
سیدہ ریطہ
واقعی!! ایمان کوجگانےجب رمضان آتا ہےتو ایمان کادل میں مچلنا بڑھنا اور دوڑنا فطری ہوتا ہے۔اللہ نے اس رمضان کے جذبے میں اتنی قوت
رکھی ہے کہ روزے گرمی کی تپش میں بھی سہل ہوجاتے ہیں
خدا کی موجودگی کا شدت سے احساس ہونے لگتا ہے،انسانیت کا جذبہ متحرک ہوجاتاہے،رشتوں اورناطوں سے جڑنےکا ذریعہ یہ رمضان ہمیں ان گنت پہلو سے محاسبہ کرنےکا موقع دیتا ہے ۔غریب پروری انکساری عاجزی رحم دلی ہمدردی سے لے کر محبت اخوت ملی یکجہتی کا سبق اپنے اوراق کھول کے کھڑا ہوجاتا ہے
بلاشبہ روزے سے رہنا ایک مشکل کام ہے مگر یہ جذبہ جامعیت کا مظہر ہے۔ امیر غریب سے لے کر ہر قسم کی روح میں پنپتا ہے۔ پورے سال کی باطنی جمیعت اس ایک مہینے میں پیوست ہوجاتی ہے ۔ اس کی برکت ساری دنیاوی اغراض کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہیں روح کی غذا میں جابجا اضافہ ہوتا ہے اور یکسوئی کے ساتھ اللہ کی خاطر مجاہدہ نفس کی موقع ملتا ہے۔
اللہ کی محبت کا یہ حسن جب انسان پورا دن کی بازگشت میں بھوک اور پیاس کی حالت میں رہتا ہےتو اللہ کریم کی نعمتوں سےانسیت محسوس کرتا ہے اس کے شکر کا پہلو وسیع ہوتا ہے،صبر اور قناعت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ عبادت ،ذکر اور زہد و تقوی کا یہ عالمی موسم مشرق و مغرب کے امیر فقیر کم ہمت اور باہمت تمام گروہ کے لوگوں کو ایک دوسرے کا رفیق بناتا ہے
ایک ہی وقت میں کرہ ارض کے ہر خطے پر یہ عالمگیر اجتماع اہنی عظمت کا بہترین کرشمہ ہے جسے دیکھ کر مغرب کی شیطانی قوتیں بھی بے بس ہوجاتی ہیں
حضرت ابو سعید رضہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے سنا "جو شخص اللہ کی راہ میں ایک دن کا روزہ رکھے اللہ اس کے چہرے کو دوزخ کی آگ سے ستر برس کی مسافت کے برابر دور فرمادے گا"(بخاری)
اس روزے کی اللہ کو کوئ حاجت نہیں ہوتی بلکہ یہ انسان کی روح کو تمام گناہوں سے پاک کرکے اللہ کی مشیت کا ذریعہ بن جائے تو انسان کا اپنا مفاد ہی کارفرما ہوتا ہے روزے سے گناہوں سے بچنے کا عمل دراصل پورے سال کی مشق ہوتا ہے۔
مومن کی یہ جدوجہد اسے جہاد فی سبیل اللہ کی تیاری کرواتی ہے۔ زندگی کی حقیقت بتاتی ہے۔ موت کی طرف دوڑنے اور آخرت کی تیاری کرنے کا یہ الارم دراصل وہ رمضان ہے جس میں اللہ نے قران کریم اتارا ۔
اللہ ہمیں کتاب مصطفی کا اوراس رمضان المبارک کا بہترین حق ادا کرنےوالا بنائے۔ آمین



































