
غزالہ اسلم
آج بہت دنوں کے بعد اپنی کالج کے زمانے کی دوست" میرب "کے گھرجانےکا اتفاق ہوا۔کافی عرصے بعد ملاقات ہورہی تھی۔ اس لیے باتوں کا نا ختم ہونے
والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کچھ دیر بعد میرب کو خیال آیا اورمیرے لیے پانی لینے کچن میں گئی ،جب واپس آئی تو اس کے ہاتھ میں پیپسی کی بوتل تھی۔ وہ جیسے ہی بوتل کھولنے لگی میں نے فوراً منع کردیا اور سادہ پانی مانگ کرپی لیا۔پھر ہم باتوں میں مصروف ہوگئے یکایک میرب کہنے لگی، آج میں نے کھانا نہیں پکایا ایسا کرتی ہوں" کے ایف سی "سے برگر منگا لیتی ہوں ۔میں نے حیرت سے پوچھا " کیا تمہیں معلوم نہیں فلسطین میں یہودی ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ کیا سلوک کر رہے ہیں اور تم ان کی پیپسی پی رہی ہو اور کے ایف سی کے برگر کھا رہی ہو"؟.
" ارے ایک ہمارے نہ کھانے سے کیا فرق پڑے گا باقی سب تو کھا رہے ہیں اور آج کل یہ لوگ کافی رعایت دے رہے ہیں ".میرب نے اطمینان سے کہا ۔مجھے بہت غصّہ آیا مگر دماغ نے سگنل دیا کہ جوش سے نہیں ہوش سے کام لو ۔میں نے پیار سے میرب کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لے کر ہولے سے دبایا" میرب جیسے ہم اپنے بچوں سے پیار کرتے ہیں اور ان کا خیال رکھتے ہیں ،ان کی ذرا سی تکلیف پر تڑپ اٹھتے ہیں ،ایسے ہی فلسطین کے بچے بھی ہمارے بچے ہیں ہمیں ان کے دکھ اور تکلیف کا احساس کیوں نہیں ہو رہا۔ تم نےجو کہا کہ ایک ہمارے بائیکاٹ کرنے سے کیا ہوگا ۔تو میری پیاری دوست قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے، ہمیں خود بھی اسرائیل کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہے اور دوسروں کو بھی اس کی طرف متوجہ کرانا ہے۔
"مگر ہمارے ملک میں اتنی معیاری اشیاء کہاں ملتی ہیں جو باہر کی اشیاء کا مقابلہ کرسکیں "۔میرب بولی
" میں تمہیں میسیج بھیج رہی ہوں جس میں بائیکاٹ والی پروڈکٹس اور ان کے متبادل پاکستانی پروڈکٹس کے نام لکھے ہوئے ہیں اور ایک مزے کی بات بتاؤں کراچی ایکسپو سینٹر میں " میرا برانڈ پاکستان" کے نام سے ایک نمائش ہوئی ہے جس میں دو سو سے زیادہ اسٹال تھے،ان اسٹالز پر ضرورت کی اشیاء مناسب قیمت پر فروخت کی گئیں ۔یہ دیکھو میں نے اس کا کوپن بھی خرید تھا ۔ایک فیملی کوپن صرف تین سو روپے کا تھا اور اس میں بچوں کے لیے جھولے فری تھے اور کچھ چیزیں رعایت سے بھی ملیں ۔ دیکھو اس نمائش کا مقصد یہ تھا کہ اس سے پاکستان کی مصنوعات کا فروغ ہواور اس سے جو آمدنی حاصل ہو ئی وہ اپنے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے خرچ کی جا رہی ہے میرب یہ جان کر بہت خوش ہوئی ، پھرہم دونوں پکوڑے اور چائے بنانے باورچی خانے کی طرف بڑھ گئے۔



































