
غزالہ اسلم / کراچی
یوفون کی سم بالکل مفت حاصل کریں۔ پچاس روپے کے بیلنس کےساتھ ،ٹیلی نورکی سم فری حاصل کریں ساتھ ہی سوروپے کا بیلنس پائیں ۔ کچھ عرصے
سے بازاروں میں گلی محلوں میں اس قسم کی آوازیں آپ سنتےہوں گے،دو لڑکے ایک چھوٹی میزپر کچھ سمیں رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں اورریکاڈنگ اسپیکر پر چلتی رہتی ہے ۔۔
پانچ روپے میں پوری رات باتیں کرو ۔ دس روپے میں ایک گھنٹے کا پیکیج کریں۔جتنی چاہیں باتیں کریں ۔یہ اور ان جیسے ڈھیروں پیکیجز نوجوان نسل کو بے راہ رو کرنے کے لیے ہیں جس ملک میں روٹی 20 یا 25 روپے کی ملتی ہو وہاں سم فری ملے اور اتنے سستے پیکجز ،ضرور دال میں کچھ کالا ہےمگر یہاں تو دال ہی کالی ہے ۔ جہاں بجلی اتنی مہنگی ہو کہ 200 یونٹ سے کم استعمال کرنے پر بھی 5 یا 6 ہزار کا بل آئے اور آدھا دن بجلی غائب رہے۔ اس ملک کے حکمران فری سم کیسےدے سکتے ہیں۔ ارے یہ تو مفت میں کسی کو اپنا بخاربھی نہ دیں جس ملک میں گیس کے وسیع ذخائرہوں ۔ اس ملک میں لوگوں کے گھروں میں گیس نہ آئے اور وہ ایل پی جی والےسلنڈراستعمال کریں یا لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوں، اس ملک میں فری سم کیسے مل رہی ہے؟ وہ بھی ہر چوک اور چوراہے پر ،سوچنا تو بنتا ہے۔
"کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا "
سم فری ہواورپیکجزسستے ہوں توکیا جوان کیا بوڑھا ،کیا عورت کیا مرد ،سب ہی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتےہیں مگر یہود و نصاریٰ کا اصل ہدف تو مسلمانوں کی نوجوان نسل ہےجوپاکستان کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہے،ان کو بگاڑنا ،ان کو غلط راہ دکھانا،ان کا مستقبل برباد کرنا ہی دراصل مغربی ایجنڈا ہے۔آج کل کی نوجوان نسل کے پاس اسمارٹ فون کا ہونا ضروری ہےمگر اس کا اچھا استعمال کریں ناکہ وقت اورپیسے کا ضیاع کریں۔اس سلسلے میں والدین کا کردار بہت اہم ہے۔ بچے کے لیے والدین ہی رول ماڈل ہوتےپھر جیسے جیسے وہ بڑا ہوتا ہے خاندان کے دیگر افراد کو دیکھتا ہے ،ان سے سیکھتا ہے ،چچا ماموں وغیرہ اور بڑا ہوتا ہے تو کزن کو دیکھتا ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں ،کیا پڑھ رہے ہیں ،ماں باپ بھی کہتے " تمہارے ماموں کا بیٹا ڈاکٹر بن رہا ہے ،تمہارے چچا کا بیٹا وکیل بن رہا ہے, تمہاری خالہ کی بیٹی عالمہ بن رہی ہے" وغیرہ وغیرہ ۔بچوں کو ابتدائی کلاسوں میں ہی ٹارگٹ دینا چاہیے۔ ان کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ تم حساب میں زیادہ نمبر لاتے ہو تمہیں یہ مضمون پسند ہے ،تم اکاؤنٹنگ یا انجینئرنگ کے مضامین پڑھ سکتے ہو ۔
کرونا وائرس کے دو سال میں بچے گھر ہی میں آن لائن کلاسز لےرہےتھے۔ اس دورمیں موبائل فون کا درست استعمال کیا گیا ،بچوں کی پڑھائی جاری رہی۔ اسی طرح اپنے بچوں کو آن لائن کورسز کروائیں گھر بیٹھے سیکھیں ،یا اداروں میں جاکے سیکھیں ،15 سے 25 سال کی عمر پڑھنے، سیکھنے اور کچھ بننے کی عمر ہے۔ اس عمر میں آپ کا بچہ کچھ بن گیا تو بہت اچھا ہے ،اس پر نظر رکھیں ،اس کو گائیڈ لائن دیں،ورنہ بعد میں رونے سے کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔
آج کی نوجوان نسل موبائل فون کے ذریعے": ٹک ٹاک" بنارہی ہے ،وی لاگ بنارہی ،ٹیڑھےٹیڑھےمنہ بنا کر سیلفیاں لےرہی ہے،گرل فرینڈز اور بوائے فرینڈ کےچکرچل رہے ہیں اورسمجھتے ہیں ہم ایک دو مہینوں میں کروڑ پتی بن جائیں گے۔ ڈراموں میں ہیروکا رول مل جائے گا وغیرہ۔
" ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے "
ان بچوں کو میں نصیحت کرتی ہوں کہ جاگتےہوئےخواب مت دیکھو ۔ علم وعمل کے میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑو۔سستی شہرت ،راتوں رات امیر بننے کا شوق تم لوگوں کو غلط راستے کی طرف لے جائے گا ۔ حلال و حرام کا فرق کبھی نہ بھولنا ۔
اپنے دشمن ( یہود و نصارٰی)کو پہچانو ،ان کی چالوں کو سمجھو بھی اور ان کی چالیں انہی پرالٹ دوسستے پیکجز سے فائدہ اٹھاتے ہوئےاپنے علم و اضافہ کرتے ہوئے اتنی ترقی کرو اتنے آگے بڑھو کہ دشمن حیران ہو جائے اور اپنا سر پیٹے اور کہے " الٹی ہو گئیں سب تدبیریں۔".
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



































