
(بچوں کی کہانی کےمقابلےمیں سوم پوزیشن حاصل کرنےوالی کہانی )
حمادیہ صفدر
نورین اورعنبرین دونوں بہنیں ہائی سکول میں چھٹی جماعت کی طالبات تھیں۔دونوں مل کرپڑھائی کیاکرتی تھیں اور کلاس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتیں۔
جونہی سردیوں کا آغازہوا بد لتے موسم نے عنبرین پرگہرا اثر کیاجس کی وجہ سے وہ نمونیے کی شدید پکڑ میں آگئی۔ اب کیاہوا۔ اسے ٹھیک ہونے میں تقریباً ڈیڑھ ماہ لگے۔ عنبرین بیماری کے عرصے میں سکول نہیں جایا کرتی تھی۔ اس کی پڑھائی کا شدید نقصان ہوا۔ ڈیڑھ ماہ بعد بھی ڈاکٹر نے آرام کا ہی کہا ۔ابھی بھی عنبرین سکول نہیں جاتی تھی۔ ایک دن ان کے والد حامد صاحب نے نورین سے کہا ۔
"بیٹاتم عنبرین کے پاس بیٹھ کراسے سکول کام کروادیاکرو"
جی باباضرور۔۔۔۔
لیکن عنبرین سے کہیے کہ وہ پڑھنے کے لیے خود میرے پا س آیاکرے۔
نورین نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا۔
کیوں بیٹے؟
والد صاحب نے حیرانی سے سوال کیا۔
بابا کیوں کہ پیاسا کنویں کے پاس آتا ہے،کنواں پیاسے کےپاس جائے یہ بھی ممکن ہے بھلا ؟؟
افففف بیٹے۔۔یہ تم نے کیسی بات کردی ؟
کنویں تو نہیں جایا کرتےلیکن ایساتوہے کہ کوئی اہل ِ ظرف کنویں سے پانی بھرکرپیاسے تک لے جائے۔
حامد صاحب خفگی سے کہا۔
بابا آپ کی بات میں وزن نہیں ۔۔ نورین نے مسکراتے ہوئے کہا۔
بیٹاجانتی ہوکہ جب زمین بنجروخشک ہو جاتی ہے، تو اس وقت کیسے سیراب ہوتی ؟
کیسے بابا؟
باپ کے سوال پر نورین نے سوال کیا۔
زمین آسمان تک چل کرنہیں جاتی بلکہ بادل رحمت کےقطروں سےلبریزہوکرخشک وبنجرزمین پربرستےہیں اورزمین کوسیراب کرتے ہیں۔
نورین توجہ سے والد کی گفتگو سن رہی تھی۔ مزید گفتگو جاری رکھتے ہوئے بولے ۔
ہاں جی اور سنو بیٹے
دنیاکے ا ندر عالم الغیب و حاضر جوذات ہے وہ اللہ کی ذات ہے، یعنی دنیائے کل کےہرقسم کاعلم اللہ کوہے اور پھر اللہ کی ذات کےبعدعلم کاسرچشمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ہے لیکن جانتی ہو ناں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کس طرح علم کی پیاس رکھنے والوں کے پاس پہنچ کر انہیں علم دین سے بہرہ مند فرمایا ،کبھی عار محسوس کی اور نہ ہی کبھی کسی کو جتلایا۔کیسے علم کا سمندر بن کرآپ نے ان لوگوں کی تربیت کی۔
پڑھاہی ہوگا ناں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ؟ حامد نے سوال کیا
جی جی بابا آپ نے تو بالکل ہی ذہن تروتازہ کردیا۔ میرے نظریے کوتبدل کردیا۔بابا آپ نے مجھے بہترین سوچ دی۔ الحمدللہ
واقعی مجھے سمجھ آگیاکہ جو کوئی کسی مدد کے طلب گارکو یہ کہتا ہےکہ"کنواں پیاسے کے پاس نہیں جاتا" وہ غلط مثال دیتا ہے۔انہیں جامد وساقط کنویں کے بجائے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کودیکھناچاہیے۔
والد صاحب کی سبق آموز گفتگو سن کر نورین نے اپنا نظریہ بیان کیا،بابا مجھے سمجھ آگئی کہ کیسے دوسروں کی مدد کرنی چاہیے۔۔۔شکریہ پیارے بابا۔
حامد نے بیٹی کے سر پہ ہاتھ رکھااورکہا
"جاؤبیٹی اپنی بہن کوپڑھاؤ۔۔اور سنو۔۔
کبھی اس جیسی اپنی دیگر بہنوں کو،ہم جولیوں کوپڑھاناپڑے/ کسی بھی معاملے مدد کرنی پڑے تو اللہ کی رضاکے حصول کے لیے بخوشی مدد کرنا۔
جی بابا ان شا اللہ العزیز ضرور ۔۔کہتے ہوئے نورین عنبرین کی طرف چل دی۔



































