
عریشہ اقبال
قلم قرطاس کرنے کو شاید آج دعاؤں اور التجاؤں کے علاوہ کچھ نہیں اور واقعی یہ وقت رب سے عاجزی کرنے کے لیے بہت قیمتی لہٰذا آپ سب بھی دعا میں شامل ہو جائیے ۔۔
آج رمضان المبارک کا آخری جمعہ ہے ہم گرتے سنبھلتے کبھی دوڑ کر عبادتیں کرنا اور کبھی تھک کر بھی نہ تھکنا یہ سوچ کر کہ یہ تو ایام المعدودات ( گنتی کے چند دن) ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ جس میں رب کی رحمتیں جوق درجوق ہماری جانب بڑھ رہی ہیں ، برکتوں کو سمیٹنا آسان ہوگیا ہے وہ جو تجارت ہے نفس کے بدلے جنت کی تجارت وہ سودا آسان ہوگیا ہے۔
اللہ کو راضی کرنے کے بہترین مواقع اب اپنے آخری لمحات میں ہیں اللہ رب العالمین سے بہت دعا ہے کہ وہ اس مہینے سے برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے والوں میں شامل کرلیں ہم سے ہماری برائیاں دور کردیں اور آنے والے سال میں اس سمیٹے گۓ سرمائے سے ہمارے ایمان کو روشن رکھیں ہمیں محروموں میں شامل نہ کیجیے گا ہماری ٹوٹی پھوٹی دعاؤں اور کوششوں کو فلسطینی بہن بھائیوں اور بچوں کے حق میں قبول کرلیں اور مجھ سمیت پوری امت مسلمہ سے آسان حساب لیجیے گا ۔
اللّٰہ تعالیٰ !!!!ہم اس وقت دور دجل کے شدید قریب ہوچکے ہیں اور حفاظت کے لیے محض آپ ہی سہارا ہیں آپ ہی تو واحد سہارا ہیں ہم آپ کے علاوہ کس کا در کھٹ کھٹائیں گے ۔اللہ تعالیٰ آپ کو آپ کی بے پایاں رحمت کا واسطہ آپ کو آپ کے رحیم ہونے کے طفیل آپ سے دعا گو ہیں کہ ہمیں بخش دیجیے ہماری کی گئی عبادات ،آپ کے در پر لائی گئی عرضیاں اور آپ سے کیے گئے راز و نیاز اپنی بارگاہ اقدس میں قبول فرمالیجیے۔
اللّٰہ ربی بےشک آپ پکارنے والوں کی پکار کو سنتے ہیں اور اس کا جواب دیتے ہیں ہم آپ سے آپ کے رحم کی امید رکھتے ہیں اور آپ کی ناراضی کا سبب بن جانے سے ڈرتے ہیں اللہ ! ہم آپ سے ہر اس شر سے پناہ مانگتے ہیں ہر اس شر سے جو ہمیں آپ سے اور آپ کی محبت سے دور کردے اور ہر اس خوف سے جو آپ کی نافرمانی کے علاوہ ہو میرے رب آمییین یا رب العالمین
ربنا و تقبل دعاء





































