
رباب ارشد
اللہ تعالی کے اپنے بندوں پر بے شمار احسانات ہیں۔ صبح اٹھنے سے لے کر رات سونے تک ہم اپنے ارد گرد اپنے پروردگار کی بے شمار نعمتوں
کو پاتے ہیں۔ ہمارے دن کا اغاز اور اختتام اسی بابرکت ذات کی عطا کردہ نعمتوں سے ہوتا ہے۔ ہمیں تواپنے پروردگار کا ہر سانس کے ساتھ شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ ہمیں ایک سانس کے بعد دوسری سانس عطا کرتا ہے۔ ہر نئے دن کی شروعات اپنے رب ذوالجلال کے بابرکت نام سے کرو۔ اور شکر ادا کرو اس ذات کا جس نے ہمیں ایک اور خوبصورت دن دیکھنا نصیب کیا۔ ہم اگر اپنے پروردگار کی نعمتوں کو گننے یا شمار کرنے بیٹھیں تو دن سے رات اور رات سے دن ہو جائے۔ مگر ہم ان نعمتوں کو گن یا شمار نہیں کر سکتے۔ ہم اگر اپنے وجود کی طرف ہی نگاہ دوڑائیں تو ہم اس میں ہی اپنے پروردگار کی عطا کردہ بے شمار نعمتوں کو پائیں۔ سانس لینے سے چلنے پھرنے تک ہر معاملے میں ہم اپنے پروردگار کے محتاج ہیں۔ اللہ تعالی نے ہمیں سننے ,سونگنے, چکھنے, چھونے, سوچنے, دیکھنے, لکھنے, پڑھنے غرض کے تمام نعمتیں عطا کی ہیں۔ عقل و شعور, علم و ہنر اللہ تعالی کی عطا کردہ بہت بڑی نعمت ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے پروردگار کی عطا کردہ نعمتوں کو بروئے کر لاتے ہوئے اسی کے راستے پر چلیں اور اس کی قائم کردہ حدود سے ہرگز ہرگز تجاوز نہ کریں۔ اللہ تعالی نے ہم انسانوں کو تمام مخلوقات میں سے افضل مخلوق بنایا اس سے بڑھ کر اور کیا نعمت ہوگی۔ اللہ تعالی نے سورج بنایا جسے ہمیں حرارت ملتی ہے۔ سورج کی روشنی تمام جانداروں کے زندہ رہنے کا ذریعہ ہے اور رات کے لیے بہت ضروری ہے۔ چاند اور ستارے بنائے کس کے لیے ہمارے لیے۔ اللہ تعالی نے دن کام کرنے کے لیے اور رات آرام کرنے کے لیے بناۓ۔ اللہ تعالی نے ہمارے لیے زمین و اسمان بنائے۔ یہ سب نعمتیں نہیں تو اور کیا ہیں۔ اللہ تعالی قران پاک میں ارشاد فرماتے ہیں:
" تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے"۔
اللہ رب العزت نے ہمارے لیے سر سبز و شاداب اشجار بناۓ۔ جن سے ہمیں صاف ستھری آب و ہوا ملتی ہے۔ پھل, پھول, پودے, سبزیاں اُگائی۔ ہوا اور پانی بھی اللہ پاک کی عطا کردہ بہت بڑی نعمتیں ہیں۔ چرند پرند بھی ہم انسانوں کے لیے فائدے کے لیے بنائے گئے۔ اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمتوں میں سے سب سے بڑی نعمت صحت ہے اگر صحت نہ ہو تو انسان بہت سی نعمتوں کا لطف اُٹھانے سے محروم رہتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر حال میں اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کریں۔ اور اس کی خوب دل سے عبادت کریں تاکہ ہمارا رحمان رب ہم سے راضی اور خوش ہو۔
؎ دعا کرتی ہوں کہ میری دعا قبول ہو جائے
میری زندگی کا دیا مجھے تیری ذات کی تلاش میں





































