
مسرت جبیں/ لاہور
سورة الأعراف) سورۃ نمبر 7 ،آیت نمبر 179)۔
وَ لَقَدۡ ذَرَاۡنَا لِجَہَنَّمَ کَثِیۡرًا مِّنَ الۡجِنِّ وَ الۡاِنۡسِ ۖ لَہُمۡ قُلُوۡبٌ لَّا یَفۡقَہُوۡنَ بِہَا ۫ وَ لَہُمۡ اَعۡیُنٌ لَّا یُبۡصِرُوۡنَ بِہَا ۫ وَ لَہُمۡ اٰذَانٌ لَّا یَسۡمَعُوۡنَ بِہَا ؕ اُولٰٓئِکَ کَالۡاَنۡعَامِ بَلۡ ہُمۡ اَضَلُّ ؕ
اُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡغٰفِلُوۡنَ ﴿۱۷۹﴾
اور ہم نے ایسے بہت سے جن اور انسان دوزخ کے لئے پیدا کئے ہیں جن کے دل ایسے ہیں جن سے نہیں سمجھتے اور جن کی آنکھیں ایسی ہیں جن سے نہیں دیکھتے اور جن کے کان ایسے ہیں جن سے نہیں سنتے ۔ یہ لوگ چوپاؤں کی طرح ہیں بلکہ یہ ان سے بھی زیادہ گمراہ ہیں یہی لوگ غافل ہیں ۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
سورۃ الاعراف کی یہ آیت زجر دنیوی و اخروی ہے ۔ یہ آیت باعث تفکر ہے اورخاص کر آج کے دور میں دنیا کی رنگینیوں میں مست غافل انسان کے لیے اور خصوصاً غفلت میں ڈوبے مسلمانوں کے لیے ۔
رب کائنات فرماتے ہیں کہ ہم نے بہت سے جن اور انسان دوزخ کے لیے پیدا کیے ہیں جبکہ رب رحیم تو رحمت کو پسند فرماتا ہے اور اپنے بندوں پہ ہمیشہ رحیم ہے ۔وہ عظیم ہستی تو خالق کائنات ہے ۔
وہ جو اول وآخر ، ظاہر وباطن کا علیم وبصیر ہے،وہ جو انسان کی شہ رگ سے قریب تر ہے ، کیا وہ نہیں جانے گا جس نے پیدا کیا ۔وہی تو باریک بین خبیر ہے ،،جتنا رب انسان کو جانتا ہے، اتنا تو خود انسان خود کو نہیں جانتا ۔
اس آیت کا مقصد یہ نہیں کہ اللہ نے انسان وجن کو جہنمی پیدا کیا ہے کیونکہ کہ وہ علیم ہے خبیر ہے ۔وہ ازل تا ابد انسان کے حالات واقعات ، اس کی تقدیر ، اس کے اعمال پہ نگہبان ہے ۔ اس کی نگہبانی اس کا علم وسیع خوب جانتے ہیں کہ فلاں بندے فلاں فلاں اعمال انجام دیں گے ۔ اپنی فطرت کے مطابق جیسے ایک ماہرِ استاد سال کے آغاز میں ہی فلاں شاگرد کے بارے اپنی رائے کا اظہار کر دے کہ یہ فیل ہوگا حالانکہ کوئی استاد اپنے شاگرد کو ناکام دیکھنا نہیں چاہتا ۔
ایک عام انسان ،، استاد ،، کی چشم بینا یہ دعویٰ کر سکتی تو رب کائنات کا ادراک اورعلم بھی تو خوب ہی کرسکتا ہے پھر قرآن پاک کا تو ہے ہی اسلوب بشارت ، تخویف ، زجرکا اور یہ قبل از وقت آگاہی ہے ۔
اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات پیدا فرمایا اور شعور ،فہم، عقل ، علم ،ارادہ ، اختیار جیسی عظیم نعمتوں سےنوازا جو حواس خمسہ اللہ نے انسان کو عطاء فرمائے ہیں ۔ کیا وہ بے مقصد ،بیکار ،مہمل عطاء کر دیئے ہیں ؟اور جو چیز جس مقصد کے لیے بنائی جائے اگر وہ اپنا مقصد پورا نہیں کر رہی یا نہیں کر سکتی تو پھر وہ بے کار ہے ۔ کس قدر تدبر ہے ان قرانی الفاظ میں کہ ان کے لیے دل ہیں ،دل کا کام سوچنا سمجھنا اور اعمال کی انجام دہی کےلئے دماغ کو پیغام دینا ۔ان کے لیے آنکھیں ہیں مگر وہ دیکھتے نہیں ۔ اب آنکھوں کا خالق ومالک کون ؟اور ان آنکھوں سے قدرت کی صناعی پر غور وفکر ،تدبر ، اس کے خالق کے خالق ہونے کا یقین ،اس پہ ایمان کامل ، اس پہ یقین کامل ، اس کے لیے محبت و اطاعت کے سارے پیمانے اسی کے لیے ۔ان کے لیے کان ہیں مگر وہ سنتے نہیں ۔ کارخانہ قدرت میں ساری سمع وبصر کی ساری صلاحتیں اسی کے لیے کان وہی سنیں جو وہ سنانا چاہتا ہے ۔
اب انسانی آنکھ اور کان جو کچھ دیکھتے اور سنتے ہیں اس کے اثرات اس کے دل کو چھو جاتےہیں ۔ دل ان کو قبول کرتا ہے ۔ دل کی یہ قبولیت انسان کے اعمال کے تابع ہوتی ہے اور انسان کے کان اور آنکھ انسان کے جذبات کے تابع اس کی محبت کے غلام ہوتے ہیں ۔ آنکھ وہ دیکھے گی جو اس کا دل چاہتا ہے ۔کان وہ سنے گا جو اس دل کی آواز ہے ۔یہاں پیمانے محبت کے ہیں ۔ جتنی محبت قربت رب سے ہوگی ، جتنی تڑپ اللّہ کی یاد کی ہوگی ۔ جتنا جتنا تقوی ٰجتنا جتنا خوف خدا ہوگا ۔ انسان انکھ کان کی بےباکی بے باک ہوگی یا لرزاں و ترساں آنکھ جو جذب کرتی ہے ۔ دل اس کی تصدیق کرتا یا تکذیب کرتا ہے ۔ کان جو سر وتال جو رقص و سرود یا پھر تلاوت قرآن کا وجد سحر دل کی دنیا الٹ پلٹ کر کے رکھ دیتا ہے ۔ اس لیے تو قرآن مجید میں بارہا یہ پیغام ملتا ہے کہ روز محشر آنکھ کان اور دل کے بارے سوالات ہوں گے ، پوچھ ہوگی ۔
اسی لیے تو حدود قائم کی گئی ، اسی لیے تو آنکھوں کی خیانت کا ذکر ہے۔زجر ہے آنکھ کی خیانت کے بارے ،انسانی دل آنکھ کان کے سامنے بےبس ہے ۔ جیسا رنگ آنکھ دیکھ لے وہی رنگ دل پکڑ لے ،
کان جو سن لے دل کی دھڑکنیں وہی دھن دھڑکنے لگیں ۔ رب کائنات نے تمام جانداروں کو دل، آنکھ اور کان سے نوازا ہے ۔ سب کی آنکھیں دیکھتی ہیں،کان سنتے ہیں مگر انسان کا معاملہ مختلف ہے ۔اپنے شعوری فہم ، عقل وعلم دانش وفراست میں منفرد ہے ،عظیم ہے ۔ اسی لیے تو اشرف المخلوقات ٹھہرا۔ جانوروں کا دیکھنا سننا مخص خال خال دیکھنا اور سننا ہے ۔
اسی لیے ان سے ان کے کسی عمل کا مواخذہ نہیں ۔ پکڑ نہیں ۔جواب دہی نہیں ۔
انسان اور حیوانات کی زندگی میں ذرا غور وفکر کریں تو کچھ زیادہ فرق نظر نہیں آتا ہے ؟
انسان اور جانور دونوں پیدا ہوتے ہیں ،پلتے ہیں بڑے ہوتے ہیں ۔ کھاتے پیتے ہیں اور اپنی نسل بڑھاتے ہیں اور پھر مر کر مٹی ہوجاتے ہیں ۔ اب اگر اشرف المخلوقات حضرت انسان کی زندگی کے چلن طور طریقے ،اعمال بھی جانوروں جیسے ہوں تو قرآن ہی خبر دے رہا ہے کہ وہ چوپایوں جیسے ہی ہیں بلکہ جانوروں سے بدترین ۔ہائے حضرت انسان کن بھول بھلیوں میں گم ہو ؟کہاں کھو گئے ؟کس غفلت میں مدہوش پڑے ہو ؟کہیں ،، اللہ نہ کرے ۔ اللہ ہم سب کو اس خسارے سے بچائے ،، روز محشر جانور ہم سے بہتر نہ ہوں ؟یہ جانور تو مر کر مٹی ہو جاہیں گے ۔
انہوں نے دوبارہ زندہ نہیں ہونا ،ہائے اتنے بڑے دربار میں کائنات کے سب سے بڑے بادشاہ کے سامنے ۔مالک یوم الدین کے حضور پیش کیا جانا ہے اور صرف پیشی نہیں اپنے ایک ایک عمل کا حساب بھی
دینا ہے ۔اس آنکھ کان اور دل کا حساب ،،اے اللّہ حساب لینے والے ہمارے حساب آسان لینا ۔آمین ۔اے انسان تو نہ بے کار پیدا کیا گیا ۔
پتا ہے غفلت کیا ہے ؟کہ جو اس غفلت کا شکار ہوا و ہی برا ترین جانور بن کر رہ جائے گا ۔حق سےمنہ موڑ لینا اور حق ہے رب کائنات ۔رب کو مان کر رب کی نہ ماننا ۔پتاہے نماز اسلام اور کفر کے درمیان حد امتیاز ہے ۔ پھر بھی نماز سے غفلت ،حق ہے کلام باری تعالیٰ پھر بھی قرآن سے منہ موڑ لینا ۔پھر سابقہ اقوام کی طرح کتاب الٰہی کو پس پشت ڈال دینا ۔ حق ایک خدا ،ایک کتاب، ایک رسول پھر میں فرقوں میں بٹ جانا اور اپنے اپنے مسلک پہ ڈٹ جانا ۔حق یہ ہے کہ اصل کامیابیاں اللہ اور اس کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی محبت و اطاعت میں ہے ۔پھر سنت رسول اور اسوہ رسول اللّہ کی پروانہ کرنا ۔غفلت یہ ہے کہ موت برحق ہے اور پھر بھی روز محشر کی جواب دہی کا خوف نہ ہونا ۔غفلت یہ کہ یہ دنیا لہو ولعب اور فانی ہے پھر بھی اس کی چاہ میں اس کے حصول میں مدمست رہنا ۔ایسے ہی انسانوں کے بارے ارشاد ربانی ہے کہ برے ترین جانور ہیں ۔ اللہ ہم کو اس بری ترین غفلت سے بچا لے ۔ابھی در توبہ کھلا ہے ،ابھی مہلت عمل باقی ہے ۔ابھی زندگی کی رمق دھڑک رہی ہے ۔ابھی زندگی کا غروب آفتاب نہیں ہوا ابھی لوٹ آؤ ۔ابھی رحمت رب کی منادی پہ کان دھر لیں ۔ابھی اپنی آنکھیں کھول لیں ۔ابھی دل کی دھڑکن میں یاد الٰہی کی دھڑکن بھی شامل کر لیں ۔ابھی دل کی بستی یاد مصطفیٰ ،سنت رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے آباد کر لیں ۔ابھی عمل صالح سے اپنی زیست کو سنوار لیں ۔ابھی غفلت کی نیند سے بیداری تک سفر شروع کریں ۔ابھی سجدوں میں ندامت کے اشک بہا کر رب غفور ورحیم کو راضی کر لیں ۔
اللّٰہ ہمیں جہنم کا ایندھن بننے سے بچا لے ۔
آمین ۔
اللھم اجرنا من النار ۔ آمین ۔



































