پاکستان اصل میں اسلامی تشخص کے تحفظ کا مورچہ ہے اور یہ بات کوئی پاکستانی نوجوان جانتا ہے اورنہ جانناچاہتا ہے ۔
اس کو وہ طاقت دینی تھی کہ اس کا نام سن کرکفار پرلرزہ طاری ہونا تھا ۔ افسوس صد افسوس جن نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بننا تھا،وہ کرگس بن بیٹھے ۔ جن نوجوانوں کو ہم اللّٰہ کی راہ میں نہ چلا سکے،وہ شیطان نے ہم سے چھین لئےاوران کوشیطان نےاپنے رستے پرچلا لیا اوراتنا بے حس کردیا ہے کہ عوام کو نہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی چیخیں سنائی دیتی ہیں اورنہ القدس پر ہونے والے مظالم نظر آتے ہیں ۔
موم بتیوں والی آنٹیاں بھی نہیں نظرآرہیں ۔ پتا نہیں کہاں گئیں۔ملالہ تو امریکہ کو نظرآگئی ۔فلسطین میں مسلمانوں پر ہونے والےمظالم نظر نہیں آرہے ۔
ہمارا ایٹم بم اگرمسجد اقصیٰ کی حفاظت کرنے کے کام نہ آیا توایسے ایٹم بم کو ہم نےچاٹناہے۔کیا فائدہ شاہین ،غوری، بابر،نصر،ٹینک ایف 16 اورایف 17 کا جب یہ ہتھیارمسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کی حفاظت کے کام نہیں آسکے تو یہ ہمارے کس کام کے ۔
ارباب اختیارایک کام کریں 23مارچ کوجوان کی نمائش پر اتنا خرچ آتا ہے یہ ناہی دکھایں تو بہتر ہے۔بےحس امت ، بےحس لوگ اور بےحس حکمران جن کو اللّٰہ کا کوئی خوف نہیں ، مسلمان ملکوں کی اوآئی سی اب آہ آئی سی بن گئی ہے ۔
امریکہ کے غلام حکمرانوں کو اپنے مسلمان فلسطینی بہن بھائیوں اوربچوں کی چیخوں کی کوئی پروا نہیں ۔یہ خدا کو کیا جواب دیں گے ؟
فلسطینی تو جنگ لڑہی رہے ہیں ۔مسئلہ توہمارے ایمان کا ہے۔ہم جانتے بوجھتے ہوئے یہودیوں کے آلہ کارتو نہ بنیں۔اپنا فرض پہچانیں ۔ہم سب حالت جنگ میں ہیں شیطان کے ساتھ جنگ میں۔یہودیوں کو منافع نہ بھیجیں ۔ بوتلوں کا پکا بائیکاٹ کریں ۔ تاجر لوگ حوصلہ رکھیں رزق اللّٰہ کے ذمے ہے۔ تاجر بوتلیں اور ملٹی نیشنل چیزوں کو اپنی دکان میں نہ رکھیں ۔ اپنا فرض پہچانیں ۔ جب یہودیوں کو منافع نہیں ملے گا توان شاءاللہ ان کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ جائے گی ورآپ سب کو جہاد کا ثواب ملے گا ۔
پاکستانیوں اپنا فرض پہچانوں اورحکمرانوں کو مجبور کرو کہ وہ یہودیوں کے خلاف اٹھیں ۔ پوری قوم اٹھ کھڑی ہو۔ اگر اللّٰہ کے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہو تو اپنے قبلہ اول کو پانے کے لئے اس کے ہراول بن جاؤ۔اگر تم نہیں اٹھو گے تو اللّٰہ کسی اور سے اپنا کام لے گا اور تمہیں نیست و نابود کردے گا ۔ مسلمانوں اپنی غیرت کو جگاؤ اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے ۔



































