
روزینہ خورشید
قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے
قل ان الصلاتی و نسکی و محیائ و مماتی للہ رب العالمین
ترجمہ؛ کہ دیجیۓ بے شک میری نماز میری قربانی میرا جینا میرا مرنا رب العالمین کے لیے ہے۔
(سورہ انعام 162)
قربانی کیا ہے ؟قربانی ہر اس چیز کو کہا جاتا ہے جس کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کیا جائے قرآن حکیم کے مطابق کسی حلال جانور کو اللہ کا قرب حاصل کرنے کی نیت سے ذبح کرنا قربانی ہے۔حضرت آدم علیہ السلام کے بیٹوں ہابیل اور قابیل نے بھی اللہ کے حضور قربانی پیش کی تھی ۔ہابیل نے دنبے کی، جبکہ قابیل نے غذائی اجناس کی قربانی دی۔ ہابیل کی قربانی بارگاہ ایزدی میں قبول ہوئی اور آگ نے اسے کھا لیا۔ قربانی کا یہ سلسلہ ہر نبی کے دور میں کسی نہ کسی صورت باقی رہا حتی کہ امام الانبیاء حضرت ابراہیم علیہ السلام نبی بنائے گئے، ان کی پوری زندگی ہی آزمائش میں گزری جس میں وہ سرخرو ہوئے اور اللہ نے انھیں اپنا خلیل (دوست )بنا لیا.انسان پر سب سے بڑی آزمائش تب آتی ہے جب اس کی اولاد مشکل میں ہو لہذا جب رب تعالی کی طرف سے حکم ہوا کہ اپنے شیر خوار بچے اسماعیل کو ان کی والدہ ہاجرہ کے ہمراہ حجاز مقدس کی بے آب و گیاہ وادی میں چھوڑ جاؤ تو آپ نے بلا چوں وچرا حکم ربی کی تعمیل کی اور جب وہی بچہ بڑا ہو کر دوڑ دھوپ کے قابل ہوا تو باری تعالیٰ کا حکم آگیا کہ اب اس کو میری راہ میں قربان کر دو۔ امام الانبیاء اس آزمائش میں بھی پورے اترے اور رب کے حکم پر سر تسلیم خم کرنے کے لئے لختِ جگر کو قربان کرنے کے لئے لٹا دیا۔ اللہ کو تو صرف اپنےبندے کا امتحان مقصود تھا لہذا فورآ حضرت اسماعیل کی جگہ قربانی کے لئے ایک مینڈھا بھیج دیا جس کو حضرت ابرہیم نے زبح فرما دیا ۔رب العالمین کواپنے فرمانبردار بندے کی ادا اتنی پسند آئی کہ رہتی دنیا تک آپ کے اس عمل کو عید الاضحی کی صورت میں امر کردیا۔ ذوالحج کے مہینے میں 10، 11 اور 12 تاریخ کو دنیا کے تمام صاحب استطاعت مسلمان جانور کی قربانی کر کے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہیں۔
قربانی کی اصل روح اخلاص ہے یعنی نمود و نمائش اور ریاکاری سے بچتے ہوئے خالصتاً اللہ کی خوشنودی اورقرب حاصل کرنے کے لیے جانور کو قربان کرنا اوراللّہ کی کبریائی اور توحید کا پرچار کرنا ۔قربانی دراصل اس بات کی یاد دھانی ہے کہ اگر اللہ کی راہ میں اپنی پسندیدہ چیزوں کے علاوہ جان کی قربانی بھی دینی پڑی تو بندہ مومن شاداں و فرحان ہمہ وقت اس کے لئے تیار ہے۔اس کی بہترین مثال فلسطینی مسلمانوں کی ہے ۔ اکتوبر2023 سے اہل غ ذ ہ جس آزمائش اور کرب سے گزر رہے ہیں اب خواہ مسلم ہوں یا غیر مسلم ہر کوئی اس سے واقف ہے۔
اب تک تقریبا 40 ہزار افراد اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانی دےچکے ہیں ،ہزاروں زخمیوں نے اپنےاعضاء کی قربانی دی، ہزاروں لوگوں نےاپنےمال و متاع قربان کیے ہیں لیکن اب بھی ان کے لبوں پر ایک ہی صدا ہے لا الہ الااللہ آفرین ہے غ ذ ہ کی ماؤں کوجو اپنے جگر گوشوں کو اپنے ہاتھوں سے اپنی گود سے قبر کی گود کے سپرد کر رہی ہیں اور سلام ہے ان باپوں کو جو اپنے نوجوانوں کا لاشہ دفنا رہے ہیں ۔بارود کی بو فضا میں رچی بسی ہے ،گھر ملبے کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں، مسجدیں شہید ہو چکی ہیں مگر پھر بھی وہاں اللہ اکبر کی صدا گونج رہی ہے جو کہ قربانی کی اصل روح ہے .
اس سال دنیا کے کونے کونے میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گےمگر اہل غ ذ ہ جنہوں نےاپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیا ہے اب ان کے پاس اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لئے کچھ نہیں بچا،نہ ان کے پاس کھانے کا سامان ہے۔۔۔۔ نہ ہینے کے لئے پانی۔۔۔۔نہ سونے کے لئے بستر ہے۔۔۔۔ نہ علاج کے لئے دوائیں ہیں ۔۔۔۔۔بلکہ وہ صاحب نصاب لوگ جو کئی جانوروں کی قربانی کیا کرتے تھے آج خود قربانی کے گوشت کے منتظر ہیں لیکن حرف شکایت کے بجاۓ ان کی زبان کلمہ شکر سے تر ہے. وہ سب رب کی رضا میں راضی ہیں ۔۔۔۔۔شہید تو اعلیٰ جنتوں میں پہنچ گۓ جہاں وہ رب مہربان کی میزبانی سے سرفراز ہو رہے ہوں گے ان شاءاللہ ،لیکن جو اس۔ را۔ ئلی مظالم کے سامنے صبر و استقامت کی دیوار بنے ڈٹے ہوئے ہیں انھوں نے رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کے لئے سابقون الاولون کی مثال قائم کردی ہے ۔
اللّہ کریم تمام امت مسلمہ (بشمول مسلم حکمرانوں) کے اندر بھی یہی جذبہ بیدار کر دے۔
شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن
نہ مال غنیمت نہ کشور کشائی



































