
سیدہ ثمینہ گل
خلیفہ ہارون رشید کا دورتھا،مدارس (سرکاری سکول) اجاڑہونےلگے۔خلیفہ نے قاضی القضاۃ سے کہا کیا سبب ہے کہ مدارس ومعالم کی طرف عوام کا رحجان
کم سےکم ترہوتا جا رہا ہے ؟
قاضی صاحب نے جواب دیا،اگلے سال جواب دوں گا ۔ خلیفہ تڑپ کربولے سوال ابھی اور جواب سال بعد ؟ سمجھ نہیں آئی بات! قاضی صاحب نےفرمایا ہر سوال کی نوعیت مختلف ہوتی ہے،یہ ایسا سوال ہےجس کے جواب میں سال لگ جائےگا ۔
وقت گزرنے لگا اگلی عید آگئی عید کی امامت کےفرائض قاضی صاحب ادا کیا کرتےتھے۔عوام وخواص سبھی عید کے دن عید گاہ پہنچ گئےمگر قاضی صاحب تشریف نہیں لائے۔قاضی صاحب کو لینے کے لیے سرکاری نمائندے پہنچے مگر قاضی صاحب نے انکار کر دیا کہ وہ عید کی نماز نہیں پڑھائیں گے ۔نمائندگان وکارپردازگان کےاصرارومنت سماجت پر قاضی صاحب نے فرمایا کہ میں پالکی میں جاؤں گا مزید یہ کہ پالکی بھی خلیفہ وقت اٹھانےکےلیے آئے۔ وزراء و نمائندگان ششدر و انگشت بدنداں رہ گئے یہ کیسا غیر معقول مطالبہ ہےمگر قاضی صاحب ڈٹے رہے۔ مجبوراََ خلیفہ کواطلاع دی گئی ،خلیفہ علم وعلماء دوست انسان تھے۔خود چل کرآگئے قاضی صاحب تشریف لائےعید کی نماز ہو گئی۔
وقت گزرگیا لیکن عید کے بعد زیادہ وقت نہیں گزراتھا،خلیفہ پھرحاضر ہوئےاورکہا قاضی صاحب مدارس میں طلبہ کی تعداد بہت زیادہ ہو گئی ہے بٹھانے کے لیے چٹائیاں بھی کم پڑ گئی ہیں اور وزراء اور ارکان سلطنت کے بچے بھی چٹائیوں پربیٹھے علم حاصل کر رہے ہیں ۔
قاضی صاحب نے فرمایا آپ کے سوال کا جواب مل گیا؟خلیفہ بولےکون سا سوال کون سا جواب ؟
قاضی صاحب بولے آپ نے کہا تھا کہ مدارس میں طلبہ کیوں نہیں آتے؟جواب کیا ہے؟خلیفہ نے کہا ۔ قاضی صاحب نے کہا آپ حاکم وقت ہیں۔آپ نے ایک بار صاحب علم امام کو عزت دی ہےتو مدارس میں تعلیم حاصل کرنےوالےاتنےآ گئےکہ بیٹھنے کی جگہ نہیں مل رہی ۔اگر اسی طرح ارباب علم و فضل کی توقیر کرو گےتو تبھی لوگ علم کی طرف آئیں گے ۔
اس واقعہ کے برعکس پاکستان کے حکمران تعلیمی اداروں میں فحاشی اورعریانی پھیلا رہے ہیں اورجن کو ہیرو بنایا جارہا ہےیا وہ کھلنڈرے ہیں یا فلمی ادا کار ہیں۔
ڈاکٹرعبد القدیرخان جیسےمحب وطن کو غدار قراردیا گیاہےاورتعلیمی اداروں میں اساتذہ کوطالب علموں کے ذریعے ذلیل کروایاجاتا ہے۔آج تک کسی طالب علم کو انٹرنشنل ایوارڈ حاصل کرنے پرکوئی شاہی پروٹوکول نہیں دیا گیا ۔ جب ملک کی خدمت کرنےپررسوائی ملی، جیسے ڈاکٹر عبد القدیر خان اور جب ناچنے گانے والے مراثی، بھانڈ گوئیوں کی عزت افزائی ہواوران کو ہیروقراردیاجائے تو اس قوم میں کھلنڈرےتوپیدا ہوسکتے ہیں ،کوئی رازی، غزالی، طارق بن زیاد ،محمود غزنوی ،بوعلی سینا،ٹیپو سلطان اورڈاکٹرعبد القدیرخان پیدا نہیں ہوسکتے۔جیسے حکمران اور ان کی نیت ہوتی ہے عوام بھی اسی طرح کے ہوتے ہیں ۔
اسلام میں پہلی وحی ہی تعلیم کے حوالے سےنازل ہوئی ۔اس لئے ہمیں چاہیےکہ ہم اپنے اصلی ہیروز کو پہچانیں ان کی طرح اپنے آپ کو بنائیں۔ حیا ، پاک دامنی اورغیرت ہمارے مذہب اسلام کی پہچان ہے۔تعلیمی نظام کو دین کے تقاضوں کے مطابق ڈھالیں تاکہ ہمارے اداروں سے مجاہد نکلیں جو ہر طرح سے دنیاوی تعلیم سے بہرہ مند ہوں ۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































