
مسرت جبیں / لاہور
سورة آل عمران ( سورۃ نمبر 3 آیت 92)۔
لَنۡ تَنَالُوا الۡبِرَّ حَتّٰی تُنۡفِقُوۡا مِمَّا تُحِبُّوۡنَ ۬ ؕ وَ مَا تُنۡفِقُوۡا مِنۡ شَیۡءٍ فَاِنَّ اللّٰہَ بِہٖ عَلِیۡمٌ ﴿۹۲
جب تک تم اپنی پسندیدہ چیز سے اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ نہ کرو گے ہرگز بھلائی نہ پاؤ گے اور تم جو خرچ کرو اسے اللہ بخوبی جانتا ہے ۔
بسم اللّْٰہ الرحمٰن الرحیم
سورۃ آل عمران کی یہ آیت نیکی اور انسان کی رب کائنات سے محبت کے بہت سے پرت کھول رہی ہے ۔صدیوں سے جو دل بتوں کی محبت میں مسجود تھے ،دلوں پہ یہودی علماء کے من گھڑت نیکیوں کے پیمانے ، طور طریقے راج تھے ۔یہ علماء دو چہرے ،ظاہر وباطن میں تضاد لیے ہوئے تھے ،ان کے دل بخل ، حرص ، حق پہ پردہ ڈالنے والے ، ضمیر فروشی جیسی بیماریوں میں لتھڑے ہوئے تھے جبکہ دنیا کی نظروں میں یہ ہیرو اور صالح سمجھے جاتے تھے ۔اس صورتحال میں لوگوں میں مقبولیت کی وجہ سے انہیں کے نقش قدم پہ چلتے تھے ۔لوگوں کے دل میں جو نیکی کا تصور، جو نقشہ راسخ تھا ۔ اس کو مٹنا تھا ، یہ آیت نیکی کی اصل شکل وصورت ، نیکی کے حسن ،نیکی کی اصل ، بندہ مومن پہ واضح کرتی ہے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ نیکی اللہ کی محبت کا دوسرا نام ہے ۔نیکی خالص ،کھری وفا ہے ۔ ہر وہ عمل صالح جو صرف اور صرف حب الہیٰ میں ہو ۔
ہر وہ عمل جس کی انجام دہی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ ہو۔دنیا ومافیہا سے بے نیاز ہوکراپنے خونی، جذباتی رشتوں کی محبت سے بالاتر ہوکر ،اپنی جان ،مال ، اولاد ،عزت توقیر ،اپنے منصب ، عہدے سب رب العالمین کی محبت میں قربان کرتے دل میں سرور وسکون ہو ۔ملال کا کہیں گزر نہ ہو ۔نیکی کی معراج ہے ،نیکی کی قبولیت کی دلیل ہے ،سند ہے کہ اپنی من پسند چیز راہ خدا میں خرچ کی جائے ۔محبتیں دلوں میں جنم لیتی ہیں ۔ خواہ کوئی بھی محبت ہو ۔یہ دلوں کی سودے ہیں ۔ یہ وہ سودےبازی ہے جس میں کوئی زور زبردستی نہیں ، کوئی جبر نہیں ، کوئی ترغیب نہیں ، کوئی مجبوری نہیں ۔
من میں جو سما جائے ۔ تو پھر سب کچھ اسی میں سما جائے۔پھر شریک سفرکو صدیوں کا سفر طےکرکےسفر زندگی میں تن تنہا صحراؤں میں چھوڑ دینے پر ملال نہ ہو ۔ محبوب کے حکم پرایک کمزور و ناتواں عورت گود میں دودھ پیتا معصوم بچہ لے کر بیاباں میں رہنے کو بھی راضی ہے اور پھر محبت میں وفاؤں کی داستان جوانی چڑھتا لخت جگر اسماعیل علیہ السلام کی گردن پر چھری پھیرتے نہ ہاتھ کانپے نہ دل لرزہ طاری ہو ۔چشم فلک نے آج تک کتنی عظیم ماؤں کو اپنے جگر کے ٹکڑے کے لاشے اٹھاتے کلمہ شکر بجا لاتے دیکھا ہے ۔ یہ ہے نیکی ۔رب کائنات ہر ہر عمل اور اس کے اندر چھپی نیتوں تک کو جانتا ہے ۔ کب کونسی چیز اور اس کی محبت دل میں بسی ہے ۔کیا چیز کتنی قیمتی ،محبوب ہے،کہاں، کب ؟
اور پھر کب کہاں کہاں ان چیزوں کی محبتوں کو قربان کیا گیا ۔ اسے سب خبر ہے ۔ محبتوں کی حق دار سب سے بڑھ کر اللہ رب کائنات کی ہستی سے ،کون ہوسکتا ہے تو جب بھی اس رب العالمین کے رستے میں کچھ خرچ کیا جائے تو سب سے بہترین ،سب سے اعلیٰ وارفع ، سب سے پیاری ،سب سے محبوب ،سب سے قیمتی چیز خرچ کی جائے ۔وہ مال ہو ۔ اولاد ہو ، وقت ہو ،صلاحیت ہو ، علم ہو ، حتی کہ اپنی جان بھی ۔
سورۃ توبہ میں اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ
قُلۡ اِنۡ کَانَ اٰبَآؤُکُمۡ وَ اَبۡنَآؤُکُمۡ وَ اِخۡوَانُکُمۡ وَ اَزۡوَاجُکُمۡ وَ عَشِیۡرَتُکُمۡ وَ اَمۡوَالُ ۨ اقۡتَرَفۡتُمُوۡہَا وَ تِجَارَۃٌ تَخۡشَوۡنَ کَسَادَہَا وَ مَسٰکِنُ تَرۡضَوۡنَہَاۤ اَحَبَّ اِلَیۡکُمۡ مِّنَ اللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ جِہَادٍ فِیۡ سَبِیۡلِہٖ فَتَرَبَّصُوۡا حَتّٰی یَاۡتِیَ اللّٰہُ بِاَمۡرِہٖ ؕ وَ اللّٰہُ لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡفٰسِقِیۡنَ ﴿٪۲۴﴾ 9
آپ کہہ دیجئے کہ اگر تمہارے باپ اور تمہارے لڑکے اور تمہارے بھائی اور تمہاری بیویاں اور تمہارے کنبے قبیلے اور تمہارے کمائے ہوئے مال اور وہ تجارت جس کی کمی سے تم ڈرتے ہو اور وہ حویلیاں جنہیں تم پسند کرتے ہو اگر یہ تمہیں اللہ سے اور اس کے رسول سے اور اس کی راہ کے جہاد سے بھی زیادہ عزیز ہیں ، تو تم انتظار کرو کہ اللہ تعالیٰ اپنا عذاب لے آئے اللہ تعالیٰ فاسقوں کو ہدایت نہیں دیتا ۔
سورۃ توبہ کی یہ آیت ہر مومن مسلمان کے لئےلمحہ فکریہ ہے ۔ہمیں اپنے اعمال کے اور نیتوں کے بارے ہر پل متفکر رہنے کی ضرورت ہے ۔
کہیں حب دنیا ہمیں اپنی عقبیٰ سے غافل نہ کردے ؟کہیں ہم وھن کا شکار تو نہیں ؟فرمان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ تم دوسروں کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو اور کوئی بھی اپنے لیے کم تر ، غیر معیاری ، فضول ، بیکار کو پسند نہیں کرتا ۔ ہر ایک کا کوئی نہ کوئی اسماعیل ہوتا ہے اور جب تک اپنا اسماعیل قربان نہ کیا جائےخلیل اللہ کا لقب نصیب نہیں ہوتا جیسا خرچ کرو گے۔ اس سے کہیں زیادہ عمدہ صلہ پاؤ گے ۔ اس کی عطاء بھی تو اس کی عطاء ہے ۔ دل کی چاہ جب تک واری نہ جائے،محبت کی معراج ملتی نہیں ۔نیکی کا حسن نکھرتا نہیں ۔حقیقت تو یہ ہے جو کچھ بھی ہے۔ اسی رب کائنات کی عطاء ہے اسی کا دیا ہوا اسی کی راہ میں خرچ کرتے دل تنگ کیسے ہوتا ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
جو دیا ہم نے تم کو اس میں سے خرچ کرو (سورۃ بقرہ )
دعا ہے اللہ ہمیں فہم قرآن عطاء فرمائے اور ہم اس پہ پورے خلوص سے عمل پیرا ہوں ۔ اللہ ہمارے سینے نور ایمان نور قرآن نور حیا سے مزین فرما ۔(آمین)



































