
جویریہ ریاض
وقت تو جیسےپرلگاکراُڑ گیا ۔دس سال کا عرصہ یوں گزرجائے گاکبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ جب وہ مشکل دور سےگزر رہی تھی تو ایک ایک دن کو
گزارا تھا۔ دن نہیں گزرتا تھا۔ آج اس مقام پر کھڑے عہد رفتہ کی یادیں اُسے یوں گھیرے میں لیے تھیں کہ جیسے گل کو مگس ہونٹوں پر ایک دبیز مسکراہٹ لیے وہ زیر لب مسکرائی۔
شاید ماضی کا کوئی قصہ ایک شبنم کی پھوہاربن کراس پر برسا ہوگاجس نےسارے وجود کو تروتازہ کردیا۔ ساری تکلیفیں جھیل کےاورجن کٹھن راستوں سے گزر کر وہ آج جس مقام پہ کھڑی تھی ،وہاں سب پُر سکون تھا۔ بلا شبہ انسان ایسی مٹی سے ہی گوندھا گیا ہے کہ مصیبت اور ضرورت پڑنے پر وہ اپنی بقا کے لیے جنگ لڑتا ہے اور بالاخر جیت اسی کی ہوتی ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں۔ آج اپنی زندگی کی خوشی کو منانے کے لیے اس نے پھر اپنی پسندیدہ جگہ پرانے قلعے کا انتخاب کیا جس کی بوسیدہ بالکونی پر کھڑے ہو کر غروب آفتاب کا منظر دیکھنا ہمیشہ سے اسے پسند تھا۔
آج خود کو وہ فاتح یا یوں کہہ لیں فوج کا سپہ سالارجیسا محسوس کررہی تھی جوجنگ جیتنےکےبعد اونچے ٹیلےپر کھڑےہوکر اپنی ساری منصوبہ بندی کا موازنہ کرتا ہے جس کی بدولت اسے یہ فتح نصیب ہوئی۔ ماضی کا ایک ایک منظر کسی فلم کی رِیل کی طرح اس کی نظروں سے گزر رہا تھا، جس پر وہ کبھی ایک گہری سرد آہ بھرتی اور کبھی کبھی مسکرا دیتی۔ اسے آج یہاں آ کر بہت اچھا لگ رہا تھا۔ غروب شمس کا منظر ہمیشہ کی طرح ویسا ہی افسردہ، سرخ اور نارنجی تھا۔ آج کامیابیوں سے اس کا مقدر روشن تھا۔
اب چاہنے والوں کا ایک ہجوم اس کے ارد گرد تھا۔ گرم شال کا پلو ٹھیک کرتے ہوئے اس نے کہنیوں کا سہارا لے کر بازو جنگلے پر ٹکا دیےاور ہاتھوں کے کٹورے میں اپنی ٹھوڑی ٹکا کر وہ دل فریبی سے ڈھلتے سورج کا منظر دیکھنے لگی۔ اچانک فون کی میسج بیپ سن کر وہ چونکی۔ ایک نامانوس سا نمبر اس کی موبائل اسکرین پر جلوہ افروز ہوا۔



































