
غزالہ اسلم/ کراچی
" باجی اللّہ کےنام پہ کچھ دیتی جا،تیرے بچوں کا صدقہ " گاڑی ایک سگنل پررکی، میرے کان کےپاس ایک دم سےکوئی بولا۔ میں اچھل گئی ،دیکھا تو ایک ہی شی کا فل میک اپ
زدہ چہرہ تھا،فٹنگ کا ریشمی جوڑا گویا بارات کے ساتھ جانےکے لیے تیار ہو ،میں نے معذرت کی تو "اللّہ جوڑی سلامت رکھے"میں نے کہا میں صدقہ دے چکی ہوں،" دس روپے دے دے باجی " میں نے نظر اندازکر دیا توکنجوس کا خطاب دےکر منہ ہی منہ میں بڑبڑاتی ہوئی آگے بڑھ گئی۔
تیسری جنس بھی اللّہ کی مخلوق ہے،حکومتی سطح پران کی تعلیم و تربیت اورروزگار کے لیےاقدامات کیے جانے چاہئیں ۔
گزشتہ کچھ سال سےتیسری جنس کی بڑھتی ہوئی تعداد اس جانب اشارہ کررہی ہےکہ یہ پیدائشی کھسرے / ہیجڑے نہیں ہیں بلکہ بغیرمحنت کے کمانے کی خواہش رکھنےوالے افراد ہیں جو ہیجڑوں کی وضع قطع اختیارکرکے چوک، چوراہوں ،اسپتالوں اور بازاروں میں مانگتے پھرتے ہیں جس کے پاس کھانے کونہ ہو وہ ایسے کپڑے پہن کر اتنا میک اپ کیسے کرسکتا ہے۔آج کل کاسمیٹک کی اشیاء بھی خاصی مہنگی ہیں ۔
ایک غلط فہمی لوگوں کو یہ بھی ہےکہ ہیجڑے کی بددعا لگ جاتی ہے،اس لیے ان کا دل نہیں دکھانا چاہیےاوران کوکچھ نہ کچھ ضروردینا چاہیے۔ ٹھیک ہے آپ ان کو ماریں نہیں ،ڈانٹیں نہیں بلکہ نرمی سے کہہ دیں " اللّہ بھلا کرے گا" کیونکہ اگر اسی طرح ہم بد دعا کہ ڈرسے ہر انہیں دیتے رہیں گےتو ان کی تعداد میں اتنا اضافہ ہو جائے گا جو قابو سے باہر ہوگا۔ ہماری حکومت تو ویسے ہی خواب خرگوش کےمزے لے رہی ہے۔ کسی بات کی اسے کوئی فکر نہیں ۔ نہ آخرت کی جواب دہی کا کچھ احساس ہے،مگرعوام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور تیسری جنس کی بھیک مانگنے کی عادت کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



































