
روزینہ خورشید
صبح سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری تھی ۔ جیسے ہی شام کا دھندلکا چھانےلگا تو صدیقی صاحب نے اپنے پوتوں سے کہا
"جنریٹر نہیں چلانا سب چھت پر آجاؤ آج چاند کی روشنی میں ہجرت کےقصے سناؤں گاتا کہ تم لوگوں کو معلوم ہو سکے، کتنی قربانیوں کے بعد یہ پاک وطن ہمیں حاصل ہوا ہے".
شکر ہے تھوڑی دیر کے لئے تم لوگوں کی موبائل سے توجان چھوٹے گی اسد کی امی (بڑی بہو) سکون کا سانس لیتے ہوئے بولیں
چھت پرجلدی سے چٹائ بچھائی گئی گھر کے سب لوگ جمع ہوگئےتوانہوں نے سنانا شروع کیا ۔
بیٹے! ہندوستان میں ہمارا بہت بڑا گھر تھا جس میں ہم اپنے دادا ،دادی اور چچا کے ساتھ رہا کرتا تھے۔ہم دو ہی بھائ بہن تھے، باجی اس وقت 14سال کی تھیں اور میں 6 سال کا تھاجبکہ میرے چچا کی عمر اس وقت بیس سال ہوگی۔اسد سے رہا نہیں گیا فوراً کہنے لگا ہمارے چاچو بھی تو بیس سال کےہیں اورمیں چھ سال کا ہوں اور ہمارا بھی اتنا بڑا گھر ہے۔۔۔۔"اسد بیچ میں مت بولو چپ کر کے دادا کی بات سنو" احمر(بھائ) نےاسے ڈانٹا۔۔۔ہاں تو میں کیا کہ رہا تھا؟" آپ ہجرت کا قصہ سنا رہے تھے"سارہ (پوتی) نےانھیں یاد دلایا ۔ہاں ہاں ۔۔۔۔جیسے ہی پاکستان بننے کا اعلان ہواتو ہر طرف ہندوبلوائیوں نے قتل وغارتگری کا بازار گرم کر دیا،جس گھر میں بھی گھستے سب سے پہلے خواتین کی بےحرمتی کیا کرتے تھے، بلوائی ہمارے گھر میں گھسے تو دادا نے ہم سب کو پچھلے دروازے سےباہر بھاگنے کو کہا۔ میری امی اورباجی ابو کی آڑ لیتے ہوئے باہر نکلنے کے لیے کوشش کرنے لگیں۔ میں چچا کے پیچھے چھپ کر سب دیکھ رہا تھا ۔بلوائیوں کے ہاتھوں میں برچھیاں اور تلواریں تھیں۔ان میں سے ایک نے ابو کو برچھی ماری دوسرے نےامی پر تلوار سے وار کیا ،تیسرے نے دادا ،دادی پر حملہ کر دیا۔یہ دیکھ کر باجی فوراً کنویں کی طرف بھاگیں اور اس سے پہلے کہ بلوائی ان تک پہنچتےانہوں نے کنویں میں چھلانگ لگا دی۔
میں نےبھی باجی کی دیکھا دیکھی ان کے پیچھےبھاگنا چاہا مگر چچا نے فوراً مجھے گود میں اٹھایا اورباہر کی طرف دوڑپڑے۔بڑی بہو جو اپنے آنسوؤں کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی تھیں کہنے لگیں "ابو جی آپ کا تو پورا خاندان ہی ظالموں نے مار ڈالا" ہاں بیٹے بس ایک چچا ہی بچے تھے جو مجھے لے کے چھپتے چھپاتے کسی طرح ریل گاڑی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ ،اس ریل گاڑی میں بیٹھے ہر شخص نے اپنے پیاروں کی قربانی دی تھی۔آہ ہمارے پورے خاندان کو ظالموں نے شہید کر دیا ۔انہوں نے دردناک انداز میں شعر پڑھا اور ہچکیاں لے کے رونے لگے۔
مٹی کی محبت میں ہم آشفتہ سروں نے
وہ قرض اتارے ہیں کہ واجب بھی نہیں تھے
ظاہر ہے ہجرت کے دوران لگے ہوئے زخم ان کی روح پر لگے تھے اور روح کے زخم مندمل کب ہوتے ہیں۔
بچے بڑے سب آنکھو ں میں انسو لہیے ان کی کہانی سن رہے تھے۔احمر نے ان کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے عہد کیا "دادا جان جس ارض وطن کےحصول کے لیے آپ کے جیسے لاکھوں خاندانوں نے قربانیاں دی ہیں اس کی حفاظت کے لیے ہمیں بھی اپنی جان دینی پڑے تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ".سب نے یک زبان ہو کے کہا ۔ ان شاءاللہ آمین



































