
حافظ عبدالحق ربانی
آج مفکر اسلام، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کی یوم ولادت ہے اقبال جو کسی کےلیے بڑا سیاسی دانشور،کسی کے لیے دو قومی
نظریے کا مفکر، کسی کے لیے مصور پاکستان، کسی کے لیے رومانوی شاعر، کسی کے لیے روحانی شاعر، کسی کے لیے پی ایچ ڈی ڈاکٹر،کسی کے لیے مذہبی اسکالر ،کسی کے لیے فلاسفر، کسی کے لیے سیاستدان ،کسی کے لیے قاضی القضاء (چیف جسٹس)،کسی کے لیے صوفی و بزرگ تھا ۔
کسی عام شخص میں یہ خوبیاں ہو سکتی ہیں ،ہرگز نہیں ، یہ اقبال تھا جس نے امت کے درد کو محسوس کرتےہوئے ان کے زخموں کی مرہم پٹی کی ۔ یہ اقبال تھا جس نے نظریہ پاکستان کو پیش کیا۔ یہ اقبال تھا جس نے مسلمانوں کو زوال سےبچانے کے لیے محنت وکوشش کی۔ یہ اقبال تھا جس نے امت کے شاہینوں کو ان کی پرواز کی سمت بتا دی۔
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
نہیں ہے ترا نشیمن قصرِ سلطانی کی گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
یہ اقبال تھا جس نے سیاست دانوں کو باضابطہ اخلاق بنائے۔یہ اقبال تھا جس نے اغیاروں کی چالوں سے اپنے مسلمان بھائیوں کوخبردار کیا۔ یہ اقبال ہی تھا جس نے مسلمانوں کے اندر سے ختم ہوتا ہوا جذبہ جہاد پھرسے ابھارا۔
مٹایا تھا قیصرو کسریٰ کی استبداد کو جس نے
وہ کیا تھا زور حیدر فقر بوذرصدق سلمانی
یہ اقبال ہی تھا جس نےمسلمانوں کو ان کا آئینہ دکھایا ۔یہ اقبال ہی تھا جس نے امت کو عروج کی طرف گامزن کیا۔یہ اقبال ہی تھا جس نےاپنے اشعار کےذریعے سے لوگوں کو توحید کی دعوت دی۔
زندہ قوت تھی جہاں ميں يہی توحيد کبھی
آج کيا ہے، فقط اک مسئلہء علم کلام
روشن اس ضو سے اگر ظلمت کردار نہ ہو
خود مسلماں سے ہے پوشيدہ مسلماں کا مقام
ميں نے اے مير سپہ! تيری سپہ ديکھی ہے
'قل ھو اللہ، کی شمشير سے خالی ہيں نيام
آہ! اس راز سے واقف ہے نہ ملا، نہ فقيہ
وحدت افکار کی بے وحدت کردار ہے خام
قوم کيا چيز ہے، قوموں کی امامت کيا ہے
اس کو کيا سمجھيں يہ بيچارے دو رکعت کے امام!
یہ اقبال ہی تھا جس نےمسلمانوں میں حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو بیدار کیا۔ یہ اقبال ہی تھا جس نے لوگوں میں عشق مصطفیٰ پر مر مٹنے کا جذبہ پیدا کیا ۔
کی محمد سے وفاتو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
یہ اقبال ہی تھا جس نے امت کو فکر وتخیل کی دنیا سے بیدار کیا ۔یہ اقبال ہی تھا جس نے مسلمانوں سے رنگ و نسل کےامتیازکو ختم کیا۔
بتان رنگ خوں کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا
نہ تورانی رہے باقی نہ ایرانی نہ افغانی
یہ اقبال ہی تھا جس نےتعصب میں ڈوبے ہوئے مسلمانوں کو تعصب کی لت سے نکال باہر کیا ۔ یہ اقبال ہی تھا جس نے امت کو فرقہ پرستی سے بچانے کے لیے تابڑ توڑ کوششیں کیے۔ یہ اقبال ہی تھا جوخود کو ہمیشہ قافلہ حجازسے وابستہ سمجھتارہا۔
سالار کارواں ہے میر حجاز اپنا
اس نام سے ہی باقی آرام جاں اپنا
اقبال ایک طرف تو مسلم امہ کی زبوں حالی اور اس کی وجوہات کی نشاندہی کرتے ہیں تو دوسری طرف اس مرض سے بچنے کی تدابیرتجویز کرتے ہیں بانگِ درا "خطاب بہ نوجوانان" اسلام کے عنوان سے مسلمان نوجوان سےاس طرح مخاطب ہے
کبھی اے نوجواں مسلم تدبر بھی کیا تو نے
وہ کیا گردوں تھا تو جس کا ہے ایک ٹوٹا ہوا تارا
تجھے اس قوم نے پالا آغوش محبت میں
کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاج سردارا
اس نظم کے اگلے اشعار میں افسوس کے ساتھ کہتے ہیں کہ ہم نے جو اسلام کی میراث کو بھلا دیا تو ہمارا زوال شروع ہو گیا۔
تجھے آباء سے اپنے کوئی نسبت ہو نہیں سکتی
کہ تو گفتار، وہ کردار ،تو ثابت، وہ سیارہ
گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمین پر آسمان نے ہم کو دے مارا
اقبال کا "شکوہ" مسلمانوں کے ماضی کی تصویرہے اور عظمت رفتہ کا نشان ہےبلکہ "جواب شکوہ "مسلمانوں کے حال کی ایک جھلک ہے۔"جواب شکوہ" میں اقبال رحمہ اللہ تعالی نے عصر حاضر کے مسلمانوں کو جہاں اپنا چہرہ دیکھنے کے لیے آئینہ مہیا کیا ہے وہاں اسے یہ بھی یقین دلایا کہ اگروہ بےعملی کی دلدل سے نکل آئے۔ اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے تومستقبل بھی اسی کا ہے۔" جواب شکوہ" حقیقتا امت کی بیداری کے لیے نسخئہ کیمیا ہے۔
قارئین کرام! آج اقبال کا یوم ولادت ہے۔اقبال صرف دل کو نہیں گرماتا بلکہ روح کو بھی گرماتا ہے۔ آج عوام بے روزگاری کا شکار ہے، اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔ آج سیاستدان عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔ آج 75 سال بعد بھی ملک کی خداداد جس کا نظریہ اقبال نے پیش کیا تھا، اس میں اسلامی شرعی قوانین نافذ ہے نہ عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے تو اقبال کیا سوچتے ہوں گے ۔عوام روٹی، کپڑا، مکان کے لیے ترستے ہیں اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔
آج پاکستان ایک ایٹمی ملک ہےالخالد، الضرار ،غوری وغیرہ میزائل اور ٹینکیں اس قوم کے پاس ہے جس کی آزادی کے لیے اقبال نے اپنی عمر وقف کردی تھی مگر یہ ہتھیار نہ تو مظلوم امت کا کام آسکا نہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکا تو اقبال کیا سوچتے ہوں گے ۔آج ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہے، کسی کا کان، کسی کی ناک، کسی کی پاؤں،کسی کی آنکھ نہیں ہے ،لاکھوں کی تعداد میں بےگھرہو چکے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں فلسطینی محصور ہیں تو اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔
کشمیر میں نہتے مسلمان ظلم کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ 75 سال سے 80 لاکھ کشمیری محصور ہیں ۔342 مساجد کو تالے لگے ہوئے ہیں۔221 مدارس بند ہو چکے ہیں۔ 14 ہزار بہنوں کے عصمت دری ہوچکی ہے۔ 10 ہزار مسلمانوں کی آنکھوں کی روشنی چھینی گئی ہے۔6 ہزار بچوں کو سکولوں سے اغوا کیا جا چکا ہے۔سیکڑوں کی تعداد میں مائیں بہنیں بیوہ ہو چکی ہیں۔ ہرگھر سےفریاد کو سنا جا رہا ہے۔ہرماں کے سامنے سے ان کی بیٹے اور بیٹیوں کی جنازے اٹھائے جا چکے ہیں تو اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہوتے ہوئے بھی ترقی پذیر اورغریب ممالک میں شامل ہے اقبال کیا سوچتے ہوں گے ۔جب قوم کے سیاستدان علی امیر گنڈاپورسٹیج سے مریم نواز کے حسن کے تذکرے کرتے ہیں تو اقبال کیا سوچتے ہوں گے۔
دین ہاتھ سے دے کر اگر ازاد ہو ملت
ہے ایسی تجارت میں مسلماں کا خسارا
دنیا کو ہے پھر معرکہ روح و بدن پیش
تہذیب نے پھر اپنے درندوں کو ابھارا
اللہ کو پامردئ مومن پہ بھروسا
ابلیس کو یورپ کی مشینوں کا سہارا
تقدیر امم کیا ہے؟ کوئی کہہ نہیں سکتا
مومن کی فراست ہو تو کافی ہے اشارا
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا
قارئین کرام! اب بھی وقت ہے سٹیج پر اقبالیات کوزینت بنانے کی بجائے فکر اقبال پر توجہ دے ۔بیداری امت کی طرف لوگوں کو مائل کرے۔ عوام میں بیداری کا شعور پیدا کرےاور حقیقت تو یہ ہے کہ ہم نے اقبال کی فکر سے غداری کی ہے نہ تو ہم قرآن کے مومن ہیں نہ اقبال کے شاہین۔



































