
لبنیٰ مزمل
فیس بک چلاتے چلاتے اچانک ہی میری نظر موبائل کی گھڑی پر پڑی ،سوا آ ٹھ ! میں ہڑبڑا کر کھڑی ہو گئی -کعب کے آ نے میں صرف پندرہ منٹ باقی تھے اور مجھے
روٹیاں بنانی تھیں میں تیزی سے کچن میں پہنچی-آٹا میں اکثر ہی فریج میں گوندھ کر رکھتی ہوں،اس وقت بھی گوندھا ہواآٹا دیکھ کر اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور تیزی سے روٹیاں بنانے لگی تمام روٹیاں ہاٹ پاٹ میں رکھ کر کچن سے باہر آگئی۔ پانی پینے کا ارادہ کرہی رہی تھی کہ دروازے پر دستک ہوئی انجانی دستک تھی زرا تیز آ واز میں پوچھا کون ہے ؟ نہایت دھیمی آواز میں جواب آ یا بھوکا ہوں باجی کھانا کھلا دیں- میں نے دروازے کی اوٹ سے جھانکا تو اٹھارہ انیس سالہ نوجوان تھا میرا دل دکھ سے بھر گیا- اندر آ کر میں نے شاپر میں کھانا نکالا دروازے سے پکڑا کر اندر آ گئی-
مانوس دستک پر دروازے کھول دیا کعب سلام کرتے ہوئے اندر آ گیا -مما آپ نے کھانا دیا ہے باہر لڑکے کو ؟ کعب نے پوچھا - کیا وہ اب تک گیا نہیں میں نےکعب سے پوچھا نہیں وہ تو دروازے کے ساتھ بیٹھا کھانا کھا رہا ہے - اوہ ! کیا ہوا مما ؟ بیٹا میں کھا نا شاپر میں دیا تھا سالن اور روٹی وہ بے چارہ کس طرح کھا رہا ہو گا - میں سوچ رہی تھی کہ وہ اپنے گھر لے جائے گا- یقیناً بہت بھوک لگی ہو گی جبھی تو وہ یہیں بیٹھ کر کھانے لگا۔
کعب بیٹا ایک گلاس پانی تو دے آؤ اسے
مما پلیز اتنی رحم دلی اس دور میں اچھی نہیں
وہ دروازے سے لگا بیٹھا ہےاورآپ گھر میں اکیلی ہوتی ہیں اور اگراس طرح گھر میں گھس آ ئے پھر
مما پلیز آپ اس طرح کسی کوکچھ نہ دیا کریں
آ پ ہر ماہ صدقہ و خیرات کرتی تو ہیں مگر بیٹا بھوکے کو کھانا کھلانے کا بہت اجر ہے-آپ ٹھیک کہ رہی ہیں مما۔ مگر اس شہر میں نہ جانے کتنی فلاحی تنظیمیں ہیں جو روز دستر خوان سجاتی ہیں ،یہ وہاں سے بھی کھا سکتے ہیں مگر ان لوگوں کے دلوں میں کھوٹ ہوتی ہے ،اس لیے تو دروازے بجا بجا کر کھانا مانگتے ہیں تا کہ موقع ملے اور اپنے ساتھیوں کو بلا کر صفایا کریں-ابھی کھانا مانگ رہا ہے کچھ دن بعد پیسے مانگنے لگے گا- نہیں بیٹا نہیں ایسے نہیں کہتے اچھا سوچا۔ کرو اچھا بولا کرو میں نے خفگی سے کعب کی جانب دیکھا –
اچھا ٹھیک ہے مما میں یونیورسٹی جاتے ہوے ہفتے میں ایک مرتبہ آ پ کی طرف سےکسی ہوٹل میں رقم دے دیا کروں گا کسی غریب کو کھانا کھلانے کے آ پ دروازہ نہیں کھولیے گا ا چھا ٹھیک ہے ،میری جان تم فریش ہو جاؤ میں کھانا لگاتی ہوں -
کعب کو تو میں نے اثبات میں جواب دے دیا۔ تھا مگر میرے اندر کچھ بےچینی سی تھی ،رات گئے تک میرے ذہن سے یہ بات نہ نکل سکی کہ وہ کوئی لٹیرا بھی ہو سکتا ہے۔ اس کی آ واز کا درد اس کے لہجے کی سچائی کی گواہی دے رہا تھا-
وقتاً فوقتاً وہ آ تا رہا میں بھی اس کی عادی ہو چکی تھی جب کوئی اچھا کھانا بناتی تو اس کا انتظار کرتی یا بکس میں ڈال کر فریز کردیتی پھر اس کی آ مد پر سالن گرم کر کےتازہ روٹی بنا کر دے دیتی وہ کھانا کھاتا اور چلا جاتا اور میرے اندر سکون اور اطمینان بھر جاتا نہ جانے کتنے ماہ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا ۔
ایک دن دروازے پر دستک ہوئی میں اس دستک کی عادی تھی میں نے جلدی جلدی کوفتوں کا سالن نکالا روٹی بنائی گلاس میں پانی بھرا تمام چیزیں ٹرے میں رکھ کر اسے دینے لگی تو اس نے کھانا لینے سے انکار کردیا اور کہنے لگا
باجی میں بیمار ہوں کچھ پیسے دے دیں۔ مجھے دوا لینی ہے۔ میں اندر آ ئی پرس سے پیسے نکالے اور اسے دیکر اندر آ گئی میرا دل دکھ سے بھر رہا تھا اور کعب
کی بات صحیح ہوتی لگ رہی تھی۔
مگر میں اس کو پیسوں کا عادی نہیں بنانا چاہتی تھی ۔
میں اسے اپنے پیروں پر کھڑا دیکھنا چاہتی تھی۔میں نے سوچ لیا تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے
بس اب مجھے اس کا انتظار تھا
دروازے پر دستک ہوئی میں رقم کا لفافہ لے کر دروازے پر آئی میں نے لفافہ اس کےہاتھ پر رکھا اورکہاسنو تم مجھے اپنے بیٹے ہی کی طرح لگتےہو ،میں کبھی نہیں چاہوں گی کہ میرا بیٹا کسی کے آ گے ہاتھ پھیلائے اسی طرح میں چاہتی ہوں کہ تم بھی سوائے اللہ کے کسی کے آ گے ہاتھ نہیں پھیلاؤ
یہ کچھ رقم ہے لے لو اور آ ئند ہ کسی کا دروازہ نہیں کھٹکھٹانا اور میرا بھی
میں دروازہ بند کر کے اندر آگئی
میں نظر چیک کروانے آ ئی تھی کعب مجھےایک گھنٹے کے بعد آنے کا کہہ کر کسی کام سے گیا تھا ۔میں کلینک سے فارغ ہو کر باہر گیٹ پر آ گئی ااچانک ایک آ واز نے مجھے اپنی جانب متوجہ کر لیا - باجی پارسل بنا دوں ؟
میں نے مڑ کر دیکھا یہ تو وہی ہے برگر کا ٹھیلہ لگائے
میں آ گے بڑھی
تین پارسل میرے بھی بنادو
اس نےچونک کر میری جانب دیکھااور تیزی سے ہاتھ چلانےلگا وہ جلدی جلدی برگر بکس میں ڈال کر میری جانب آ یا اور شاپر میرے ہاتھ میں پکڑا کر شکریہ کہا میں نے نظروں ہی نظروں میں اسے سرا ہا - کعب بھی آ چکا تھا میری خوشی کی انتہا نہ تھی میری تھوڑی سی کوشش اور قربانی نے ایک نو جوان کو ذلت کی زندگی سے نکال لیا تھا ۔



































