
ماریہ حسان/ اورنگی ٹاؤن کراچی
آہ ۔۔ ایک بار پھر صنف نازک پہ وار۔۔ایک اور دل خراش واقعہ...! ابھی کچھ دن گزرے نہ تھے
معصوم ملازمہ کی کہانی کو سن کر سب رو رہے تھے کہ ایک اور درد ناک کہانی سامنے آجاتی ہے۔۔ پے در پے صنف نازک پر وار۔۔۔ ہمارے معاشرے میں سب سے سستا جرم بن چکا ہے ۔ڈاکٹر ماہ نور کا واقعہ کوئی ایک خبر نہیں بلکہ اس طرح کے ہزاروں تیزاب گردی کے واقعات آئے دن ملک میں پیش آتے رہتے ہیں ۔کبھی اقتدار کے نام پر تو کبھی عزت کے نام پر۔ معاشرے کے بھیڑیے نما انسان جرم کر کے فرار ہوجاتے ہیں اور قانون کے ہاتھ ان تک کم ہی پہنچ پاتے ہیں یا اورمجرم دندناتے پھرتے ہیں۔۔
میڈیا پرخبریں ،حقوق و نسواں کے نعرے لگانے والی تنظیمیں فقط چند گھنٹوں کے نعرے لگوا کر خاموش ہوجاتی ہیں ۔ایک اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2025 کے درمیان پاکستان میں عورتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے کیس میں ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد وارداتیں ریکارڈ ہوئیں جس میں عزت کے نام پر قتل، اغواہ ، تشدد،زیادتی ،وراثت اور تقریباً دوسو سے زائد تیزاب گردی کے واقعات شامل ہیں ۔ ایسے کئی واقعات گاہے بگاہے ہمارے ملک میں سالوں سے ہوتےآ رہے ہیں اور اکثر تو خبروں میں لائے بھی نہیں جاتے۔ یوں تو یہاں پر عورتوں کے حقوق کے لیے عالمی سطح تک کے فورمز موجود ہیں بڑے پیمانے پر فنڈنگ ،کانفرنسز منعقد کی جاتی ہیں مگر جب بھی کوئی اس طرح کا سنگین واقعہ پیش آتا ہے تو نہ حقائق سامنے آتے ہیں ،نہ ہی مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قرآن و سنت کی بالا دستی ہوتی تو آج ایسےجیسے واقعات پیش آنے کی نوبت ہی نہ آتی۔ ڈاکٹر جیسا عظیم و معتبر پیشہ جو انسانی جانوں کا مسیحا ہوتے ہیں ،ان پر کیے گئے ایسے مظالم کسی بھی لحاظ سے قابل معافی نہیں ۔۔اور واقعات یہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ بھی ہیں کہ کل کو ہماری نسلوں میں سے بہن بیٹیاں ،مستقبل میں اپنے فرائض سر انجام دینے کے لیے گھروں سے نکلتی ہیں تو یہ معاشرہ ان کے لیے کسی بھی لحاظ سے محفوظ نہیں ۔



































