
نمرہ امین / لاہور
یادیں اصل میں وہ لمحہ ہوتی ہیں جنہیں ہم پوری طرح جیتے ہیں۔ انسان کےدل و دماغ میں یادوں کا ایسا بسیرا ہوتا ہے جو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔ اس
کا ہماری زندگی میں ایسا گہرا تعلق ہے جو رہتی دنیا تک قائم رہتا ہے۔ یادوں کا تعلق ہمارے ساتھ چولی دامن کے رشتے اور ہماری سانسوں سےجڑے رشتے میں منسلک ہے۔
ہماری ہر پل کی حسین یادیں ہوں یا افسردہ یادیں ہروقت ہمارے ذہن میں چلتی رہتی ہیں اورایسے یاد آتی ہیں کہ انسان کبھی ان یادوں سےخوش ہوتا ہے کبھی وہ یادیں اس کو غم سےنڈھال کردیتی ہیں اوراس کی آنکھوں سے بہتا ہوا وہ صاف و شفاف پانی اس کی روح تک کو چھلنی کر دیتا ہے۔یادیں انسان کو بہت گہرا صدمہ دیتی ہیں اور وہ یادیں جو کسی اپنے کے بچھڑنے سےملی ہوں اور ہر سانس کےساتھ آپ کوتڑپاتی رہیں،ایسی یادیں بہت خطرناک ہوتی ہیں۔
ایسی ہی کچھ حسین یادیں بھی ہوتی ہیں جو بیٹھے بیٹھےانسان کے چہرے پر مسکراہٹ کے موتی بکھیرتی ہیں اورانسان کو پر سکون کر دیتی ہیں۔
یہ یادیں ہی ہوتی ہیں جو انسان کو اللہ کے قریب کرتی ہیں۔ اللہ سے دعائیں کرنے اور باتیں کرنے پرسکون ماحول دیتی ہیں۔ انسان کتنا ہی اپنی زندگی کے کاموں سے تھک ہار جائے لیکن جب وہ ان یادوں کے سہارے جیتا ہے۔ اس میں ایک نئی امنگ نیا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ وہ ان یادوں کے سہاروں کے ذریعے اپنے رب سے جڑ جاتا ہے۔ انسان یادوں کے سہارے سے ہی زندہ ہے۔ہر طرح کی یاد اس کے دل و دماغ میں ہو تب وہ اپنی زندگی کو گزار سکتا ہے۔



































