
رباب ارشد
دس دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔انسانی حقوق کی بنیاد سب سے پہلے ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے رکھی تھی۔اور ہر
انسان ان حقوق کا حقدار ہے۔ انسانی حقوق ہیں کیا اور کیا ہم ان حقوق کو ادا کر رہے ہیں؟ کیا ہمارے دور میں ایک دوسرے کے حقوق ادا کیے جارہے ہیں؟ ان سوالوں کے جواب دینے سے پہلے ہمارے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ آیا یہ حقوق ہیں کونسے۔
جینے کا حق ,مساوات,عدل و انصاف,آزادی کا حق اور تحفظ,عزت کا تحفظ,خواتین کی ناموس کا تحفظ,ہمساۓ کے حقوق, والدین,اساتذہ,رشتہ داروں,دوستوں,مہمانوں,بوڑھوں,بیماروں کے غرض یہ کہ ہر ایک انسان کے دوسرے انسان پر حقوق ہیں۔ جن کو احسن طریقے سے ادا کرنے کا ہمیں حکم دیا گیا ہے۔اور ان حقوق کی پاسداری ہم سب پر لازم و ملزوم ہے۔ایک معاشرے کے امن و سکون کی بنیاد ہی حقوق کی ادائیگی پر ہوتی ہے۔ خدیث شریف کے الفاظ ہیں کہ
آپﷺ نے فرمایا:
" تم میں سے ہر ایک ذمہ دار ہے اور اس سے اپنے ماتحت افراد کے بارے میں پوچھ گچھ ہو گی۔"
ہمسائیوں کے حقوق میں ہے کہ ان کے ساتھ احسن طریقے سے پیش آؤ۔اللہ تعالیٰ نے سورة النساء میں پڑوسیوں سے حسنِ سلوک اور احسان کرنے کا حکم دیا ہے۔ارشادِ نبویﷺ ہے
" اگر نیک سلوک کرو گے تو پورے ایماندار بن جاؤ گے۔ "
ہمساۓ کی عزت کرنا اور ان کی مالی مدد کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔آپﷺ نے ارشاد فرمایا:
" جو شخص سیر ہو کر کھانا کھاۓ اور اس کا ہمسایہ بھوکا رہے وہ مومن نہیں۔"
والدین کے حقوق: اسلام ہمیں والدین کے ساتھ احسن طریقے سے پیش آنے کا درس دیتا ہے۔اللہ نے قرآن مجید میں جابجا اپنی عبادت کے ساتھ ہی والدین سے حسن سلوک کاحکم دیا ہے۔والدین کے اولاد پر بہت سے احسانات ہوتے ہیں۔جن کا بدلہ اولاد کبھی بھی چکا نہیں سکتی۔اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتے ہیں:ترجمہ
"اور تیرے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم کسی کی عبادت نہ کرو مگر صرف اس کی اور والدین کے ساتھ نیک سلوک کرو"۔ (سورة بنی اسرائیل٢٣)
اللہ تعالیٰ نے ایک اور جگہ ارشاد فرمایا : ترجمہ
" اور دنیا میں ان کے ساتھ نیک برتاؤ کرتے رہو"۔(سورة اللقمان ١٥)
والدین کے ساتھ حسن سلوک پر بے شمار اخادیث بھی موجود ہیں۔ آپﷺ نے والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی تلقین کی۔
ارشادِ نبویﷺ ہے:
" سب سے افضل عمل وقت پر نماز پڑھنا اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنا ہے "۔ ( مسلم)
رشتہ داروں کے حقوق جن کو ہم اکثر ہی بھلا دیتے ہیں۔ مگر ہم یہ نہیں جانتے کہ رشتہ داروں کو اسلام نے بہت اہمیت دی ہے۔قرآن مجید میں ان کے بارے میں کئی جگہ پر احکامات دئیے گئے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا :ترجمہ
" رشتہ داروں کو اس کا حق ادا کرو"۔ (سورة بنی اسرائیل٢٦)
ایک اور جگہ اللہ پاک نے فرمایا: ترجمہ
" اور وہ دیتے ہیں مال اللہ کی محبت میں رشتہ داروں کو"۔ ( سورة البقرہ ١٧٧)
حضوراکرمﷺ نے بھی کئی موقعوں پر مسلمانوں کی اس جانب توجہ دلائی۔آپﷺ نے ارشاد فرمایا:
" جو شخص یہ بات پسند کرتا ہے کہ اس کے رزق میں فراخی ہو اور اس کی عمر دراز ہو تو اسے چاہیے کہ رشتہ داروں کے ساتھ نیک سلوک کرے"۔
آپﷺکی بیان کردہ اس خدیث سے ہمیں رشتہ داروں کےساتھ حسن سلوک کے فائدے بھی معلوم ہوتے ہیں۔
ایک اور جگہ آپﷺنے ارشاد فرمایا:
" سب سے جلدی جس چیز کا ثواب پینچتا ہے وہ نیکی کرنا اور رشتہ داری نبھانا ہے۔اور سب سے جلدی جن کا عذاب آتا ہے وہ بغاوت اور رشتہ داری توڑنا ہے "۔(ابن ماجہ)
اس خدیث مبارکہ سے ہمیں رشتہ داروں کی اہمیت کا اندازہ بخوبی ہوتا ہے۔
اساتذہ کے بھی ہم پر بہت سے حقوق ہوتے ہیں۔استاد کا پیشہ ایسا ہے جس کا تعلق پیغمبری سے ہے۔آپﷺ کا ارشاد ہے:
" بے شک مجھے معلم بنا کر بھیجھا گیا ہے"۔
؎ یہ غم کھاتا چلا جاتا ہے مجھ کو
مجھےاس خوف سےفرصت نہیں ہے
کہیں برکت نہ اٹھ جاۓ وہاں سے
جہاں استاد کی عزت نہیں ہے
آپﷺ نے ایک اور جگہ استاد کی عزت و اخترام کی اس طرح تاکید فرمائی:
" دنیا میں تمہارے تین باپ ہیں ایک وہ جو تمہاری پیدائش کا سبب بنتا ہے۔ اور دوسرا وہ جس نے اپنی بیٹی تمہاری زوجیت میں دی۔تیسرا وہ جس سے تم نے علم حاصل کیا اور ان تینوں میں بہترین باپ تمہارا استاد ہے۔ "
ہمیں حقوق کی پاسداری اپنے اوپر لازم کرنی چاہیے۔تبھی تو ہم معاشرے میں خوشحال زندگی کو ممکن بنا سکتے ہیں۔



































