روزینہ خورشید
رب العالمین کا صد شکراور احسان ہے کہ اس نے ہمیں عید سعید کی پرمسرت ساعتیں عطا فرمائیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس بار کی عید گزشتہ عیدین کے مقابلے میں
ذرا مختلف طریقےسے منائی گئی جس میں ہم نے اہل غ ز ہ سےمکمل یکجہتی کے لیے فلس طینی اسکارف، رومال ، مفلروغیرہ پہننے کا بھی اہتمام کیا خاص کر بچے اور بچیوں کا جوش و خروش دیکھنےکے قابل تھا ۔ اللہ ہماری اس سعی کو بھی اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے آمین۔
اب تو عید کی چھٹیاں بھی ختم ہو گئیں اوربچوں نے اپنی اپنی عیدیاں بھی اکٹھی کر لی ہیں۔ اب ماؤں کو ٹینشن شروع ہوگئی کہ بچوں سے یہ عیدی کیسےوصول کر کے اپنے پاس رکھ لیں کیونکہ ظاہر ہےبچے تو بچے ہیں ،پیسے گم بھی کرسکتے ہیں اور فضول چیزوں میں خرچ بھی کرسکتے ہیں۔ ہمارا دور تو کچھ اور ہی تھا جب ہماری امی ہم سے یہ کہہ کر عیدی لے لیا کرتی تھیں کہ بیٹا ہمیں بھی تو دوسروں کو دینا ہوتا ہے اور ہم خوشی خوشی امی کی محبت میں ان کا درد محسوس کرتےہوئے فوراً ساری عیدی ان کے ہاتھ پر رکھ دیتے تھے۔
اب زمانہ بدل گیا ہے اور"بچے ہمارے عہد کے چالاک ہو گئے ہیں" لہذا ماؤں کو بھی اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے ہم نے تو اپنے بچوں کے ساتھ یہ طریقہ اختیار کیا ہے کہ پہلے سے اندازہ لگا لیتے ہیں کہ انہیں کن چیزوں کی ضرورت ہے پھر بڑے پیار سے ان سے کہتے ہیں کہ" بیٹا اس بار عیدی کے پیسوں سے آپ یہ "چیز" خرید لیں ہمیشہ کے لئے یادگار ہوگا کہ آپ نے اپنی عیدی سے خریدی تھی ہاں کچھ کمی بیشی ہو تو ہم حاضر ہیں" اور یقین مانیں بچےخوشی خوشی اپنی عیدی کے پیسوں کے اندر ہی اپنی پسندیدہ چیزیں خرید لیتے ہیں- اس طرح فضول خرچی بھی نہیں ہوتی اور ہمارا کام بھی آسان ہوجاتا ہے۔
اس بارآپ بھی یہی حکمت عملی آزمائیے بچوں کی ضرورت کی بہت سی چیزیں ہوتی ہیں جیسےموبائل ،لیپ ٹاپ ،گھڑی،بیگ ،کمپیوٹرٹیبل،کمپیوٹرکا ریم بڑھوانا،گرافکس کارڈ لگوانا،ان کےکمروں کی سجاوٹ کے لیے کوئی شوپیس خریدنا ،چھوٹے بچوں کے لیے ان کے من پسند کھلونے خریدنا،یا پھر کسی اچھےریسٹورنٹ میں جا کرفیملی کے ساتھ کھانا کھانا وغیرہ وغیرہ اورپھرآخرمیں بچوں کو لازمی کریڈٹ دے دیں تاکہ ان کی تھوڑی حوصلہ افزائی ہوجائے کہ "واہ بیٹا زبردست آپ نےاپنی عیدی کا بہترین استعمال کیا ہےمیرابچہ تو ماشاءاللہ بہت سمجھدار ہے" ۔آپ یقین مانیں آپ کا یہ جملہ بچوں میں ایک نئی روح پھونک دے گا۔ بچے بھی خوش اور آپ بھی خوش۔
تجربہ شرط ہے