
نمرہ امین / لاہور
اللہ تعالیٰ نےانسان کو جہاں مال و دولت اور عزت جیسی نعمتیں عطا کی ہیں وہاں زندگی کو پر مسرت اورخوشگوار بنانے کے لیے ایک نیک بیوی
بھی اسے عطا کی ہےاوریہ وہ عطیہ ربانی ہےجس کے لیے انسان اللہ کا لاکھ دفعہ بھی شکر بجا لائےتو کم ہے کیونکہ پروردگارعالم کی طرف سے یہ ایک عظیم تحفہ ہے،جسے وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہے عطا کر دے۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: " دنیا کی تمام چیزیں عارضی فائدہ مند ہیں اور دنیا کی بہترین فائدہ اٹھانے کی چیز نیک عورت ہےکہ نیک عورت کا فائدہ پائیدار اور ہمیشہ رہنے والا ہے۔"
رسول صلی اللہ علیہ وسلم کاارشاد ہے: "بہترین بیوی وہ ہے کہ جب تم اس کودیکھو تو تمہارا دل خوش ہوجائے۔ جب تم اسے کسی بات کا حکم دو تو وہ تمہاری اطاعت کرے اور جب تم گھر میں نہ ہو تو وہ تمہارے مال اور اپنے نفس کی حفاظت کرے۔"
"خوش اخلاق بیوی" وہ ہے جو اپنے شوہر اور گھر والوں کوکسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں دیتی ۔وہ اپنے سب کام ایمانداری، سلیقہ شعاری اور محبت سے بخوبی پورے کرتی ہےاوربہت خوبصورتی سےسر انجام دے کر اپنے گھر کو سنمبھال کےرکھتی ہے۔ ایک بیوی کا فرض ہے کہ وہ اپنے شوہر کی ہر پریشانی، دکھ، درد، غمی، خوشی میں اس کا ساتھ دے اوراس کا مضبوط سہارا بنے۔ اس کو کبھی کسی حال میں اکیلا اور تنہا نہ چھوڑے۔ شوہر کتنا ہی پریشان کیوں نہ ہو؟ لیکن جب وہ گھرآ کر اپنی بیوی کا مسکراتا چہرہ دیکھتا ہے تو اس کی دن بھر کی تھکن، ہر پریشانی ختم ہو جاتی ہے۔اس کی بیوی اس کی وہ طاقت ہوتی ہے،جس کے مضبوط سہارے اورساتھ سے وہ دنیا بھر کے دکھ درد، غم، پریشانیاں، مشکلات کا سامنا بہادری سے کر سکتا ہے تاکہ ان کی زندگی روشن اورخوبصورت بن سکے۔
ایک خوش اخلاق بیوی ہی اپنے شوہر اور گھر والوں کا دل اپنی محبت اپنے اخلاق سے جیت سکتی ہے۔ ایک بیوی ہی اپنے گھر کا ماحول جنت جیسا خوبصورت، پھولوں جیسا خوشبودار بنا سکتی ہے۔ایک عورت کا حسن اخلاق اس کی اچھی مثبت سوچ، اس کی بے انتہا عزت واحترام، چاہت ہر انسان کے دل میں محبت پیدا کر سکتی ہے اور وہ اسی محبت کے بل بوتے پر اپنے شوہر اور گھر والوں کا دل جیت لیتی ہے۔
ایک ذمہ دار بیوی ہی اپنے گھر کے طور طریقوں کو بہتر انداز سے سلجھا سکتی ہے اور اپنے شوہر کے دل میں جگہ بنا پاتی ہے۔ خوش اخلاق بیوی کا فرض اور ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شوہر کو ہر طرح سے خوش رکھ سکے اور اپنی محبت اور چاہت سےاس کے دل میں زندگی میں عمربھر کے لیے وہ مقام وہ جگہ بنا سکےجس کی وہ حقدار ہے اور اپنے شوہر کو بہت محبت و عزت دے تاکہ وہ اچھی بیوی بن سکے۔
عورت کا اخلاق اس کا سب سے بڑازیور ہے جس کی بدولت وہ اپنے شوہر کی محبت، چاہت، اپنائیت اور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے اور عمر بھر اپنے شوہر کے دل پہ راج کرتی ہے۔ اس کی محبت اس کی چاہت اور اس کی زندگی کی ملکہ بن کر ایک شوہر جتنا مرضی غصے میں ہو، پریشان ہو، لیکن جب گھر آ کر گھر کا خوبصورت پیار بھرا سکون والا ماحول دیکھتا ہے تو وہ خود بھی پرسکون ہو جاتا ہے۔ اس کو دنیا بھر کا سکون اور چاہت اپنے گھر میں محسوس ہوتی ہے اور اس کی تھکان پل بھر میں ختم ہو جاتی ہے۔
یہ سب سکون ایک عورت کی وجہ سے گھرمیں آتا ہے جب وہ اپنے حسن اخلاق سے سب کا دل جیت کر سب کو اپنا بنا لیتی ہے اور وہ گھر خوبصورت جنت جیسا بن جاتا ہے۔ حقیقت میں اللہ کی رحمت بھی اس گھر میں زیادہ ہوگی جہاں میاں بیوی ایک دوسرے کی خوشی میں برابر کے شریک ہوں اور پیار، محبت سے زندگی گزاریں اور دونوں کی زبان سے شہد جیسی مٹھاس پیدا ہوتی رہے۔ فطرتاً عورت کی تخلیق میں ہی مہربانی، حوصلہ مندی، محبت، ایثار و جذبہ موجود ہوتا ہے۔ اس کی مہربان نظروں سے امید کا نور اور اعتماد کی جھلک دکھائی دیتی رہتی ہے۔ یہ نظر جہاں بھی پڑے ناامیدوں کے لیے امید اور محبت کرنے والوں کے لیے دلداری کا باعث ہوتی ہے۔
عورت کو پہلے اپنی حیثیت اور مقام کو سمجھنا ہوگا کہ ازدواجی رشتے میں منسلک ہونے کے بعد اس کو گھر کے اندر یا باہر کی سب منفی سوچوں و خیالات کو نظر انداز کر کے اپنے دل میں دبانا ہوگا اورمثبت سوچ کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرے تو کامیابی اس کے قدم چومےگی اوروہ اپنے شوہر اور گھر والوں کا با آسانی دل جیت سکے گی اور پوری انسانیت کے لیے ایک خوبصورت مثال بن سکے گی۔ اگر ایسے ہی مثبت سوچ اور اعلیٰ اوصاف کے مالک جوڑے اگر زندگی کے ہمسفر ہوں تو ان کا خاندان دنیا میں ہی مثل جنت بن جاتا ہے اور خوشگوار زندگی جی سکتا ہے۔



































