
رشیدہ صدف
پچھلے سال کی طرح میں تجھےپا کر بہت خوش ہوں، کہ بخشش کا جنت کا پروانہ لیے تو آگیا۔ خوش آمدید۔
اندر ہی اندر اُداس بھی ہوں ،غمگین بھی، اب کی بار پھر میری گود میں ایک چھوٹا بچہ ہے دودھ پیتا۔ بڑے بچوں کےامتحانات کا شیڈول بھی مل چکا ہے۔میں تو تیرے سارے ناز نخرے اُٹھانا چاہتی ہوں اور وہ سوغات جس کی وجہ سے تو اتنا معتبر ٹھہرا اُس کے ساتھ میری محبت بھی بہت ہے لیکن محبت تو دلیل مانگتی ہے، محبت کے زبانی دعوے کس کام کے؟ پیارے رمضان ! اندر سے بہت ہی ڈری ، سہمی ہوں نہ جانے میں سحری و افطاری میں ذکر کا بھی زیادہ اہتمام کر پاتی ہوں یا پھر ؟؟
اللہ نہ کرے کہ میں قرآن پاک کو ایک دفعہ پورا نہ پڑھ سکوں ۔ پچھلےسال بھی مجھے یا د ہے حق وفا ادا نہ کر سکی تھی پھر خود سے الجھتی ہی رہی تھی۔ بچوں کو سکول تیار کر کے بھیجنا شوہر کی ذمہ داریاں پھر اس دفعہ ساس صاحبہ بھی علیل ہیں۔ شاید روزے بھی نہ رکھ سکیں وہ پھر دوبڑے بچوں کو امتحانات کی مصروفیات کے باوجود مضان المبارک تیری بركات تیری قدر دانی سمجھانا میرا فرض ہے۔ روزوں کی پابندی کے ساتھ افطار کی تیاری زیادہ اہتمام سےکرنا ہے کہ روزے رکھنے کا شوق پیدا ہو۔
پر تیرے آنے پر روٹین جو ساری کی ساری بدل جاتی ہے۔ دورہ قرآن میں جانا بھی تو بہت مشکل لگ رہا ہے لیکن اپنے یہ ضبط کر کےجانا ہےاورضرور جانا ہےکہ کیا پتا یہ زندگی کا آخری رمضان ہو، پھر سحری اور افطاری بناتےاپنی زبان کو ذکر سے تر رکھوں گی ۔ کوئی پروگرام سن لوں گی ، لغویات سے بچوں گی۔
میرے پیارے رمضان : میرا دل چاہتا ہے گھر کی ذمہ داریوں سےجان چھڑا کرکسی ایسی جگہ چلی جاؤں جہاں صرف قرآن ہواورمیں۔ رات قیام میں گزرے لیکن ایسا ہونہیں سکتا ناں ۔ گھر کے کام کاج بھی تو میرے لیےاجرکا باعث ہیں ناں۔ بچوں کی نگہداشت ، تربیت عبادت ہیں پھر ساس سسر کی خدمت کرنا بھی تو میرا فرض ہے۔ سحروافطار کا اہتمام بھی مجھےہی کرنا ہے،سب کے روزوں کا اجرسمیٹنا ہے۔ میرے تو زیادہ ہی مزے ہیں اتنی ساری خوشخبریاں ہیں ناں۔ پھر اے رمضان ! تیرے آنے سے میرے اجر میں 70 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔ رمضان ۔۔۔ تم عظیم ہو، تمہارا آنا مبارک ، تمہارامیرےگھر میرے ساتھ رہنا مبارک ، تمہارا جانا مبارک ہو- بس میں ہوشیاررہوں گی۔ تمہارا حق ادا کرنے کی پوری کوشش کروں گی ۔ ہر کام کرتے ہوئے اپنی نیت کو پھر سے نئی کروں گی تاکہ اجر سمیٹ سکوں -مسنون اعتکاف نہ کرسکوں تو جب بھی وقت ملے گا جتنا بھی ملے گا اتنا ہی اعتکاف کرلوں گی ۔ شکریہ میرے رمضان شکریہ ۔




































