
نمرہ امین / لاہور
"صبر و شکر"عموماً یہ دو لفظ ایک ساتھ سننےمیں آتے ہیں۔ آزمائشوں پر صبر کرنا اور نعمتوں پر شکر کرنا زندگی کو آسان بنانے کے لیے بہت اہم اور خوبصورت اصول ہیں۔
قرآن پاک میں اللہ پاک ارشاد فرماتے ہیں: " تم شکر کرو میں تمہیں اور زیادہ دوں گا۔"اللہ پاک کی عطا کردہ زندگی پر راضی رہنا اور زندگی میں عطا کردہ بڑھتی ہوئی نعمتوں پر شکر ادا کرنا کہ اس نے ہماری زندگی کو ان نعمتوں سے سجایا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں! شکرگزاری، شکرادا کرنا انسان کی جسمانی وذہنی صحت پربہت گہرا اثر ڈالتا ہےاوریہ بات ریسرچ سےبھی ثابت ہوگئی ہےکہ شکرگزار ہونا انسان کی خوشیوں کو بڑھاتا ہے۔
بہتر اور پرسکون نیند کی وجہ بنتا ہے
جسم کو طاقت اور اعتماد فراہم کرتا ہے
بےچینی، اضطراب، اداسی، کی علامات میں معاون ثابت ہوتا ہے
جسمانی درد میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے
شکرگزاری کی یہ مثبت عادت نہ صرف آپ کی جسمانی وذہنی صحت کے لیےمفید ہوتی ہے بلکہ آپ کے روزمرہ کےمعاملات اورتعلقات پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ شکرگزاری کی عادت کو اپنی زندگی کا اہم حصہ بنائیں گےتو اس کے معاملات و واقعات اتنے ہی خوبصورت ہوتے جائیں گے۔
اللہ پاک شکرگزاری کو پسند فرماتے ہیں۔ اس سےاللہ خوش ہوتا ہے اورجب ہم اللہ کو شکرگزاری کے وسیلے سےخوش کرتے ہیں توہمارا اللہ سے تعلق مضبوط اور گہرا ہو جاتا ہے۔ ہم ہرچھوٹی، بڑی بات کے لیے دل سے اللہ کی تعریف اورشکرگزاری کرتے ہیں تو وہ ہمیں اور زیادہ برکات و فضائل دیتا ہے۔
ان گنت نعمتوں سےنوازتا ہے۔ہمیں ہرحال میں اللہ کا شکر ادا کرتے رہنا چاہیے کہ اس نے ہماری زندگی میں ہمیں بےشمار نعمتوں برکتوں سے نوازا ہے۔ جب ہم اللہ پاک کی شکرگزاری کریں گے تو اللہ پاک ہم پراپنی خاص عنایت عطا کرے گا اورجب رب ہم سے راضی اور خوش رہےگا تو ہماری زندگی خوشحال گزرے گی۔ لہٰذا شکرگزاری کو اپنی عادت بنا لیں اور ہروقت اللہ کا شکر ادا کرتے رہیں۔



































